۱۸۔ سورۃ الكهف
تفسیر صغیر, حصہ 7
اس (برگزیدۂ خدا) نے کہا (کہ) کیا میں نے (تجھے) نہیں کہا تھا (کہ) تو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔
اس پر اس (موسیٰ) نے کہا (کہ اس دفعہ) آپ مجھ پر گرفت نہ کریں۔ کیونکہ میں (آپ کی ہدایت کو) بھول گیا تھا اور آپ میری (اس) بات کی وجہ سے مجھ پر سختی نہ کریں۔
پھر وہ (دونوں وہاں سے) چل پڑے۔ یہاں تک کہ وہ جب ایک[1] لڑکے کو ملے تو اس (خدا کے بندہ) نے اسے مار ڈالا۔ (اس پر) اس نے (یعنی موسیٰ نے) کہا (کہ) کیا (یہ سچ نہیں کہ) آپ نے (اس وقت) ایک پاکباز (اور بے گناہ) شخص کو بغیر کسی (کے خون) کے بدلہ کے (ناحق ہی) مار ڈالا ہے آپ نے یقیناً (یہ) بہت برا کام کیا ہے۔
[1] علم تعبیر میں لڑکے سے مرادنشاط اور قوت کے ہوتے ہیں پس اس کے مارنے سے مراد یہ ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسی چیزوں سے منع کر دیا جو نشاط اور قوت پیدا کرتی ہیں جیسے شراب اور جؤا وغیرہ۔ آج کل مسلمان بھی اعتراض کرتے ہیں کہ لاٹری اور بیمہ سے منع کرکے اسلام نے روحِ نشاط تلف کر دی ہے۔
اس (خدا کے پیارے) نے کہا (کہ) کیا میں نے تجھے نہیں کہا تھا (کہ) تو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔
اس (یعنی موسیٰ) نے کہا (کہ) اگر اس کے بعد میں نے کسی بات کے متعلق آپ سے پوچھا تو (بیشک) آپ مجھے اپنے ساتھ نہ رکھئیے گا (اور اس صورت میں) آپ یقیناً میری اپنی رائے کے مطابق [2]معذور سمجھے جانے کی حد تک پہنچ چکے ہوں گے۔
[2] قرآن مجید میں مِنْ لَّدُنِّیْ ہے اور لَدُنْ کے معنے لغت میں عِنْدَ کے بھی ہیں۔ جس کے معنے نزدیک کے ہوتے ہیں یا یہ کہ ’’میرے خیال میں‘‘ یا ’’میرے فیصلہ کے مطابق‘‘ (اقرب اور مفردات) وہی معنے ہم نے کیے ہیں۔
پھر وہ (وہاں سے بھی) چل پڑے، یہاں تک کہ جب وہ ایک بستی کے لوگوں کے پاس پہنچے تو اس (بستی) کے باشندوں سے انہوں[3] نے کھانا مانگا، مگر انہوں نے انہیں (اپنے) مہمان بنانے سے انکار کر دیا۔ پھر انہوں نے اس (بستی) میں ایک ایسی دیوار پائی جو گرنے کو تھی[4]۔ اس (خدا کے بندہ) نے اسے درست کر دیا (اس پر) اس نے (یعنی موسیٰ) نے کہا (کہ) اگر آپ چاہتے تو یقیناً اس کی کچھ نہ (کچھ) اُجرت لے سکتے تھے۔
[3] اس میں اس واقعہ کی طرف اشارہ ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہودیوں اور عیسائیوں سے تعاون کی اپیل کریں گے لیکن وہ اس سے انکار کر دیں گے۔ سب تاریخ اسلام اس پر شاہد ہے۔
[4] فَوَجَدَا فِیْھَا جِدَارًا یُّرِیْدُ اَنْ یَّنْقَضَّ اس حصّۂ آیت کا لفظی ترجمہ تو یہ ہے کہ ان دونوں نے اس بستی میں ایک ایسی دیوار پائی جو گرنے کا ارادہ کر رہی تھی۔ لیکن اس کی بجائے ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ ’’انہوں نے اس (بستی) میں ایک ایسی دیوار پائی جو گرنے کو تھی۔‘‘ یہ ترجمہ عربی زبان کے محاورہ کے بالکل مطابق ہے۔ کیونکہ عربی زبان میں بعض دفعہ اَرَادَ کا لفظ تو استعمال کیا جاتا ہے مگر اس سے مراد دماغی ارادہ نہیں ہوتا بلکہ مراد یہ ہوتی ہے کہ حالات کے لحاظ سے اس چیز پر قریب وقت میں وہ حالت آنے والی ہے۔ چنانچہ امام ابو منصورر ثعالبی جو لغت ِعرب کے مشہور امام ہیں اپنی کتاب فِقہ اللّغۃ میں لکھتے ہیں کہ ابوفراس جو ایک مشہور ادیب تھا دل سے اسلام کا منکر تھا اور اس کا مشغلہ یہی تھا کہ قرآن کریم پر اعتراض کرتا رہے۔ ایک دفعہ خاندان عباسیہ کے ایک وزیر احمد بن حسین کے دربار میں ہم بیٹھے تھے اور وزیر کی آمد کا انتظار کر رہے تھے کہ ابوفراس نے مجھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ کیا کسی عرب نے کسی عقل نہ رکھنے والی چیز کے بارہ میں کبھی کہا ہے کہ اس نے ارادہ کیا؟ میں نے کہا۔ عرب بعض دفعہ ایک غیر ذی روح چیز کے متعلق کہہ دیتے ہیں کہ اس نے یوں کہا جیسے مثال مشہور ہے کہ إِمْتَـلَا َٔ الْحَوْضُ فَقَالَ قَطْنِیْ یعنی حوض بھر گیا اور اس نے کہا بس بس۔ حالانکہ حوض تو بولتا ہی نہیں۔ اس نے کہا میں قول کا ذکر نہیں کرتا وہ بے شک درست ہے تم یہ بتاؤ کہ عقل نہ رکھنے والی اشیاء کے متعلق کبھی ارادہ کا لفظ استعمال ہوتا ہے؟ اس کی غرض یہ تھی کہ قرآن کریم کی آیت یُرِیْدُ اَنْ یَّنْقَضَّ غلط ثابت ہو۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے میری مدد کی۔ اور عرب کے شاعر الراعی کا ایک شعر میرے ذہن میں آگیا جو میں نے اس کے سامنے پڑھا اور وہ شعر یہ ہے۔ ؎
فِیْ مَھْمَہٍ فُلِقَتْ بِہٖ ھَامَاتُھَا۔ فَلْقَ الْـفُؤُوْسِ اِذَا اَرَدْنَ نُصُوْلًا
یعنی ایک جنگل میں اس قوم کی کھوپریاں اس طرح توڑی گئیں جس طرح کلہاڑے جب چلنے کا ارادہ کرتے ہیں تو لکڑیوں کو کاٹتے چلے جاتے ہیں۔ میں نے کہا اس جگہ کلہاڑے کی طرف چلنے کے ارادہ کو منسوب کیا گیا ہے کیا اس میں ارادہ ہوتا ہے؟ میرا یہ شعر پڑھنا تھا کہ ابوفراسؔ کا منہ بند ہو گیا اور خداتعالیٰ نے اسے ُ بری طرح ذلیل کیا۔
اسی طرح وہ ابو محمد یزیدی کا واقعہ لکھتے ہیں کہ میں اور مشہور نحوی کساؔئی عباس بن حسن کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ان کا نوکر آیا اور کہنے لگا۔ کہ حضور میں فلاں شخص کے پاس سے آیا ہوں۔ ھُوَ یُرِیْدُ اَنْ یَّمُوْتَ وہ تو مرنے کا ارادہ کر رہا ہے۔ اس پر ہم سب ہنس پڑے۔ عباس بن حسن نے کہا۔ تم کس بات پر ہنستے ہو۔ ہم نے کہا کبھی کوئی انسان اپنی موت کا آپ بھی ارادہ کیا کرتا ہے؟ انہوں نے کہا کیا قرآن کریم میں نہیں آتا کہ فَوَجَدَا فِیْھَا جِدَارًا یُّرِیْدُ اَنْ یَّنْقَضَّ اس پر ہم سمجھ گئے کہ خداتعالیٰ کی بات درست ہے۔ اور اَرَادَ کا لفظ کبھی قرب وقوع پر دلالت کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ چنانچہ اسی کے مطابق ہم نے اس آیت کا ترجمہ کیا ہے۔
اس (خدا کے برگزیدہ) نے کہا (کہ) یہ میرے درمیان اور تمہارے درمیان جدائی (کا وقت) ہے جس بات پر تو صبر نہیں کر سکا میں ابھی تجھے اس کی حقیقت سے آگاہ کرتا ہوں۔
کشتی[1] تو چند مساکین کی تھی، جو دریا میں کام کرتے ہیں اور ان کے سامنے (دریا پار) ایک (ظالم)[2] بادشاہ تھا جو ہر ایک کشتی کو زبردستی چھین لیتا تھا، اس لئے میں نے چاہا کہ اسے عیب دار کر دوں۔
[1] کشتی کے مالکوں سے مراد مسلمان ہیں جو مسکین دل تھے اور اس میں سوراخ کرنے سے مراد یہ تھی کہ وہ اپنے مال غرباء پر زکٰوۃ وغیرہ کے ذریعہ سے خرچ کریں گے۔
[2] اس سے مراد قیصر و کسریٰ تھے جو عرب پر صرف اس لئے حملہ نہیں کرتے تھے کہ وہ ایک غریب اور بے آب و گیاہ ملک تھا۔ خداتعالیٰ نے اسے اس ترکیب سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے محفوظ رکھا تھا۔ تفسیر کبیر جلد چہارم صفحہ ۴۸۶۔ ۴۸۷ میں ان معنوں کے سوا ایک اور معنے کیے گئے ہیں کیوں کہ قرآن مجید کے کئی بطن ہیں اور ہر بطن کے ماتحت ایک تفسیر ہو سکتی ہے۔
اور (یہ جو) لڑکے (کا واقعہ ہے تو اس) کی حقیقت یہ ہے کہ اس کے ماں باپ[1] دونوں مومن تھے۔ اس پر (اس کی یہ حالت دیکھ کر) ہم ڈرے[2] کہ ایسا نہ ہو (بڑے ہو کر) وہ ان پر سرکشی اور کفر کا الزام لگوادے۔
