۱۹۔ سورۃ مريم
تفسیر صغیر, حصہ 6
سوائے اس کہ جو توبہ کر لے گا اور ایمان لائے گا اور نیک عمل کرے گا۔ یہ (لوگ) جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
(یعنی ان جنتوں میں) جو ہمیشہ رہنے والی ہیں اور جن کا (خدائے) رحمن نے اپنے بندوں سے ایسے وقت میں وعدہ کیا ہے جبکہ وہ ان کی نظروں سے ابھی پوشیدہ[1] ہیں۔ یقیناً خدا کا وعدہ پورا ہو کر رہتا ہے۔
[1] یہ آیت بھی بتاتی ہے کہ یہ مسلمانوں کی ترقی کے متعلق ہے ورنہ اگلے جہان کی جنتوں کا مسلمانوں کو زندگی میں کسی وقت بھی علم نہیں ہو سکتا تھا۔
وہ ان (جنتوں) میں کوئی لغو بات نہیں سنیں گے بلکہ صرف سلامتی (اور امن کی باتیں سنیں گے) اور ان (جنتوں) میں ان کو صبح اور شام رزق ملے گا۔
یہ وہ جنت ہے جس کا وارث ہم اپنے بندوں میں سے ان کو کریں گے جو متقی ہوں گے۔
اور (فرشتے ان سے کہیں گے کہ) ہم تو صرف تمہارے رب کے حکم سے اترتے ہیں اور جو کچھ ہمارے آگے ہے اور جو کچھ ہمارے پیچھے ہے اور جو کچھ ان دونوں (جہات) کے درمیان میں ہے سب کچھ خدا کا ہے اور تمہارا رب بھولنے والا نہیں۔
(وہ) آسمانوں کا (بھی) رب ہے اور زمین کا بھی (رب) اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان (ہے) پس (اے مسلمان) اس کی عبادت کر اور اس کی عبادت پر ہمیشہ قائم رہ۔ کیا تو اس کا کوئی ہم صفت جانتا ہے۔
اور انسان ہمیشہ یہ کہتا رہے گا کہ کیا جب میں مر جاؤں گا تو پھر زندہ کرکے اٹھایا جاؤں گا؟
کیا انسان کو یہ (بات) یاد نہیں کہ ہم نے اس کو اس سے پہلے پیدا کیا تھا اور (اس وقت) وہ کوئی چیز نہیں تھا۔
پس تیرے رب کی قسم ہم (جو تیرے رب ہیں) ان لوگوں کو (پھر ایک دفعہ) اٹھائیں گے اور شیطانوں کو بھی (اٹھائیں گے اور) پھر ان سب کو جہنم کے گرد ایسی صورت میں حاضر کریں گے کہ وہ زانوؤں کے بل گِرے[1] ہوئے ہوں گے۔
[1] یعنی عاجزانہ دعائیں کر رہے ہوں گے۔
پھر ہم ہر ایک گروہ میں سے ایسے لوگوں کو الگ کر لیں گے جو (خدائے) رحمن کے سخت دشمن تھے۔
اور ہم خوب جانتے ہیں کہ ان میں سے کون دوزخ میں جانے کے زیادہ قابل ہے۔
اور تم میں سے ہر شخص اس (دوزخ) میں[2] جانے والا ہے۔ یہ خدا کا ایسا پکا وعدہ ہے جو ہو کر رہے گا۔
[2] قرآن مجید سے معلوم ہوتا ہے کہ دوزخیں دو (۲) ہیں، ایک اس دنیا کی، ایک اگلے جہان کی۔ یہ جو فرمایا ہے کہ ہر ایک شخص دوزخ میں جائے گا اس سے یہ مرادنہیں کہ مومن بھی دوزخ میں جائیں گے۔ بلکہ یہ مراد ہے کہ مومن دوزخ کا حصہ اسی دنیا میں پا لیتے ہیں۔ یعنی کفار انہیں قسم قسم کی تکالیف دیتے ہیں۔ ورنہ مومن قرآن مجید کی رو سے اگلے جہان میں دوزخ میں کبھی نہیں جائیں گے۔ کیونکہ قرآن مجید مومنوں کے متعلق فرماتا ہے کہ لَا یَسْمَعُوْنَ حَسِیْسَھَا یعنی مومن دوزخ سے اتنے دور رہیں گے کہ وہ اسکی آواز بھی نہیں سن سکیں گے۔ پس مومنوں کے دوزخ میں جانے سے مراد ان کا دنیا میں تکلیف اٹھانا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بخار کو بھی ایک قسم کا دوزخ قرار دیا ہے۔ فرمایا اَلْحُمّٰی حَظُّ کُلِّ مُؤْمِنٍ مِّنَ النَّارِ یعنی بخار دوزخ کی آگ کا مومن کے لئے ایک حصہ ہے۔ (فتح البیان جلد۶ صفحہ۳۶)