۱۷۔ سورۃ الإسراء
تفسیر صغیر, حصہ 9
تو (انہیں) کہہ (کہ) میرے درمیان اور تمہارے درمیان گواہ کے طور پر اللہ ہی کافی ہے وہ اپنے بندوں کو جاننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔
اور جسے اللہ ہدایت دے وہی ہدایت پر ہوتا ہے اور جسے وہ گمراہ کرے تو تو اس کے (یعنی اللہ کے) مقابل پر اس کا کوئی بھی مددگار نہیں پائے گا اور قیامت کے دن ہم انہیں ان کے مقاصد (اور نیتوں) کے مطابق اندھے اور گونگے اور بہرے ہونے کی حالت میں جمع کریں گے ان کا ٹھکانا جہنم ہوگا۔ جب بھی وہ (جہنم ذرا) ٹھنڈی ہوگی تو ان پر عذاب کو شدید کر دیا جائے گا جو (عذاب کہ) بھڑکنے والی آگ کا ہوگا۔
یہ (آک) ان (ہی کے اعمال) کی جزا ہوگی۔ کیونکہ انہوں نے ہمارے نشانوں کا انکار کیا اور کہا کہ کیا جب ہم (مرکر) ہڈیاں اور چورا چورا ہو جائیں گے (تو ہمیں ازسر نو زندہ کیا جائے گا اور) کیا واقعی ہمیں ایک نئی مخلوق کی صورت میں اٹھایا جائے گا۔
کیا وہ (ابھی تک) سمجھ نہیں سکے کہ وہ (ہستی) جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اس بات پر بھی قادر ہے کہ وہ ان جیسے (اور لوگ) پیدا کرے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اس نے ان کے لئے ایک میعاد مقرر کر دی ہے پھر (بھی) ان ظالموں نے صرف ناشکری کی راہ اختیار کر لی ہے۔
تو (اُنہیں) کہہ (کہ) اگر تم میرے رب کی رحمت کے (غیر متناہی) خزانوں کے (بھی) مالک ہوتے تو (بھی) تم (ان کے) خرچ ہو جانے کے ڈر سے (انہیں) روک ہی رکھتے اور انسان بڑا ہی کنجوس ہے۔
اور ہم نے موسیٰ کو نو روشن [1]نشان دئے چنانچہ تو بنی اسرائیل سے (ان حالات کو) پوچھ جب وہ (موسیٰ) ان (اہل مصر) کی طرف آیا تھا تو فرعون نے اس سے کہا تھا (کہ) اے موسیٰ! میں یقیناً تجھے فریب خوردہ سمجھتا ہوں۔
[1] دیکھیئے سورۂ اعراف نوٹ آیت ۱۳۴۔
اس نے جواب دیا (کہ) تجھے یقیناً علم ہو چکا ہے کہ ان (نشانات) کو صرف آسمانوں اور زمین کے رب نے بصیرت بخشنے والا بنا کر اتارا ہے اور اے فرعون! میں تیری نسبت یقین رکھتا ہوں کہ تو (اپنے بدارادوں میں) ناکام و نامراد ہوگا۔
اس پر اس نے ان کو (یعنی موسیٰ اور اس کی قوم کو) ملک سے نکال دینے کا ارادہ کرلیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہم نے اسے اور جو اس کے ساتھ تھے سب کو غرق کر دیا۔
اور اس کے (ڈوب مرنے کے) بعد بنی اسرائیل کو ہم نے کہہ دیا (کہ) تم اس (موعود) ملک [1]میں (جاکر آرام سے) رہو۔ پھر جب (مسلمانوں کے لئے) دوسری[2] بار (عذاب) کا وعدہ (پورا ہونے کا وقت) آئے گا تو ہم تم (سب) کو جمع کرکے وہاں [3]لے آئیں گے۔
[1] یعنی فلسطین میں۔
[2] پہلے وَعْدُ الْاٰخِرَۃ آچکا ہے جو یہود کے متعلق تھا۔ اس کے بعد چونکہ دوبارہ وَعْدُ الْاٰخِرَۃ آیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ اور وعدہ ہے اور وہ مسلمانوں ہی کے متعلق ہو سکتا ہے پس ہم نے مسلمانوں کا لفظ بریکٹ میں لکھ دیا ہے۔ یہ مضمون پہلے مفسرین نے بھی لکھا ہے۔ (دیکھیئے فتح البیان جو اصل میں علامہ شوکانی کی تصنیف ہے)
[3] یعنی یہود کو فلسطین میں تیسری دفعہ لائیں گے۔ اس پیشگوئی کے مطابق بنی اسرائیل آج کل فلسطین پر قابض ہو گئے ہیں۔
اور اس قرآن کو ہم نے حق (وحکمت) کے ساتھ ہی اتارا ہے اور حق (وحکمت) کے ساتھ ہی یہ اترا ہے اور ہم نے تجھے صرف بشارت دینے والا اور (عذاب سے) آ گاہ کرنے والا بنا کر بھیجا ہے۔
اور ہم نے (اسے) قرآن بنایا ہے اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کیے ہیں (یعنی سورتیں بنائی ہیں) تا کہ تو اسے (سہولت اور) آہستگی کے ساتھ لوگوں کو پڑھ کر سنا سکے اور ہم نے اسے تھوڑا تھوڑا کرکے نازل کیا ہے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) تم اس پر ایمان لاؤ یا نہ لاؤ، جن لوگوں کو اس (کے نزول) سے پہلے (الہامی صحیفوں یا فطرت صحیحہ کے ذریعہ سے) علم دیا جا چکا ہے جب ان کے سامنے اسے پڑھا جاتا ہے تو وہ (اسے سن کر) کامل فرمانبرداری اختیار کرتے ہوئے ماتھوں کے [1]بل گِر جاتے ہیں۔
[1] قرآن مجید میں ’’ٹھوڑیوں کے بل‘‘ کا لفظ ہے ہم نے ’’ماتھے‘‘ سے اس کا ترجمہ کیا ہے۔ اس کی یہ وجہ ہے کہ عربی زبان میں سجدہ کے لئے گرنے کو ٹھوڑیوں کے بل گرنا کہتے ہیں۔ مگر اردو میں اسے ماتھے کے بل گرنا کہتے ہیں۔ پس صحیح مفہوم جن الفاظ میں ادا ہو سکتا تھا ان الفاظ کوہم نے اختیار کرلیا۔