۱۷۔ سورۃ الإسراء

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور جب ہم نے تجھے کہا تھا (کہ) تمہارا رب ضرور ان لوگوں کو ہلاک (کرنے کا فیصلہ) کر چکا ہے (تب بھی انہوں نے فائدہ نہیں اٹھایا) اور جو رؤیا ہم نے تجھے دکھائی تھی اسے (بھی) اور اس [1]درخت کو (بھی)[2] جسے قرآن میں ملعون قرار دیا گیا ہے ہم نے لوگوں کے لئے صرف امتحان کا ذریعہ بنایا تھا اور (باوجود اس کے کہ) ہم انہیں ڈراتے (چلے جاتے) ہیں پھر (بھی) وہ (یعنی ہمارا ڈرانا) انہیں ایک خطرناک سرکشی میں بڑھا رہا ہے۔

[1] شجرۃ سے مراد خاندان اور قوم بھی ہوتی ہے۔ چنانچہ خاندان کے سلسلہ کو شجرۂ نسب کہتے ہیں۔ اقرب نے بھی شجرہ کے ایک معنے شجرۂ نسب یعنی خاندان کے سلسلہ کے کیے ہیں نہ صرف درخت کے۔ چونکہ قرآن کریم میں یہود کی قوم پر لعنت کی گئی ہے۔ اس لئے یہاں انہیں کا ذکر ہے۔

[2] اس جگہ رؤیا اور ایک شجرۂ ملعونہ کا اکٹھا ذکر کیا گیا ہے اس سے مضمون واضح ہو جاتا ہے کیونکہ رؤیا اسی سورۃ میں اسراء کے واقعہ میں بیان کی گئی ہے اور اسراء وہ کشفی سفر تھا جو فلسطین کی طرف ہوا جو یہود کا مقام تھا اور شجرۂ ملعونہ سے بھی یہود مراد ہیں۔ پس دونوں کے اکٹھا ذکر کرنے سے ایک واقعہ نے دوسرے کی تفسیر کر دی ہے۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے فرشتوں کو کہا تھا (کہ) تم آدم کے ساتھ (مل) کر سجدہ کرو تو انہوں نے (اس حکم کے مطابق آدم کے ساتھ مل کر) سجدہ کیا تھا۔ مگر ابلیس نے (نہ کیا تھا) اس نے کہا تھا (کہ) کیا میں اس (بشر) کے ساتھ (مل کر) سجدہ کروں جسے تو نے کیچڑ سے پیدا کیا ہے۔

(نیز) اس نے کہا (کہ اے اللہ! تو ہی مجھے) بتا کہ کیا یہ (میرا مطاع ہو سکتا) ہے جسے تو نے مجھ پر شرف دے دیا ہے اگر تو نے مجھے قیامت کے دن تک مہلت دی تو (مجھے تیری ہی ذات کی قسم ہے کہ) میں اس کی (تمام) اولاد کو قابو میں کرلوں گا۔ سوائے تھوڑے سے لوگوں کے (جنہیں تو بچالے)۔

(اللہ نے) فرمایا، چل (دُور ہو) کیونکہ تیری بھی اور ان میں سے جو تیری پیروی کریں، (ان کی بھی) سزا جہنم ہے (اور یہ) پورا پورا بدلہ (ہے)

اور (ہم نے کہا جا) ان میں سے جس پر تیرا بس چلے اسے اپنی آواز سے فریب دے کر (اپنی طرف) بلا اور اپنے سواروں اور پیادوں کو ان پر چڑھالا۔ اور (ان کے) مالوں اور اولادوں میں ان کا حصہ دار بن اور ان سے (جھوٹے) وعدے کر (اور پھر اپنی کوششوں کا نتیجہ دیکھ) اور شیطان جو وعدے بھی کرتا ہے فریب کی نیت ہی سے کرتا ہے۔

جو میرے بندے ہیں، ان پر ہرگز تیرا تسلط نہیں (ہوسکتا) اور (اے میرے بندے)! تیرا رب کارسازی میں (تیرے لئے) کافی ہے۔

(اور اے میرے بندو)! تمہارا رب (تو) وہ ہے جو تمہارے لئے کشتیوں کو سمندر میں چلاتا ہے تا کہ تم اس کے فضل کو ڈھونڈو۔ وہ یقیناً تم پر باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور جب سمندر میں (طغیانی پیدا ہونے کی وجہ سے) تمہیں تکلیف پہنچے تو اس کے سوا (دوسرے وجود) جن کو تم پکارتے ہو (تمہارے ذہنوں سے) غائب ہو جاتے ہیں۔ پھر جب وہ تمہیں بچا کر خشکی پر لاتا ہے تو تم (اس کی طرف سے) اعراض کر لیتے ہو اور انسان بہت ہی ناشکر گذار ہے۔

کیا پھر تم (یہ سمجھتے ہو کہ تم) اس بات سے بالکل امن میں ہو کہ وہ (یاتو) تمہیں خشکی کے کنارہ پر (زمین میں) دھنسا دے یا تم پر سنگریزے نازل کرے اور پھر تم اپنا کوئی کارساز (اور چارہ گر) نہ پاؤ۔

یا تم اس بات سے بے خوف ہو کہ وہ تمہیں (پھر) دوسری بار اس (سمندر) میں لوٹا لائے اور تم پر ایک تند ہوا چھوڑ دے اور تمہارے کفر کی وجہ سے تمہیں غرق کر دے (اور) پھر اس (عذاب) پر تم ہمارے خلاف اپنا کوئی مددگار نہ پاؤ۔

اور ہم نے بنی آدم کو (بہت) شرف بخشا ہے اور ان کے لئے خشکی اور تری میں سواری کا سامان پیدا کیا ہے اور انہیں پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا ہے اور جو مخلوق ہم نے پیدا کی ہے اس میں سے ایک کثیر حصہ پر ہم نے انہیں[1] بڑی فضیلت دی ہے۔

[1] یعنی انسانوں کو۔

اور (اس دن کو یاد کرو) جس دن ہم ہر ایک گروہ کو ان کے پیشوا سمیت بلائیں گے پھر جن کے دائیں ہاتھ میں ان (کے اعمال) کی کتاب دی جائے گی، وہ (بڑے شوق سے) اپنی کتاب کو پڑھیں گے اور ان پر ذرہ بھر (بھی) ظلم نہیں کیا جائے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی