۱۷۔ سورۃ الإسراء

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور (اے مخاطب) جس بات کا تجھے علم نہ ہو اس کی اتباع نہ کیا کر (کیونکہ) کان اور آنکھ اور دل ان سب کے متعلق (تجھ سے) پوچھا جائے گا۔

اور زمین پر اکڑ کر مت چل، کیونکہ نہ تو تو اس طرح ملک کی انتہا [1]کو پہنچ سکتا ہے، اور نہ تو (اس طرح قوم کے) سرداروں[2] کے بلند درجہ کو پا سکتا ہے۔

[1] قرآن مجید میں تَخْرِقَ ہے اور تَخْرِقَ کے معنے پھاڑنے کے بھی ہیں اور ملک کے آخر تک پہنچ جانے کے بھی ہیں (دیکھیئے اقرب)

[2] قرآن مجید میں جِبَال کا لفظ ہے۔ ہم نے اس کا ترجمہ ’’سردار‘‘ کیا ہے کیونکہ یہ بھی لغت سے ثابت ہے (دیکھیئے اقرب) مطلب آیت کا یہ ہے کہ محض اکڑ کر چلنے سے نہ تو انسان ملک کے لوگوں کی گرفت سے آزاد ہو سکتا ہے اور نہ بڑا عالم بن جاتا ہے اور نہ سردار قوم۔

ان (حکموں) میں سے ہر ایک (فعل) کی بری صورت تیرے رب کے نزدیک ناپسندیدہ ہے۔

یہ (شاندار تعلیم) اس (علم اور) حکمت کا (ایک حصہ) ہے جو تیرے رب نے وحی کے ذریعہ سے تیری طرف بھیجی ہے اور تو اللہ کے ساتھ کوئی اور معبود مت بنا، ورنہ تو ملامت کا نشانہ بن کر (اور) دھتکارا جا کر دوزخ میں ڈال دیا جائے گا۔

کیا تمہارے رب نے تم کو لڑکوں (کی نعمت) سے مخصوص کر دیا ہے اور (خود) اس نے بعض فرشتوں کو (اپنی) لڑکیاں بنا لیا ہے۔ یقیناً تم (یہ) بڑی (خطرناک) بات کہتے ہو۔

اور ہم نے اس قرآن میں (ہر ایک بات کو) اس لئے بار بار بیان کیا ہے کہ وہ (اس سے) نصیحت حاصل کریں لیکن (باوجود اس کے) وہ (قرآن) انہیں (عجب اور) نفرت ہی میں بڑھا رہا ہے۔

تو کہہ (کہ) اگر ان کے قول کے مطابق اس (اللہ) کے ساتھ (کوئی) اور معبود (بھی) ہوتے تو اس صورت میں وہ (مشرکین ان معبودوں کی مدد سے) عرش والے (خدا) تک (پہنچنے کا) کوئی راستہ[1] ضرور ڈھونڈ لیتے۔

[1] یعنی وہ تو کہتے ہیں کہ ہم شرک اس لئے کرتے ہیں کہ خداتعالیٰ کا قرب حاصل ہو جائے (الزمر: ۴) اگر یہ بات درست ہے تو کیوں ان کو خداتعالیٰ کا قرب حاصل نہیں ہوتا؟

وہ ان (مشرکین) کی شرک کی باتوں سے پاک اور بہت ہی بالا ہے۔

ساتوں آسمان اور زمین اور جو ان میں (بسنے والے) ہیں اس کی تسبیح کرتے ہیں اور (دنیا کی) ہر چیز اس کی تعریف کرتی ہوئی (اس کی) تسبیح کرتی ہے لیکن تم ان (اشیائ) کی تسبیح کو نہیں سمجھتے۔ وہ یقیناً پردہ پوشی کرنے والا (اور) بہت (ہی) بخشنے والا ہے۔

اور جب تو قرآن کو پڑھتا ہے تو (اس وقت) ہم تیرے درمیان اور ان لوگوں کے درمیان جو آخرت پر ایمان نہیں رکھتے ایک مخفی (اور عام نظروں سے پوشیدہ) پردہ پیدا کر دیتے ہیں۔

اور ہم ان کے دلوں پر کئی پردے ڈال دیتے ہیں تا کہ وہ اس (سچائی) کو سمجھ نہ [1]سکیں اور ان کے کانوں میں بہرا پن (پیدا کر دیا) ہے اور جب تو قرآن میں اپنے رب کو جو ایک ہی ہے یاد کرتا ہے تو وہ نفرت سے اپنی پیٹھیں پھیر کر چل پڑتے ہیں۔

[1] یعنی چونکہ ان کے دل گندے ہیں ہم اسلام قبول کرنے سے ان کو روکتے ہیں تا ان کی بداعمالی کی وجہ سے اسلام بدنام ’’نہ‘‘ ہو۔ نہ کا حرف ہم نے اس لئے بڑھایا ہے کہ عربی کے قاعدہ کے مطابق حسب موقع اَنْ کے بعد لَا یعنی نہ کا حرف محذوف سمجھ لیا جاتا ہے۔

(اور) جب وہ (بظاہر) تیری باتیں سن رہے ہوتے ہیں تو جس غرض کے ماتحت وہ تیری باتیں سن رہے ہوتے ہیں ہم اس کی حقیقت کو خوب جانتے ہیں اور (نیز) جب وہ باہم سرگوشی کر رہے ہوتے ہیں (اس کا بھی ہمیں علم ہوتا ہے اور) جب وہ ظالم (ایک دوسرے سے) کہہ رہے ہوتے ہیں (کہ) تم ایک فریب خوردہ شخص ہی کی پیروی کر رہے ہو (تو اس وقت بھی ہم سن رہے ہوتے ہیں)

·

آج 10 میں سے 10 باقی