۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 7
اور اللہ نے تمہارے لئے تم میں سے (یعنی تمہارے[1] ہی جیسے جذبات رکھنے والی) بیویاں بنائی ہیں اور (نیز) اس نے تمہاری بیویوں سے تمہارے لئے بیٹے اور پوتے پیدا کیے ہیں اور اس نے تمہیں تمام (قسم کی) پاکیزہ چیزوں سے رزق بخشا ہے۔ کیا پھر (بھی) ایک ہلاک ہونے والی چیز پر (تو) وہ ایمان رکھیں گے اور اللہ کی نعمتوں کا وہ انکار کر دیں گے۔
[1] قرآن کریم میں ہے مِنْ اَنْفُسِکُمْ اور اقرب الموارد اور شرح مِائَۃُ عَامِل میں لکھا ہے کہ مِنْ کے معنے بعض کے بھی ہوتے ہیں۔ اس کی رو سے اس آیت کے یہ معنے بنیں گے کہ تمہاری بیویاں ان ماں باپ کی بیٹیاں ہیں جو تمہاری طرح کے ہیں۔ اس لئے ان کے جذبات بھی وہی ہیں جو تمہارے ہیں۔
اور وہ اللہ کو چھوڑ کر ایسی ہستیوں کی پرستش کرتے ہیں جو آسمانوں اور زمین سے ان کو کچھ بھی دینے کا کوئی اختیار نہیں رکھتیں۔ اور نہ رکھ سکتی ہیں۔
پس (اس مشرکو! تم) اللہ کے متعلق (اپنے پاس سے) باتیں مت بناؤ۔ اللہ یقیناً (سب کچھ) جانتا ہے اور تم (کچھ بھی) نہیں جانتے۔
اللہ (تمہارے سمجھانے کے لئے) ایک ایسے بندے کی حالت بیان کرتا ہے جو غلام ہو (اور) جو کسی بات کی (بھی) طاقت نہ رکھتا ہو اور (اس کے مقابلہ میں اس بندے کی حالت بھی) جسے ہم [2]نے اپنے پاس سے اچھا رزق دیا ہو اور وہ اس میں سے پوشیدہ طور پر (بھی) اور اعلانیہ طور پر (بھی ہماری راہ میں) خرچ کرتا ہو۔ کیا وہ دونوں (قسم کے لوگ) برابر ہو سکتے ہیں (ہرگز نہیں) ہر تعریف کا اللہ ہی مستحق ہے لیکن ان میں سے اکثر (لوگ) جانتے نہیں۔
[2] یعنی خداتعالیٰ نے۔
اور اللہ دو اور شخصوں کی حالت (بھی) بیان کرتا ہے جن میں سے ایک (تو) گونگا ہو جو کسی بات کی طاقت نہ رکھتا ہو اور وہ اپنے مالک پر بے فائدہ بوجھ ہو جدھر بھی (اس کا آقا) اسے بھیجے (وہ) کوئی بھلائی (کماکر) نہ لائے (پس) کیا وہ (شخص) اور وہ (دوسرا) شخص جو انصاف کرنے کا حکم دیتا ہو اور وہ (خود بھی) سیدھی راہ پر (قائم) ہو باہم برابر ہو سکتے ہیں؟
اور آسمانوں اور زمین کے غیب کا علم اللہ ہی کو (حاصل) ہے اور اس (موعودہ) گھڑی (کی آمد) کا معاملہ تو ایسا ہی ہے جیسے آنکھ کا جھپکنا۔ بلکہ وہ (اس سے بھی) قریب تر (وقت میں واقع ہو جانے والا ہے) اللہ یقیناً ہر بات پر پورا (پورا) قادر ہے۔
اور اللہ نے تمہیں تمہاری ماؤں کے پیٹوں سے اس حالت میں پیدا کیا ہے کہ تم کچھ بھی نہیں جانتے تھے اور اس نے تمہارے لئے کان اور آنکھیں اور دل پیدا کیے ہیں تا کہ تم شکر ادا کرو۔
کیا انہوں نے پرندوں کو جو آسمان کی فضا کے اندر مسخر کیے گئے ہیں (غور کی نظر سے) نہیں دیکھا۔ انہوں (تم پر آگرنے اور نوچ کھانے سے) اللہ کے سوا (اور) کوئی نہیں روک رہا۔ جو لوگ ایمان رکھتے ہیں ان کے لئے اس میں یقیناً کئی نشان (پائے جاتے) ہیں۔
اور اللہ نے تمہارے گھروں کو تمہاری رہائش کا ذریعہ بنایا ہے اور اس نے چارپایوں کے چمڑوں سے (بھی) تمہارے لئے گھر بنائے ہیں۔ جنہیں تم سفر کے وقت ہلکا (پھلکا) پاتے ہو اور (نیز) اپنے قیام کے وقت (اُن سے فائدہ اٹھاتے ہو) اور ان (جانوروں) کی باریک اُونوں اور (نیز) اُن کی موٹی اُونوں اور ان کے بالوں کو بھی مستقل سامان اور ایک وقت تک (کے لئے) عارضی سامان (بنانے کا ذریعہ بنایا ہے)۔
اور اللہ نے جو کچھ پیدا کیا ہے اُس میں اُس نے تمہارے لئے کئی سایہ دینے والی چیزیں بنائی ہیں (جن کے نیچے تم آرام پاتے ہو) اور پہاڑوں میں (بھی) تمہارے لئے پناہ کی جگہیں بنائی ہیں اور نیز اس نے تمہارے لئے کئی قسم کے قمیصیں بنائی ہیں جو تمہیں گرمی[1] سے بچاتی ہیں اور بعض قمیصیں (یعنی زرہیں) ایسی ہیں جو تمہیں تمہاری (آپس کی) جنگ (کی سختی) سے بچاتی ہیں۔ اسی طرح وہ تم پر اپنے (روحانی) انعام کو (بھی) پورا کرتا ہے تا کہ تم (اس کے) کامل فرمانبردار بنو۔
[1] یہاں صرف گرمی کا ذکر ہے مگر عربی کا محاورہ ہے کہ ایسے موقعہ پر جب مناسب ہو ضد کو حذف سمجھ لیتے ہیں (بحر محیط جلد۵ ص۵۲۴) پس عربی قاعدہ کے مطابق آیت کے یہ معنے ہوں گے کہ اس نے وہ کپڑے بھی بنائے ہیں جو گرمی سے بچاتے ہیں اور وہ بھی جو سردی سے بچاتے ہیں۔
پس اگر وہ (اب بھی) پھر جائیں تو (اس کی وجہ سے اے نبی! تجھ پر الزام نہیں آئے گا کیونکہ) تیرے ذمہ صرف کھول کر پہنچا دینا ہے۔
وہ اللہ کے (اس) انعام کو (بخوبی) پہچانتے ہیں مگر پھر (بھی) اُس کا انکار کر رہے ہیں اور ان میں سے اکثر تو پکے کافر ہیں۔