[1] جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے غلام سے مراد حرکت، قوت اور جہالت کی طاقتیں ہیں جو ہر انسان میں پائی جاتی ہیں اور چونکہ یہ معنوی اشیاء ہیں مادی نہیں اس لئے ان کے ماں باپ بھی اسی قسم کے ہونے چاہئیں۔ اس نقطہ نگاہ سے جب ہم غور کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ قوتیں انسانی روح اور جسم سے پیدا ہوتی ہیں پس حرکت قوت اور جہالت کے ماں باپ کے مومن ہونے سے یہ مراد ہے کہ بے شک انسانی روح اور دماغ میں آگے بڑھنے کا شدید مادہ رکھا گیا ہے بڑے بڑے کام کرنے کی ان میں طاقت پیدا کی گئی ہے اور خطرات برداشت کرنے کی انہیں ہمت دی گئی ہے لیکن یہ طاقتیں اسے خداتعالیٰ کے قرب میں بڑھنے کے لئے دی گئی ہیں۔ اگر ان قوتوں کو بے لگام چھوڑ دیا جائے تو یہی قوتیں انسان کو کفر کی طرف لے جاتی ہیں اور اسے ہلاک کر دیتی ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ نے جلوۂ محمدی یعنی شریعتِ اسلامی کے ذریعہ سے ان تینوں طاقتوں کو قتل کروا دیا تاکہ اس کے بعد جو جذبات بھی اس میں کام کریں نیکی کی قیود کے ماتحت کریں (تعطیرالانام)
[2] مارنے والا ایک ہے مگر وہ کہتا ’’ہم‘‘ ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اعمال جو ہوں تو درست مگر ظاہر میں شریعت کے خلاف نظر آتے ہوں اولیاء اللہ ان کو کبھی خدائی حکم کے بغیر نہیں کرتے۔ پس چونکہ خداتعالیٰ نے حکم دیا وہ اس فعل میں حصہ دار ہو گیا اور فعل ایک کا نہ رہا د و (۲) کا ہو گیا جس کی وجہ سے ’’ہم‘‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔
پس ہم نے چاہا کہ ان کا رب ان کو اس (لڑکے) سے پاکیزگی اور رحم و انصاف کے لحاظ سے بہتر (لڑکا بدل کر) دے دے۔
اور (وہ) دیوار[3] اس شہر کے دو یتیم لڑکوں کی تھی اور اس کے نیچے ان کا کچھ خزانہ (گڑا ہوا) تھا۔ اور ان کا باپ (ایک) نیک (شخص) تھا۔ اس لئے تیرے رب نے چاہا کہ وہ اپنی مضبوطی کی عمر کو پہنچ جائیں اور (بڑے ہو کر) اپنے خزانہ کو (خود) نکالیں تیرے رب کی طرف سے (ان پر خاص) رحم (ہوا) ہے اور یہ (کام) میں نے اپنے نفس کے حکم [4]سے نہیں کیا۔ یہ اس بات کی حقیقت ہے جس پر تو صبر نہیں کر سکا۔
[3] دیوار سے مراد یہود و نصاریٰ کے بزرگ ہیں۔ یعنی موسٰیؑ اور عیسیٰؑ اور ان کے باپ سے مراد حضرت ابراہیم علیہ السلام اور کَنْز سے مراد وہ علمی خزانہ ہے جسے موسٰیؑ اور عیسیٰ ؑ کی قوموں نے محفوظ کیا ہوا تھا مگر ان کی بے توجہی سے اس کے ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تب اسے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے محفوظ کر دیا یعنی صحیح کلام کو جو بائبل اور انجیل میں تھا محفوظ کر دیا تاکہ جب بھی یہود اور نصاریٰ کو ہوش آئے وہ اس سے فائدہ اٹھا کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم پر ایمان لے آئیں۔
[4] یعنی خداتعالیٰ کی وحی سے کیا ہے۔
اور وہ تجھ سے ذوالقرنین[1] کے متعلق بھی سوال کرتے ہیں تو (انہیں) کہہ (کہ) میں ضرور اس کے متعلق کچھ ذکر تمہارے سامنے کروں گا۔
[1] ذوالقرنین خورس بادشاہ کا نام ہے جو مَید اور فَارس کا بادشاہ تھا۔ اسے ذوالقرنین اس لئے کہا جاتا ہے کہ دانیال نبی نے اس کے بارہ میں خواب دیکھا تھا کہ دو (۲) سینگوں والا مینڈھا رستہ میں کھڑا ہے جس کی نسبت فرشتہ نے کہا کہ یہ مَید اور فَارس کا بادشاہ ہے۔ (پرانا عہدنامہ دانیال باب۸ آیت۲۰)