۱۹۔ سورۃ مريم

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور (اے باپ) میں تم کو اور جن (وجودوں) کو تم اللہ کے سوا پکارتے ہو سب کو چھوڑ دوں گا اور صرف اپنے رب کے حضور دعائیں مانگوں گا (اور) یقیناً میں اپنے رب کے حضور دعا کرنے کی وجہ سے بدنصیب نہیں بنوں گا۔

پھر جب (ابراہیم) ان (یعنی اپنے لوگوں) سے بھی اور جن کی وہ اللہ کے سوا پوجا کرتے تھے (ان سے بھی) جدا ہو گیا، تو ہم نے اسے اسحاق اور (اس کے بعد) یعقوب عطا فرمائے اور ان سب کو ہم نے نبی بنایا۔

اور ہم نے ان کو اپنی رحمت میں سے ایک (وافر) حصہ عطا فرمایا اور ہم نے ان کے لئے ہمیشہ قائم رہنے والا اعلیٰ درجہ کا ذکر خیر مقرر فرمایا۔

اور تو قرآن[1] کے مطابق موسیٰ کا بھی ذکر کر، وہ ہمارا منتخب بندہ تھا۔ اور رسول (اور) نبی تھا۔

[1] قرآن میں ذکر کرنے کے یہ معنے ہیں کہ قرآن مجید ان کے صحیح واقعات بیان کرتا ہے لیکن بائبل غلطی اور مبالغہ سے کام لیتی ہے اس لئے قرآن کریم کو اصلاح کی ضرورت پیش آئی۔ پس اصل صحیح تاریخ بیان ہونی چاہیے ورنہ بائبل کے بیان سے دنیا گمراہ ہوگی۔

اور ہم نے موسیٰ کو طور کی دائیں طرف سے پکارا اور اس کو اپنے اسرار بتاتے ہوئے اپنے قریب کر لیا۔

اور ہم نے اس (موسیٰ) کو اپنی رحمت سے اس کا بھائی ہارون نبی بنا کر (مددگار کے طور پر) دیا۔

اور تو قرآن کے مطابق اسماعیل کا بھی ذکر کر، وہ بھی یقیناً سچے وعدوں والا تھا اور رسول (اور) نبی تھا۔

اور اپنے اہل کو نماز اور زکٰوۃ کی تاکید کرتا رہتا تھا اور اپنے رب کے نزدیک پسندیدہ (وجود) تھا۔

اور تو قرآن کے رو سے ادریس کا بھی ذکر کر، وہ بھی صدیق نبی تھا۔

اور ہم نے اسے نہایت اعلیٰ مقام تک پہنچایا تھا۔

یہ سب کے سب وہ لوگ تھے، جن پر خدا نے نبیوں میں سے انعام کیا تھا۔ ان (نبیوں) میں سے جو آدم کی اولاد تھے اور جو ان لوگوں کی اولاد تھے جن کو ہم نے نوح کے ساتھ کشتی میں بچایا اور ابراہیم اور یعقوب کی (اولاد تھے) اور ان (لوگوں) میں سے تھے جن کو ہم نے ہدایت دی اور اپنے لئے منتخب کر لیا۔ جب ان کے اوپر خدائے رحمن کا کلام پڑھا جاتا تھا، تو وہ سجدہ کرتے ہوئے اور روتے ہوئے (زمین پر) گر جاتے تھے۔

پھر ان کے بعد ایک ایسی نسل آئی جنہوں نے نماز کو ضائع کر دیا اور نفسانی خواہشات کے پیچھے پڑ گئے۔ پس وہ عنقریب گمراہی کے مقام تک پہنچ جائیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی