۱۹۔ سورۃ مريم
تفسیر صغیر, حصہ 3
پس (فرشتہ نے) اس کو نچلی[1] جانب کی طرف سے پکار کر کہا کہ (اے عورت) غم نہ کر، اللہ نے تیری نچلی جانب ایک چشمہ بہایا ہوا ہے (اس کے پاس جا اور اپنی اور بچہ کی صفائی کر)۔
[1] بائبل اور فلسطین کے جغرافیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ مریم کے ہاں جب بچہ ہوا انہیں ان کے ہونے والے شوہر بیت اللحم لے گئے تھے جو اس وقت ایک پہاڑی پر واقع تھا جس کے نچلی طرف ایک چشمہ تھا۔ اسی طرف سے مریم کو آواز آئی جو ایک فرشتہ نے دی۔
اور (وہ) کھجور (جو تیرے قریب ہوگی اس) کی ٹہنی کو پکڑ کر اپنی طرف ہلا وہ تجھ پر تازہ بتازہ پھل پھینکے گی۔
پس (ان کو) کھاؤ اور (چشمہ سے پانی بھی) پیئو اور (خود نہا کر اور بچہ کو نہلا کر) اپنی آنکھیں ٹھنڈی کرو، پھر اگر (اس عرصہ) میں تو کسی مرد کو دیکھے تو کہہ دے، میں نے رحمن (خدا) کے لئے (ایک) روزے کی نذر کی ہوئی ہے پس آج میں کسی انسان سے بات نہیں کروں[2] گی۔
[2] یعنی اس طرح روزہ رکھ کر لوگوں کے سوالات سے اپنی جان چھڑاؤ۔
اس کے بعد وہ اس کو لے کر اپنی قوم کے پاس[3] سوار کراکے لائی۔ جنہوں نے کہا اے مریم! تو نے بہت برا کام کیا ہے۔
[3] قرآن مجید میں تَحْمِلُہٗ کا لفظ ہے جس کے عام معنے اٹھانے کے ہوتے ہیں۔ مگر قرآن کریم اور لغت سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے معنے سوار کروا کر لے جانے کے بھی ہیں۔ اور یہی معنے اس جگہ ہم نے کیے ہیں۔ (تَحْمِلُہٗ کے ان معنوں کے لئے دیکھئے سورۂ توبہ آیت۹۲۔ نیز دیکھئے تفسیر علامہ ابوحیان ہسپانوی جلد۵ صفحہ۸۴۔ ۸۵ و لسان العرب)
اے ہارون کی بہن! [1]تیرا باپ تو برا آدمی نہیں تھا، اور تیری ماں بھی بدکار نہیں تھی۔
[1] حضرت مریمؑ کو ہارون کی بہن کہا گیا ہے اس پر مسیحی اعتراض کرتے ہیں کہ قرآن مجیدنے جہالت سے مریمؑ اُ مِّ عیسیٰؑ کو وہ مریم سمجھ لیا ہے جو ہارونؑ اور موسٰیؑ کی بہن تھی مگر ان کا اعتراض خود ان کی جہالت پر دلالت کرتا ہے۔ تمام اقوام میں رواج ہے کہ بچوں کے نام بزرگوں کے نام پر رکھتے ہیں۔ مریمؑ کے کسی بھائی کا نام بھی اگر ہارون ہو تو کیا تعجب ہے۔ اسے موسیٰ کا بھائی قرار دینا خود مسیحیوں کی ایجاد ہے۔ قرآن مجیدنے ایسا نہیں کہا۔ یہ سوال خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیا گیا تھا۔ اور آپ نے وہی جواب دیا تھا جو میں نے دیا ہے (دیکھیئے فتح البیان جلد۶ صفحہ۱۶)
اس پر اس نے اس (بچہ) کی طرف اشارہ کیا، اس پر لوگوں نے کہا، ہم اس سے کس طرح باتیں کریں جو کہ (کل تک) پنگھوڑے میں بیٹھنے والا بچہ تھا۔
(یہ سن کر ابن مریم نے) کہا کہ میں اللہ کا بندہ ہوں اور اس نے مجھے کتاب بخشی ہے اور مجھے نبی بنایا ہے۔
اور میں جہاں کہیں بھی ہوں اس نے مجھے بابرکت (وجود) بنایا ہے اور جب تک میں زندہ ہوں مجھے نماز اور زکٰوۃ کی تاکید کی ہے۔
اور مجھے اپنی والدہ سے نیک سلوک کرنے والا بنایا ہے اور مجھے ظالم اور بدبخت نہیں بنایا۔
اور جس دن میں پیدا ہوا تھا اس دن بھی مجھ پر سلامتی نازل ہوئی تھی اور جب میں مروں گا اور جب مجھے زندہ کرکے اٹھایا جائے گا (اس وقت بھی مجھ پر سلامتی نازل کی جائے گی)
(دیکھو) یہ (حقیقی) عیسیٰ ابن مریم ہے اور یہ (اس کا اصل) سچا واقعہ ہے جس میں وہ (لوگ) اختلاف کر رہے ہیں۔
خدا کی شان کے یہ خلاف ہے کہ وہ کوئی بیٹا بنائے۔ وہ اس بات سے پاک ہے وہ جب کبھی کسی بات کا فیصلہ کرتا ہے تو کہتا ہے (ایسا) ہوتا جائے تو ویسا ہی ہونے لگتا ہے (پھر اسے مدد کے لئے بیٹا بنانے کی کیا ضرورت ہے)