۱۶۔ سورۃ النحل
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور (اس دن کو بھی یاد کرو) جس دن ہم ہر ایک قوم میں ایک گواہ کھڑا کریں گے۔ پھر (اس وقت) ان لوگوں کو جنہوں نے کفر (کا طریق) اختیار کیا ہے (عذر خواہی یا تلافی کی) اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ (ہی) ان کا کوئی عذر قبول کیا جائے گا۔
اور جن لوگوں نے ظلم (کا طریق اختیار) کیا ہے وہ جب اس (موعود) عذاب کو دیکھیں گے تو (اس وقت) نہ (تو) وہ (عذاب) ان پر سے ہلکا کیا جائے گا اور نہ (ہی) انہیں مہلت دی جائے گی۔
اور جن لوگوں نے (اللہ) کے شریک بنائے ہیں جب وہ اپنے (بنائے ہوئے[1]) شریکوں کو دیکھیں گے تو کہیں گے (کہ) اے ہمارے رب! یہ ہمارے (بنائے ہوئے) شریک ہیں جنہیں ہم تجھے چھوڑ کر پکارا کرتے تھے جس پر وہ (مزعومہ شریک جلدی سے) انہیں کہیں گے (کہ) تم یقیناً جھوٹے ہو۔
[1] قرآن کریم میں صرف شُرَکَآءَ ھُمْ کہا گیا ہے لیکن چونکہ قرآن کریم نے ہی بتایا ہے کہ خداتعالیٰ کا کوئی شریک نہیں۔ اس لئے ہم نے ’’بنائے ہوئے‘‘ کے الفاظ بڑھا دئے ہیں۔ جو قرآن کریم کے مفہوم کے مطابق ہیں۔
اور اس دن وہ (ظالم جلدی سے) اللہ کے حضور (اپنی) اطاعت کا اظہار کریں گے اور وہ (سب کچھ) جسے وہ اپنے پاس سے گھڑا کرتے تھے، ان (کے ذہنوں) سے غائب ہو جائے گا۔
جن لوگوں نے (خود بھی) کفر (کا طریق) اختیار کیا ہے اور (دوسروں کو بھی) اللہ کی راہ سے روکا ہے ان کو ہم اس عذاب سے بڑھ کر ایک اور عذاب دیں گے کیونکہ وہ (ہمیشہ) فساد (کے کام) کرتے تھے۔
اور (اس دن کو بھی یاد کرو) جس دن ہم ہر قوم کے اندر ان کے خلاف خود انہی میں سے ایک گواہ کھڑا کریں گے اور (اے رسول)! تجھے ہم ان (سب) کے خلاف گواہ بنا کر لائیں گے اور ہم نے یہ کتاب تجھ پر ہر ایک بات کو کھول کر بیان کرنے کے لئے اور (تمام لوگوں کی) راہنمائی کے لئے اور (ان پر) رحمت کرنے اور کامل فرمانبرداری اختیار کرنے والوں کو بشارت دینے کے لئے اتاری ہے۔
اللہ یقیناً عدل کا اور احسان کا اور (غیر رشتہ داروں کو بھی) قرابت والے (شخص) کی طرح (جاننے اور اسی طرح مدد) دینے کا حکم دیتا ہے اور (ہرقسم کی) بے حیائی اور ناپسندیدہ باتوں اور بغاوت سے روکتا ہے وہ تمہیں نصیحت کرتا ہے تا کہ تم سمجھ جاؤ۔
اور (چاہیے کہ) اللہ کے (ساتھ کئے ہوئے اپنے) عہد کو جب تم نے (اس سے کوئی) عہد کیا ہو پورا کرو اور قسموں کو انہیں پختہ کرنے کے بعد جبکہ تم نے اللہ کو (اس کی قسم کھا کر) اپنا ضامن بنا لیا ہے مت توڑو۔ جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے یقیناً جانتا ہے۔
اور اس عورت کی طرح مت بنو جس نے اپنے کاتے ہوئے سوت کو اس کے مضبوط ہو جانے کے بعد کاٹ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیا تھا اسی طرح کہ تم اپنی قسموں کو فریب کے ذریعہ آپس میں رسوخ بڑھانے کا ذریعہ بنالو۔ اس خوف سے کہ کوئی قوم کسی دوسری قوم کے مقابلہ میں زیادہ طاقت ور نہ ہو جائے اللہ تو صرف اس وقت تم کو ان (احکام) کے ذریعہ سے آزما رہا ہے اور قیامت کے دن تم پر ان امور کی ساری حقیقت ضرور کھول دے[1] گا جن میں تم اختلاف رکھتے تھے۔
[1] یعنی حق و باطل کا فرق تم پر کھل جائے گا۔
اگر اللہ اپنی (ہی) مشیت نافذ کرتا تو وہ تم (سب) کو ایک ہی جماعت بناتا۔ لیکن (وہ ایسا نہیں کرتا بلکہ) جو شخص (گمراہی کو) چاہتا ہے اسے وہ گمراہ کرتا ہے اور جو (ہدایت کو) چاہتا ہے اسے ہدایت دیتا ہے اور جو کچھ تم کیا کرتے ہو اس کے متعلق (قیامت کے دن) تم سے پوچھا جائے گا۔
اور تم اپنی قسموں کو آپس میں فریب کرنے کا ذریعہ مت بناؤ ورنہ (تمہارا) قدم بعد اس کے کہ وہ (خوب مضبوطی سے) جم چکا ہو (پھر) پھسل جائے گا اور تم برا انجام دیکھو گے۔ کیونکہ تم نے (اس طرح سے اور لوگوں کو بھی) اللہ کی راہ سے روکا۔ اور تم پر بڑا عذاب (نازل) ہوگا۔
اور تم اللہ کے (ساتھ کیے ہوئے) عہد کے بدلہ میں حقیر (اور تھوڑی سی) قیمت (رکھنے والی چیز) مت لو۔ اگر تم عقل رکھتے ہو تو سمجھ لو کہ جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ تمہارے لئے یقیناً (اس سے بدرجہا) بہتر ہے۔