۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور وہ صف باندھے ہوئے تیرے رب کے سامنے پیش کئے جائیں گے (اور ان سے کہا جائے گا کہ) دیکھ لو تم (اسی طرح کمزوری کی حالت میں) ہمارے پاس آگئے ہو جس حالت میں ہم نے تمہیں پہلی بار پیدا کیا تھا (اور تم یہ امید نہیں رکھتے تھے) بلکہ تمہیں دعویٰ تھا کہ ہم تمہارے لئے کوئی وعدہ (کے پورا ہونے) کی ساعت مقرر نہیں کریں گے۔
اور (ان کے اعمال کی) کتاب (ان کے سامنے) رکھ دی جائے گی۔ پس (اے مخاطب) تو ان مجرموں کو اس کی وجہ سے جو اس میں (لکھا) ہوگا ڈرتے دیکھے گا اور (اس وقت) وہ کہیں گے کہ اے (افسوس) ہماری تباہی (سامنے کھڑی ہے) اس کتاب کو کیا (ہوا) ہے (کہ) نہ کسی چھوٹی بات کو اس کا احاطہ کیے بغیر چھوڑتی ہے اور نہ کسی بڑی بات کو اور جو کچھ انہوں نے کیا (ہوا) ہوگا اسے اپنے سامنے حاضر پائیں گے اور تیرا رب کسی پر ظلم نہیں کرتا۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے فرشتوں سے کہا تھا کہ تم آدم کے ساتھ (مل کر) سجدہ کرو۔ اس پر انہوں نے (تو اس حکم کے مطابق اس کے ساتھ ہوکر) سجدہ کیا مگر ابلیس نے (نہ کیا) وہ جِنّوں [1]میں سے تھا سو اس نے (اپنی فطرت کے مطابق) اپنے رب کے حکم کی نافرمانی کی۔ (اے میرے بندو)! کیا تم مجھے چھوڑ کر اس (شیطان) کو اور اس کی نسل کو (اپنے) دوست بناتے ہو حالانکہ وہ تمہارے دشمن ہیں وہ (شیطان) ظالموں کے لئے بہت ہی برا بدلہ ثابت ہوا ہے۔
[1] یعنی مال دار شریر لوگوں میں سے نیز دیکھو سورة الانعام نوٹ آیت ۱۲۹۔
میں نے نہ انہیں آسمانوں اور زمین کی پیدائش (کے موقعہ) پر حاضر کیا تھا اور نہ (خود) ان کی (اپنی) جانوں کی پیدائش کے موقعہ پر۔ اور نہ ہی میں گمراہ کرنے والوں کو (اپنا) مددگار بنا سکتا تھا۔
اور (اس دن کو بھی یاد کرو) جس دن وہ (خدائے برتر مشرکوں کو) کہے گا کہ اب تم میرے (ان) شریکوں کو بلاؤ جن کے (شریک ہونے کے) متعلق تم دعویٰ کرتے تھے جس پر وہ انہیں بلائیں گے مگر وہ انہیں (کوئی) جواب نہیں دیں گے اور ان کے (اور ان کے تجویز کردہ شریکوں کے) درمیان ہم ایک آڑ (حائل) کر دیں گے۔
اور مجرم اس آگ کو دیکھیں گے اور سمجھ جائیں گے وہ اس میں پڑنے والے ہیں اور وہ اس سے پیچھے ہٹنے کی کوئی جگہ نہیں پائیں گے۔
اور ہم نے اس قرآن میں لوگوں کے لئے یقیناً ہر ایک (ضروری) بات کو مختلف پیرایوں میں بیان کیا ہے اور (ایسا کیوں نہ کرتے کہ) انسان سب سے بڑھ کر بحث کرنے والا ہے۔
اور ان لوگوں کو جب ان کے پاس ہدایت آئی تو (اس پر) ایمان لانے اور اپنے رب سے بخشش چاہنے سے صرف اس بات نے روکا کہ پہلے لوگوں کی سی حالت ان پر (بھی) آئے، یا پھر عذاب ان کے سامنے آکھڑا ہو۔
اور ہم رسولوں کو صرف بشارت دینے والا اور (عذاب کی آمد سے) آ گاہ کرنے والا بنا کر بھیجتے ہیں۔ اور جن لوگوں نے انکار کیا ہے وہ جھوٹ کے ذریعہ سے اس لئے جھگڑتے ہیں کہ اس کے ذریعہ سے حق کو مٹا دیں اور انہوں نے میرے نشانوں کو (اور) میرے انداز کو ہنسی کا نشانہ بنا لیا ہے۔
اور اس شخص سے زیادہ ظالم اور کون (ہوسکتا) ہے۔ جسے اس کے رب کے نشانوں کے ذریعہ سمجھایا گیا (لیکن) پھر (بھی) وہ ان سے روگردان ہو گیا اور جو کچھ اس کے ہاتھوں نے (کما کر) آگے بھیجا تھا اسے اس نے بھلا دیا۔ ان لوگوں کے دلوں پر ہم نے یقیناً کئی پردے ڈال دئے ہیں تا کہ وہ اسے نہ سمجھیں[1] اور ان کے کانوں میں گرانی (پیدا کر دی ہے) اور اگر تو انہیں ہدایت کی طرف بلائے تو (وہ تجھ سے اس قدر حسد رکھتے ہیں کہ) اس صورت میں وہ ہدایت کو (بھی) کبھی قبول نہیں کریں گے۔
[1] دیکھئے نوٹ سورۃ بنی اسرائیل آیت۴۷۔
اور تیرا رب بہت ہی بخشنے والا (اور بہت ہی) رحمت کرنے والا ہے۔ اگر وہ ان کے (برے) اعمال کی وجہ سے انہیں ہلاک کرنا چاہتا تو وہ ان پر فوراً عذاب نازل کر دیتا۔ (مگر وہ ایسا نہیں کرتا) بلکہ ان کے لئے ایک میعاد (مقرر) ہے جس سے ورے (یعنی پیشتر اس کے وہ عذاب کو بھگت لیں) وہ ہرگز کوئی جائے پناہ نہ پائیں گے۔
اور وہ بستیاں جن کو ہم نے ان کے ظلم کی وجہ سے ہلاک کر دیا ہے (ان کے لئے موجب عبرت ہو سکتی تھیں) اور ہم نے ان کی ہلاکت کے لئے پہلے سے ایک میعاد مقرر کر دی تھی (تا وہ چاہیں تو توبہ کر لیں)۔