۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 3
ہاں (صرف اس طرح کروں گا) جس طرح اللہ چاہے گا۔ اور جب (کسی وقت) تو بھول جائے تو (یاد آجانے پر) اپنے رب (کے وعدوں) کو یاد (کرلیا) کر اور کہہ دیا کر (کہ مجھے کامل) امید ہے کہ میرا رب (آخر مجھے کامیاب کردے گا اور) مجھے اس راستہ پر چلائے گا جو ہدایت پانے کے لحاظ سے اس (راستہ) سے (جو میرا تجویز کردہ ہے تکمیل کے) زیادہ قریب ہوگا۔
اور (بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ) وہ اپنی وسیع پناہ گاہ میں تین سو[2] سال تک رہے تھے اور (اس عرصہ پر) نو (سال) انہوں نے اور بڑھائے تھے۔
[2] تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف وقتوں میں مسیحیوں پر ظلم ہوا تھا اور مختلف علاقوں میں ہوا تھا۔ چنانچہ ایک زمانہ میں روم میں زیادہ ظلم ہوا تھا اور ایک زمانہ میں اسکندریہ میں زیادہ ظلم ہوا تھا۔ کیونکہ اسکندریہ بھی رومیوں کے ماتحت آگیا تھا۔ ان مظالم کے لحاظ سے کبھی وہ لمبے عرصہ تک غار میں چھپنے پر مجبور ہوئے اور کبھی تھوڑے عرصہ تک۔ لوگوں نے ناسمجھی سے ان وقفوں کو مختلف اور مستقل وقفے سمجھ لیا اور لگے تخمینہ سے باتیں کرنے۔ جن تخمینوں کو اس آیت میں ردّ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ یہ تخمینے مختلف وقتوں کے لحاظ سے ہیں۔ ورنہ اصل وقفہ جو ساری قوم پر گذرا۔ اس کو صرف اللہ تعالیٰ جانتا ہے۔
تو (انہیں) کہہ (کہ) جتنا (عرصہ غار میں) وہ ٹھہرے رہے اسے اللہ (ہی) بہتر جانتا ہے۔ آسمانوں اور زمین کا غیب اسی کے لئے ہے وہ خوب ہی دیکھنے والا اور خوب ہی سننے والا ہے۔ ان (لوگوں) کا اس کے سوا کوئی بھی مددگار نہیں ہے اور وہ اپنے حکم (اور فیصلوں) میں کسی کو (اپنا) شریک نہیں بناتا۔
اور تیرے رب کی کتاب میں سے جو (حصہ) تجھ پر وحی (کے ذریعہ سے نازل) ہوتا ہے اسے پڑھ (کر لوگوں کو سنا) اس کی باتوں کو کوئی بھی تبدیل کر سکنے والا نہیں ہے اور اسے چھوڑ کر تو کوئی پناہ کی جگہ نہیں پائے گا۔
اور اپنے آپ کو ان لوگوں کے ساتھ رکھ جو اپنے رب کو اس کی خوشنودی چاہتے ہوئے صبح و شام پکارتے ہیں اور تیری نظریں ان کو پیچھے چھوڑ کر آگے [1]نہ نکل جائیں (اور اگر تو ایسا کرے گا تو) تو ورلی زندگی کی زینت چاہے گا اور جس کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کر دیا ہو اور اس نے اپنی گری ہوئی خواہش کی پیروی اختیار کی ہو اور اس کا معاملہ حد سے بڑھا ہوا ہو اس کی فرمانبرداری مت کر۔
[1] یعنی صحابہ ؓ کی قربانیوں کو بھولیو نہیں۔
