۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 6
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنے نوجوان[2] (رفیق) سے کہا تھا (کہ) میں (جس راستے پر جا رہا ہوں اس پر قائم رہنے سے) نہیں ٹلوں گا یہاں تک کہ ان دونوں سمندروں کے اکٹھے[3] ہونے کے مقام پر پہنچ جاؤں۔ یا صدیوں تک (آگے ہی آگے) چلتا جاؤں۔
[2] نوجوان رفیق سے مراد حضرت مسیح علیہ السلام ہیں جو موسوی سفر کے شریک تھے۔
[3] اس میں اس زمانہ کی طرف اشارہ ہے جب موسیٰ علیہ السلام کا زمانہ ختم ہوا اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ شروع ہوا۔ بے شک بیچ میں حضرت مسیح علیہ السلام آئے مگر وہ موسیٰ علیہ السلام کے تابع نبی تھے۔
پس جب وہ (دونوں) ان (دونوں سمندروں[1]) کے باہم ملنے کی جگہ پر (یعنی قرب زمانہ نبوی تک) پہنچے تو وہ اپنی[2] مچھلی (وہاں) بھول گئے۔ جس پر اس (مچھلی) نے تیزی سے بھاگتے ہوئے سمندر میں اپنی راہ لی۔
[1] یعنی جب موسوی مسیحی زمانہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے ملا تو موسوی قوم اور عیسوی قوم نے اپنی عبادت گاہوں کی اصل غرض کو بھلا دیا اور جب مسیحی قوم سے عبادت کی غرض کھوئی گئی تو آسمان کے فرشتوں نے سمجھ لیا کہ اب آخری موعود کا زمانہ آگیا ہے اور وہ خداتعالیٰ کے حکم سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے لگ گئے۔
عبادت گاہ کا مفہوم ہم نے حُوْت سے نکالا ہے جسے اگر خواب یا کشف میں دیکھا جائے تو اس کے معنے نیک لوگوں کی عبادت گاہ کے ہوتے ہیں۔
[2] مچھلی حُوْت کا ترجمہ ہے جس کی تعبیر ہم اوپر لکھ آئے ہیں۔
پھر جب وہ (اس جگہ سے) آگے نکل گئے[3] تو اس (یعنی موسیٰ) نے اپنے نوجوان (رفیق) سے کہا (کہ) ہمارا صبح کا کھانا ہمیں دو۔ ہمیں یقیناً اپنے اس سفر کی وجہ سے تھکان ہو گئی ہے۔
[3] یہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا معراج ہے یعنی ایک لطیف کشف ہے جس میں انہوں نے اپنے ہونے والے نائب مسیح علیہ السلام کو بھی دیکھا اور اپنی جگہ لینے والے شرعی رسول محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی دیکھا۔
اس نے کہا (کہ) بتائیے (اب کیا ہوگا) جب ہم (آرام کے لئے) اس چٹان [4]پر ٹھہرے تو میں مچھلی (کا خیال) بھول گیا اور مجھے یہ بات شیطان کے سوا کسی نے نہیں بھلائی کہ میں اس کا خیال رکھتا اور اس نے سمندر میں عجیب طرح سے اپنی راہ لے لی۔
[4] یعنی جب ترقی کے سامان پیدا ہونے پر قوم عیش و آرام میں مشغول ہوئی تو عبادت گاہ کی حقیقی غرض ہاتھ سے جاتی رہی۔
اس نے کہا (کہ) یہی وہ (مقام) ہے جس کی ہمیں تلاش تھی۔ پھر وہ اپنے پاؤں کے نشان دیکھتے [5]ہوئے واپس لوٹے۔
[5] یعنی ایسی پیشگوئیاں پیچھے چھوڑیں جو بعثت محمدی پر دلالت کرتی تھیں تاکہ ان کی قوم ان پیشگوئیوں سے ہوشیار ہو جائے۔
تو انہوں نے ہمارے (برگزیدہ) بندوں میں سے ایک ایسا بندہ[6] (وہاں) پایا جسے ہم نے اپنے حضور سے رحمت (کی سیرت) بخشی تھی اور اسے ہم نے اپنی جناب سے (خاص) علم (بھی) عطا کیا تھا۔
[6] اس سے مراد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا وجود ہے جو معراج موسوی کے ذریعہ سے موسیٰ علیہ السلام کو ملا۔
موسیٰ نے اس سے کہا (کہ) کیا میں اس (مقصد کے) لئے آپ کے ساتھ چل سکتا ہوں کہ جو علم آپ کو عطا ہوا ہے اس میں سے کچھ رشد (کی باتیں) مجھے بھی سکھائیں۔
اس نے کہا (کہ) تو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔
اور جس بات کے علم کا تو نے احاطہ نہیں کیا اس پر تو صبر کر (بھی) کیونکر سکتا ہے۔
اس نے کہا (کہ) اگر اللہ نے چاہا تو آپ مجھے صابر پائیں گے اور میں آپ کے کسی حکم کی نافرمانی نہیں کروں گا۔
اس (روحانی بزرگ) نے کہا (کہ) اچھا اگر تو میرے ساتھ چلے تو تو کسی چیز کے متعلق جب تک کہ میں اس کے متعلق تجھ سے ذکر کرنے میں پہل نہ کروں مجھ سے سوال مت کیجیو۔
پھر وہ (دونوں وہاں سے) چل پڑے۔ یہاں تک کہ جب وہ کشتی میں سوار ہوئے تو اس (خدا کے برگزیدہ) نے اس میں شگاف کر دیا۔ اس پر اس (موسیٰ) نے کہا (کہ) کیا آپ نے اس لئے شگاف کیاہے کہ آپ اس کے اندر (بیٹھ کر جانے) والوں کو غرق کر دیں۔ آپ نے یقیناً (یہ) ایک ناپسندیدہ کام کیا ہے۔