۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر, حصہ 7
اور جو اس (دنیا) میں اندھا رہے گا وہ آخرت میں (بھی) اندھا ہوگا اور (اسی طرح وہ) اپنے (طور اور) طریق میں سب سے بڑھ کر بھٹکا ہوا ہوگا۔
اور قریب تھا کہ اس (کلام) کی وجہ سے جو ہم نے تجھ پر وحی سے نازل کیا ہے وہ تجھے (سخت سے سخت) عذاب میں مبتلا کرتے تا کہ تو (ان سے ڈر کر) اس (کلام) کے سوا کچھ اور (کلام اپنے پاس سے) بنا کر ہماری طرف منسوب کردے اور (اگر تو ایسا کرتا تو) اس صورت میں وہ یقیناً تجھے (اپنا) گہرا دوست بنا لیتے۔
اور اگر ہم تجھے (قرآن دے کر) ثبات نہ بخش چکے ہوتے تو پھر بھی (یہی ہوتا کہ) تو (بغیر الہام کے بھی) ان کی طرف بہت کم باتوں میں مائل ہوتا (مگر اب تو تجھے وحی الٰہی نے صحیح راستہ بتا دیا ہے)۔
(اور اگر جیسا کہ ان کا خیال ہے تو ہم پر افترا باندھنے والا ہوتا) تو اس صورت میں ہم تجھے زندگی کا بڑا عذاب اور موت کا بڑا عذاب چکھاتے (اور) پھر تو ہمارے مقابل پر اپنا کوئی (بھی) مددگار نہ پاتا۔
اور وہ یقیناً تجھے اس ملک سے نکالنے کے مختلف حیلے کرتے رہتے ہیں تا کہ تجھے ڈرا کر ملک سے باہر نکال دیں۔ مگر (ایسا ہوا تو) وہ (خود بھی) تیرے بعد تھوڑا عرصہ ہی (محفوظ) رہیں گے (اور جلد تباہ ہو جائیں گے)۔
یہ سلوک ہمارے اس سلوک کے مطابق ہوگا جو ہم نے تجھ سے پہلے (گذرے ہوئے) اپنے رسولوں (کی قوموں) کے ساتھ کیا تھا اور تو ہمارے طریق عمل میں کوئی فرق نہیں پائے گا۔
تو سورج کے ڈھلنے (کے وقت) سے لیکر رات کے خوب تاریک ہو جانے (کے وقت) تک (مختلف گھڑیوں میں) نماز کو عمدگی سے ادا کیا کر اور صبح کے وقت (قرآن) کے پڑھنے کو بھی (لازم سمجھ) صبح کے وقت (قرآن) کا پڑھنا یقیناً (اللہ کے حضور میں ایک) مقبول عمل ہے۔
اور رات کو بھی تو اس (قرآن) کے ذریعہ سے کچھ سو لینے کے بعد شب بیداری کیا کر، جو تجھ پر ایک زائد انعام ہے (اس طرح پر) بالکل متوقع ہے کہ تیرا رب تجھے حمد والے مقام پر کھڑا کر دے۔
اور کہہ (کہ) اے میرے رب! مجھے نیک [1]طور پر (دوبارہ مکہ میں) داخل کر[2] اور ذکر نیک چھوڑنے والے طریق پر (مکہ سے) نکال اور اپنے پاس سے میرا کوئی مددگار (اور) گواہ مقرر کر[3]۔
[1] یہ صِدْقٍ کے لفظ کا ترجمہ ہے جس کے معنے ظاہر و باطن میں نیک بات کے ہوتے ہیں۔ (مفردات راغب)
[2] گو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے پہلے نکلے اور مدینہ میں بعد میں داخل ہوئے، لیکن اللہ تعالیٰ نے پہلے داخل ہونے کا ذکر کیا اور پھر نکلنے کا ذکر کیا۔ داخل ہونے سے مراد مدینہ میں داخل ہونا نہیں بلکہ مکہ کو فتح کرکے دوبارہ مکہ میں داخل ہونا ہے اس طرح اللہ تعالیٰ نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس صدمہ سے بچا لیا جو مکہ چھوڑنے کی وجہ سے آپ کو ہو سکتا تھا۔ اور مکہ چھوڑنے کے وقت ہی ایسی وحی کر دی جس میں یہ اشارہ پایا جاتا تھا کہ تم پھر دوبارہ مکہ میں آؤ گے۔
[3] اس میں حضرت ابوبکرؓ کی طرف اشارہ ہے اور دعا سکھائی ہے کہ اے اللہ مجھے اپنے پاس سے سچائی کا گواہ اور مددگار عطا فرما۔
اور سب لوگوں سے کہہ دے (کہ بس اب) حق آگیا ہے اور باطل بھاگ گیا ہے اور باطل تو ہے ہی بھاگ جانے والا۔
اور ہم قرآن میں آہستہ آہستہ وہ (تعلیم) اتار رہے ہیں جو مومنوں کے لئے (تو) شفا اور رحمت (کا موجب) ہے اور ظالموں کو صرف خسارہ میں بڑھاتی ہے۔
اور جب ہم انسان پر انعام کریں تو وہ روگردان ہو جاتا ہے اور اپنے پہلو کو (اس سے) دور کر لیتا ہے اور جب اسے تکلیف پہنچے تو وہ بہت ہی مایوس ہو جاتا ہے۔