۱۹۔ سورۃ مريم
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور اللہ میرا بھی رب ہے اور تمہارا بھی رب ہے۔ اسی کی عبادت کرو یہی سیدھا راستہ ہے۔
مگر مختلف گروہوں نے آپس میں اختلاف کیا (اور سچائی کو چھوڑ دیا) پس جن لوگوں نے ایک بڑے دن میں حاضر ہونے کا انکار کیا ان پر عذاب نازل ہوگا۔
جس دن وہ ہمارے حضور میں حاضر ہونگے اس دن ان کی قوت شنوائی بہت تیز ہوگی اور نظریں بھی بہت تیز ہونگی لیکن وہ ظالم آج بہت بھاری گمراہی میں مبتلا ہیں۔
اور ان کو اس دن سے ڈرا جس دن (افسوس اور) مایوسی چھائی ہوئی ہوگی (یعنی قیامت کے دن سے) جب سب معاملات کا فیصلہ ہو جائے گا اور (اب تو) یہ لوگ غفلت میں (پڑے ہوئے) ہیں اور ایمان نہیں لاتے۔
ہم یقیناً (ساری) زمین کے بھی وارث ہونگے اور ان لوگوں کے بھی جو اس پر رہتے ہیں اور (آخرکار) سب لوگ ہماری طرف ہی لوٹا کر لائے جائیں گے۔
اور تو قرآن کریم کے رو سے ابراہیم کا ذکر کر۔ وہ یقیناً بڑا راستباز تھا اور نبی تھا۔
(اور تو اس وقت کو بھی یاد کر۔ اور لوگوں کے سامنے بیان کر) جب ابراہیم نے اپنے باپ سے کہا تھا کہ اے میرے باپ! تو کیوں ان چیزوں کی پرستش کرتا ہے جو نہ سنتی ہیں نہ دیکھتی ہیں اور نہ تیری کسی تکلیف کو دور کرنے پر قادر ہیں۔
اے میرے باپ! مجھے ایک خاص علم عطا کیا گیا ہے جو تجھے نہیں ملا۔ پس (باوجود اس کے کہ میں تیرا بیٹا ہوں) تو میری اتباع کر۔ میں تجھے سیدھا راستہ دکھاؤں گا۔
اے میرے باپ! شیطان کی عبادت نہ کر، شیطان یقیناً خدائے رحمن کا نافرمان ہے۔
اے میرے باپ! میں ڈرتا ہوں کہ تجھے خدائے رحمن کی طرف سے (نافرمانی کی وجہ سے) کوئی عذاب نہ پہنچے، جس کے نتیجہ میں تو شیطان کا دوست ہوجائے۔
اس پر (ابراہیم کے باپ نے) کہا، اے ابراہیم! کیا تو میرے معبودوں سے متنفر ہو رہا ہے؟ اے ابراہیم! اگر تو باز نہ آئے گا تو میں تجھے ضرور سنگسار کر دوں گا اور (بہتر ہے کہ) تو کچھ دیر کے لئے میری نظروں سے اوجھل ہو جا (تا کہ غصہ میں میں کچھ کر نہ بیٹھوں)
(اس پر ابراہیم نے) کہا اچھا میری طرف سے تجھ پر ہمیشہ سلامتی کی دعا پہنچتی رہے (یعنی میں تجھ سے الگ ہو جاتا ہوں) میں اپنے رب سے تیرے لئے ضرور مغفرت کی دعا کروں گا، وہ مجھ پر بہت ہی مہربان ہے۔