۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر, حصہ 5
دیکھ انہوں نے تیرے متعلق کس طرح باتیں بنائی ہیں جس کے نتیجہ میں وہ گمراہ ہو گئے ہیں اور (اب) وہ (ہدایت کے حاصل کرنے کے لئے) کوئی راہ نہیں پا سکتے۔
اور انہوں نے (یہ بھی) کہا ہے (کیا) جب ہم (مرکر) ہڈیاں ہو جائیں گے اور کچھ عرصہ کے بعد گل کر ہڈیوں کا (بھی) چورا بن جائیں گے (تو ہمیں از سر نو زندہ کیا جائے گا اور) کیا واقعی ہمیں ایک نئی مخلوق کی صورت میں اٹھایا جائے گا؟
تو (انہیں) کہہ (کہ) تم (خواہ) پتھر بن جاؤ یا لوہا۔
یا کوئی اور ایسی مخلوق جو تمہارے دلوں میں ان سے بھی سخت نظر آتی ہو (تب بھی تم کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا) (یہ سن کر) وہ ضرور کہیں گے (کہ) کون ہمیں دوبارہ (زندہ کرکے وجود میں) لائے گا۔ تو (انہیں) کہہ (کہ) وہی (خدا) جس نے تمہیں پہلی بار پیدا کیا تھا۔ اس پر وہ لازماً تعجب سے تمہاری طرف (دیکھتے ہوئے) سر ہلائیں گے اور کہیں گے (کہ) یہ (زندہ کیے جانے کا معاملہ) کب ہوگا؟ (جب وہ ایسا کہیں تو) تو (ان سے) کہہ (کہ) بالکل ممکن ہے کہ وہ (وقت اب) قریب [1](آچکا) ہو۔
[1] اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ آیت دنیوی تباہی اور اس کے بعد کی زندگی کے متعلق ہے۔ کیونکہ اُخروی زندگی کے متعلق تو کفار سمجھ نہیں سکتے تھے کہ اس کا وقت قریب آگیا ہے۔ نہ ابھی ہڈیاں ہو کر چُورا ہونے کا وقت آیا تھا۔ پس اس جگہ مراد اسی دنیا کی سیاسی یا قومی موت اور پھر دوبارہ احیا ہے۔
(یہ وعدہ[2] اس دن پورا ہوگا) جس دن وہ تمہیں بلائے گا تو تم اس کی تعریف کرتے ہوئے اس کا حکم مانو گے (اور فوراً حاضر ہو جاؤ گے) اور تم سمجھ رہے ہوگے کہ تم (دنیا میں) تھوڑا ہی ٹھہرے تھے۔
[2] اس میں درحقیقت عرب کے اسلام لاکر زندہ ہونے اور ترقی پانے کا ذکر ہے۔
اور تو میرے بندوں سے کہہ (کہ) وہی بات کہا کریں جو (سب سے) زیادہ اچھی ہو (کیونکہ) شیطان یقیناً ان کے درمیان فساد ڈالتا رہتا ہے۔ شیطان انسان کا کھلا (کھلا) دشمن ہے۔
تمہارا رب تمہیں (سب سے) زیادہ جانتا ہے اگر وہ چاہے گا تو تم پر رحم کرے گا اور اگر وہ چاہے گا تو تمہیں عذاب دے گا اور (اے رسول)! ہم نے تجھے ان کا ذمہ وار بنا کر نہیں بھیجا۔
اور جو (وجود بھی) آسمانوں اور زمین میں (بسنے والے) ہیں انہیں تمہارا رب (سب سے) زیادہ جانتا ہے اور ہم نے یقیناً انبیاء میں سے بعض کو بعض (دوسرے انبیائ) پر فضیلت دی ہے اور داؤد کو (بھی) ہم نے زبور[1] دی تھی۔
[1] بعض لوگ زبور کو ایک شریعت سمجھتے ہیں مگر زبور کے معنے ٹکڑے کے بھی ہیں۔ پس زبور سے مراد چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کچھ نصائح بیان کرنے کے ہیں اور زبور کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایسی ہی کتاب ہے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) جن لوگوں کے متعلق تمہارا دعویٰ ہے کہ وہ اس کے سوا الوہیت رکھتے ہیں انہیں (اپنی مدد کے لئے) پکارو (تو تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ) نہ وہ (تمہاری کسی) تکلیف کو تم سے دور کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور نہ (تمہاری حالت میں) کوئی تبدیلی پیدا کرنے کی (طاقت رکھتے ہیں)۔
وہ لوگ جنہیں[2]وہ پکارتے ہیں وہ بھی اپنے رب کے قرب کے لئے کوئی ذریعہ تلاش کرتے ہیں (یعنی یہ دیکھتے رہتے ہیں) کہ کون خدا کے زیادہ قریب ہے (تا کہ ہم اس کی مدد حاصل کریں) اور وہ ہمیشہ اس کی رحمت کے امیدوار رہتے ہیں اور اس کے عذاب سے ڈرتے رہتے ہیں۔ تیرے رب کا عذاب یقیناً ایسا ہے جس سے خوف کیا جاتا ہے۔
[2] معلوم ہوتا ہے اس جگہ معبود انِ باطلہ سے مراد وہ نبی یا فرشتے ہیں جن کو مشرک خداتعالیٰ کا شریک قرار دیتے تھے ورنہ بتوں پر یا ادنیٰ لوگوں پر یہ آیت کسی طرح چسپاں نہیں ہو سکتی۔
اور (روئے[3] زمین پر) کوئی ایسی بستی نہیں (ہوگی) جسے ہم قیامت کے دن سے پہلے ہلاک نہ کر دیں یا اسے بہت سخت عذاب نہ دیں۔ یہ بات تقدیر (الٰہی) میں (پہلے سے) لکھی ہوئی ہے۔
[3] اس جگہ یہ پیشگوئی ہے کہ آخری زمانہ میں سب دنیا پر عذاب آئے گا اور بقول مسیح علیہ السلام کے قومیں قوموں پر چڑھیں گی اور بقول قرآنِ کریم یَوْمَ تَرْجُفُ الرَّاجِفَۃُ تَتْبَعُھَا الرَّادِفَۃُ (سورۃ نازعات آیت۷و۸) مصیبت پر مصیبت آئے گی اور اس طرح متواتر آئے گی کہ انسان حیران ہو جائے گا۔
کیا ہمیں نشانات کے بھیجنے میں اس کے سوا اور کوئی (امر) مانع ہو سکتا ہے کہ پہلے لوگوں نے (ان نشانات کو) جھٹلا دیا تھا (اور ان سے کوئی فائدہ نہ اٹھایا تھا لیکن یہ کوئی وجہ نشان بھیجنے سے رکنے کی نہیں) چنانچہ (جب) ہم نے ثمود (کی قوم) کو ایک اونٹنی ایک روشن نشان کے طور پر دی تو انہوں نے اس پر ظلم کیا اور ہم نشانوں کو (بدانجام سے) ڈرانے کے لئے ہی بھیجا کرتے ہیں۔