۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر, حصہ 8
تو (انہیں) کہہ (کہ ہم میں سے) ہر ایک (فریق) اپنے (اپنے) طریق پر عمل کر رہا ہے پس (اپنے رب پر ہی فیصلہ چھوڑ دو کیونکہ) تمہارا رب اسے جو زیادہ صحیح راستہ پر ہے بہتر جانتا ہے (اس لئے اس کا فیصلہ سچے کی سچائی کو ضرور روشن کر دے گا)
اور وہ تجھ سے روح کے متعلق سوال کرتے ہیں تو (انہیں) کہہ (کہ) روح میرے رب کے حکم سے (پیدا ہوئی) ہے اور تمہیں (اس کے متعلق) علم سے کم ہی (حصہ) دیا گیا ہے۔
اوراگر ہم چاہیں تو یقیناً جو (کلام الٰہی) ہم نے تجھ پر وحی (کے ذریعہ سے نازل) کیا ہے اسے (دنیا سے) اٹھالیں۔ پھرتواس امر میں اپنے لئے ہمارے خلاف کوئی کارساز نہیں پاسکے گا۔
سوائے اس کے کہ تیرے رب کی (خاص) رحمت ہو (جو اسے واپس لے آئے مگر یہ قرآن مٹ نہیں سکتا کیونکہ) تجھ پر تیرے رب کا یقیناً (بہت) بڑا فضل ہے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) اگر تمام انسان (بھی) اور جِنّ[1] (بھی) اس قرآن کی نظیر لانے کے لئے جمع ہو جائیں تو (پھر بھی) وہ اس کی نظیر نہیں لا سکیں گے خواہ وہ ایک دوسرے کے مددگار (ہی کیوں نہ) بن جائیں۔
[1] دیکھئے نوٹ سورۃ انعام آیت۱۲۹۔
اور ہم نے اس قرآن میں یقیناً ہر ایک (ضروری) بات کو مختلف پیرایوں سے بیان کیا ہے۔ پھر (بھی) اکثر لوگوں نے (اس کے متعلق) کفر (کی راہ اختیار کرنے) کے سوا ہر بات سے انکار کر دیا ہے۔
اور انہوں نے (یہ بھی) کہا ہے (کہ) ہم ہرگز تیری (کوئی) بات نہیں مانیں گے جب تک (ایسا نہ ہو کہ) تو ہمارے لئے زمین سے کوئی چشمہ جاری کرے۔
یا تیرا کھجوروں اور انگوروں کا کوئی باغ ہو اور تو اس کے اندر خوب (کثرت سے) نہریں جاری کرے۔
یا جیسا کہ تیرا دعویٰ ہے تو ہم پر آسمان کے ٹکڑے[2] گرائے۔ یا اللہ اور فرشتوں کو (ہمارے) آمنے سامنے لاکھڑا کرے۔
[2] اس کی تشریح سورۂ سبا آیت۱۰ سے ہو جاتی ہے جس سے ظاہر ہے کہ اس کے معنے عذاب کے ہیں۔
یا تیرا سونے کا کوئی گھر ہو، یا تو آسمان پر چڑھ جائے اور ہم تیرے[1] (آسمان پر) چڑھ جانے پر بھی ایمان نہیں لائیں گے جب تک کہ تو (اوپر جاکر) ہم پر کوئی کتاب (نہ) اتارے جسے ہم (خود) پڑھیں تو (انہیں) کہہ (کہ) میرا رب (ایسی باتوں سے) پاک ہے۔ میں (تو) صرف بشر رسول[2] ہوں۔
[1] اس آیت سے واضح ہے کہ معراج کا معجزہ بھی کفار کے لئے کافی نہ تھا۔ وہ اس پر مصر تھے کہ آسمان پر جانے کو ہم تب مانیں گے جب ایک کتاب بھی آپ اتار کر لائیں، جسے ہم خود چھو کر دیکھیں اور پڑھیں ورنہ خالی کہہ دینا کہ میں آسمان پر گیا تھا۔ ہمارے لئے کافی نہ ہوگا۔
[2] یعنی بشر رسول آسمان پر نہیں جا سکتا۔ تعجب ہے مسلمانوں پر جو اس کے باوجود مسیح کو آسمان پر مانتے ہیں حالانکہ قرآن مجید کے مطابق وہ بشر رسول تھا۔
اور ان لوگوں کو اس ہدایت پر جو ان کے پاس آئی ہے ایمان لانے سے صرف اس بات نے روکا ہے کہ انہوں نے (اپنے دلوں میں) کہا (کہ) کیا اللہ نے ایک بشر کو رسول بنا کر بھیج دیا ہے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) اگر زمین پر فرشتے (بستے) ہوتے جو زمین پر اطمینان سے چلتے پھرتے تو (اس صورت میں) ہم ضرور ان پر آسمان سے کسی فرشتہ کو (ہی) رسول بنا کر اتارتے۔