اور (لوگوں کو) کہہ دے (کہ) یہ سچائی تمہارے رب کی طرف سے ہی (نازل ہوئی) پس جو چاہے (اس پر) ایمان لائے اور جو چاہے (اس کا) انکار کر دے (مگر یہ یاد رکھے کہ) ہم نے ظالموں کے لئے یقیناً ایک آگ تیار کی ہے جس کی چار دیواری نے (اب بھی) انہیں گھیرا ہوا ہے اور اگر وہ فریاد کریں گے تو ایسے پانی سے ان کی فریاد رسی کی جائے گی جو پگھلے ہوئے تانبے کی طرح ہوگا (اور) چہروں کو جھلس دے گا۔ وہ بہت بری پینے کی چیز ہوگی۔ اور وہ (آگ) برا ٹھکانا ہے۔
(ہاں) جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کیے ہیں (وہ یقیناً بڑے اجر پائیں گے) جنہوں نے اچھے کام کیے ہوں ہم ان کا اجر ہرگز ضائع نہیں کرتے۔
(ہاں ہاں) انہی لوگوں کے لئے دائمی رہائش کے باغات (مقدر) ہیں۔ (ان میں) ان کے (اپنے انتظام کے) نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ ان کے لئے ان میں سونے کے گنگنوں کی قسم کے زیور بنوائے جائیں گے اور وہ باریک ریشم کے اور موٹے ریشم کے سبز کپڑے پہنیں گے (وہ) ان بہشتوں میں آراستہ پلنگوں پر تکیے لگائے (ہوئے بیٹھے) ہوں گے۔ یہ کیا ہی اچھا اجر ہے اور وہ بہت ہی اچھا ٹھکانا ہے۔
اور تو ان کے سامنے ان دو شخصوں[1] کی حالت بیان کر جن میں سے ایک کو ہم نے انگوروں کے دو باغ[2] دئیے تھے اور انہیں ہم نے کھجوروں کے درختوں سے (ہرطرف سے) گھیر رکھا تھا اور ہم نے ان (دونوں کی مقبوضات[3]) کے درمیان کچھ کھیتی بھی پیدا کی تھی۔
[1] یعنی مسلمانوں اور مسیحی اقوام کی۔
[2] باغ سے مراد قوم اسرائیل کو ملنے والی دنیوی مال و دولت اور اولاد ہے۔ اس جگہ عیسائی قوم کے دو حصوں کا ذکر ہے اور مراد یہ ہے کہ عیسائی قوم کی پہلی ترقی کے بعد ان پر کمزوری کا دور آئے گا جس کے بعد وہ پھر دنیوی طور پر ترقی کرنے لگ جائیں گے۔
[3] یہاں مراد مالک ہیں۔ لیکن چونکہ مثال میں باغوں کا ذکر تھا۔ اس لئے مالکوں کی جگہ ان کے مملوکہ ممالک کا ذکر کر دیا ہے اور تمثیلی طور پر ایسے لفظ اختیار کیے ہیں جن سے یہ سمجھا جائے گا کہ گویا یہاں کھیتوں کا ذکر ہے۔
ان دونوں باغوں نے (اپنا) اپنا پھل (خوب) دیا اور اس میں سے کچھ (بھی) کم نہ کیا۔ اور ان کے درمیان ہم نے ایک نہر [4]جاری کی تھی۔
[4] نہر سے مراد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ ہے جن کے ذریعہ سے موسیٰ علیہ السلام اور عیسیٰ علیہ السلام کی حقیقی تعلیم کا کچھ حصہ زندہ رہا۔
اور اسے بہت پھل حاصل (ہوتا) تھا۔ اسی وجہ سے اس نے اپنے [5]ساتھی کو اس سے باتیں کرتے ہوئے (فخریہ طور پر) کہا (کہ دیکھ) تیری نسبت میرا مال زیادہ اور جتھا معزز ہے۔
[5] یعنی آخر میں مسیحیوں نے ترقی کی اور مسلمانوں کو طعنہ دیا کہ ہماری قوم زیادہ طاقتور ہے۔
اور (ایک دفعہ) وہ [6]اپنی جان پر ظلم کرتے ہوئے اپنے باغ میں داخل ہوا (اور) اس نے (اپنے ساتھی سے) کہا (کہ) میں نہیں سمجھتا کہ یہ (میرا باغ) کبھی تباہ ہوگا۔
[6] یعنی مسیحی۔