۱۸۔ سورۃ الكهف

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور میں نہیں سمجھتا کہ وہ (موعودہ تباہی کی) گھڑی (کبھی) آنے والی ہے اور اگر (بالفرض) مجھے میرے رب کی طرف لوٹا (بھی) دیا جائے تو میں (وہاں) بھی یقیناً اس سے بہتر ٹھکانا پاؤں گا۔

اس کے ساتھی نے اس سے سوال و جواب کرتے ہوئے کہا (کہ) کیا تو نے اس (ہستی) کا انکار کر دیا ہے جس نے تجھے (اولاً) مٹی سے (اور) پھر نطفہ سے پیدا کیا اور پھر اس نے تجھے پورا آدمی بنایا۔

(تمہارا تو یہ حال ہے) لیکن (میں تو یہ کہتا ہوں کہ) حق تو یہ ہے کہ اللہ ہی میرا رب ہے اور میں کسی کو (بھی) اپنے رب کا شریک نہیں بناتا۔

اور جب تو اپنے باغ میں آیا تھا تو کیوں نہ تو نے کہا (کہ وہی ہوگا) جو اللہ چاہے گا (کیونکہ) اللہ ہی (کے فضل) سے ہر ایک قوت (حاصل ہوتی) ہے اگر تو مجھ (ناچیز) کو اپنی نسبت مال اور اولاد میں کم سمجھتا ہے۔

تو بالکل ممکن ہے، کہ میرا رب[1] مجھے تیرے باغ سے کوئی بہتر (باغ) دے دے اور اس (تیرے باغ) پر اوپر سے کوئی آگ کا شعلہ گرائے۔ جس کی وجہ سے وہ ایک صاف اور چٹیل میدان ہوجائے۔

[1] یہ اسلام کے متعلق پیشگوئی ہے کہ بظاہر کمزور نظر آتے ہوئے اسلام بڑی شان کو پہنچے گا اور مسیحی و موسوی قوم کا باغ آسمانی آگ سے تباہ ہو جائے گا۔

یا اس کا پانی خشک[2] ہو جائے (اور) پھر تو (یعنی اسلام کا دشمن) اس کی تلاش کی (بھی) طاقت نہ پائے (چنانچہ ایسا ہی ہوا)۔

[2] پانی خشک ہو جانے سے مراد کلام الٰہی کا سلسلہ بند ہو جانا ہے۔

اور اس کے تمام پھلوں کو تباہ کر دیا گیا اور وہ (یعنی باغ کا مالک) اس حال میں کہ وہ (باغ) اپنے سہاروں پر گرا ہوا تھا اس (مال) کی وجہ سے جو اس نے اس (باغ کی ترقی) کے لئے خرچ کیا تھا اپنے دونوں ہاتھ ملنے لگا اور کہنے لگا (کہ) اے کاش! میں کسی کو اپنے رب کا شریک نہ بناتا۔

اور (اس وقت) کوئی جماعت بھی اس کے ساتھ نہ ہوئی جو اللہ کے سوا اس کی مدد کرتی۔ اور نہ وہ (اس کا کوئی) انتقام ہی لے سکا۔

ایسے موقع پر مدد اللہ کی ہی (مفید) ہوتی ہے جو معبود حقیقی ہے اور وہ بدلہ دینے میں (بھی) سب سے اچھا ہے اور (اچھا) انجام (پیدا کرنے) کی رو سے بھی سب سے اچھا ہے۔

اور تو ان کے سامنے اس ورلی زندگی کی حالت (بھی) کھول کر بیان کر، (کہ وہ) اس پانی کی طرح (ہے) جسے ہم نے بادل سے برسایا، پھر اس میں زمین کی روئیدگی مل گئی۔ پھر (آخر) وہ (بھوسے کا) چورا بن گئی۔ جسے ہوائیں اڑاتی (پھرتی) ہیں اور اللہ ہر بات پر قدرت رکھنے والا ہے۔

مال اور بیٹے اس ورلی زندگی کی زینت ہیں اور باقی رہنے والے نیک (اور مناسب حال) کام (ہی جو ان چیزوں سے لئے جائیں) تیرے رب کے نزدیک بدلہ کے لحاظ سے (بھی) بہتر ہیں اور امید کے لحاظ سے (بھی) بہتر ہیں۔

اور (اس دن بھی ان کے بہتر نتائج نمودار ہوں گے) جس دن ہم ان پہاڑوں کو (اپنی اپنی جگہ سے) چلا دیں گے اور تو سب اہل زمین (کو ایک دوسرے کے مقابلہ میں جنگ کے لئے) نکلتا ہوا دیکھے گا اور ہم ان (سب) کو اکٹھا کریں[1] گے اور ان میں سے کسی کو (بھی باقی) نہیں چھوڑیں گے۔

[1] یعنی ایک میدانِ جنگ میں یا دوسرے لفظوں میں یہ کہ اس وقت سب قومیں آپس میں معاہدے کرکے ایک بڑی عالمگیر جنگ کے لئے تیار ہو جائیں گی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی