۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور رحم کے جذبہ کے ماتحت ان کے سامنے عاجزانہ رویہ اختیار کر اور (ان کے لئے دعا کرتے وقت) کہا کر (کہ اے) میرے رب! ان پر مہربانی فرما کیونکہ انہوں نے بچپن کی حالت میں میری پرورش کی تھی۔
تمہارا رب جو کچھ (بھی) تمہارے دلوں میں ہو اسے (سب سے) بہتر جانتا ہے (اور) اگر تم نیک ہوگے تو (یاد رکھو کہ) وہ باربار رجوع کرنے والوں کو بہت ہی بخشنے والا ہے۔
اور قرابت والے (رشتہ دار) کو اور مسکین کو اور مسافر کو اس کا حق دو اور اسراف کسی رنگ میں (بھی) نہ کرو۔
اسراف کرنے والے لوگ یقیناً شیطانوں کے بھائی ہوتے ہیں اور شیطان اپنے رب کا بہت ہی ناشکر گذار ہے۔
اور اپنے رب کی کسی عظیم الشان رحمت کے حصول کے لئے جس کی تجھے امید لگی ہوئی ہو اگر تو ان (رشتہ داروں) سے اعراض کرے[1] (تو اس صورت میں اعراض جائز ہے مگر) تب بھی ان سے تلطف والے طریق پر بات کر۔
[1] یعنی تیرا اعراض اپنے رشتہ داروں سے بخل کی وجہ سے نہ ہو بلکہ اس لئے ہو کہ میں خداتعالیٰ سے کشائش مانگ رہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ وہ مجھے حاصل ہو جائے گی اس وقت تک میں مجبوراً بادل ناخواستہ ان سے اعراض کرتا ہوں۔
اور تو نہ (تو بخل سے) اپنے ہاتھ کو باندھ کر اپنی گردن میں ڈال لے اور نہ (اسراف میں پڑ کر) اسے بالکل کھول دے ورنہ (یاتو) تو ملامت کا نشانہ بن کر یا تھکان کے اثر سے بیٹھ جائے گا۔
تیرا رب جس کے لئے چاہتا ہے رزق کو وسیع کر دیتا ہے اور (جس کے لئے چاہتا ہے) تنگ کرتا ہے۔ وہ یقیناً اپنے بندوں (کے حالات) کو جاننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔
اور تم مفلسی کے خوف سے اپنی اولاد کو قتل مت کرو انہیں (بھی) ہم ہی رزق دیتے ہیں اور تمہیں بھی (ہم ہی دیتے ہیں) انہیں قتل کرنا یقیناً (بہت) بڑی خطا ہے۔
اور زنا کے قریب (بھی) نہ جاؤ، وہ یقیناً ایک کھلی بے حیائی اور بہت برا راستہ ہے۔
اور جس جان کو (مارنا) اللہ نے حرام ٹھہرایا ہے اسے (شرعی) حق کے سوا قتل نہ کرو۔ اور جو شخص مظلوم مارا جائے اس کے وارث کو ہم نے (قصاص) کا اختیار دیا ہے پس (اس کے لئے یہ ہدایت ہے کہ) وہ (قاتل کو) قتل کرنے میں (ہماری مقرر کردہ) حد سے آگے نہ بڑھے (اگر وہ حد کے اندر رہے گا) تو یقیناً (ہماری) مدد اس کے شامل حال ہوگی۔
اور تم اس طریق کے سوا جو (یتیم کے حق میں) زیادہ اچھا ہو (کسی اور طرح) یتیم کے مال کے پاس نہ پھٹکو۔ یہاں تک کہ وہ اپنی مضبوطی کی عمر کو پہنچ جائے اور (اپنے) عہد کو پورا کرو۔ (کیونکہ) ہر عہد کی نسبت یقیناً (ایک نہ ایک دن) جواب طلبی ہوگی۔
اور جب تم (کسی کو کچھ) ماپ کر دینے لگو تو ماپ پورا دیا کرو اور (جب تول کر دو تو بھی) سیدھے ترازو کے ساتھ تول کر دیا کرو۔ یہ بات سب سے بہتر اور انجام کے لحاظ سے سب سے اچھی ہے۔