۱۹۔ سورۃ مريم

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور ہم متقیوں کو بچالیں گے، اور ظالموں کو اس میں گھٹنوں کے بل گرے ہوئے چھوڑ دیں گے۔

اور جب انہیں ہماری کھلی کھلی آیات پڑھ کر سنائی جاتی ہیں، تو کافر مومنوں سے کہتے ہیں (بتاؤ تو) ہم دونوں فریق میں سے کونسا فریق درجہ کے لحاظ سے بہتر اور ہم جلیسوں کے لحاظ سے (زیادہ) اچھا ہے۔

اور ہم نے ان سے پہلے بہت سے زمانوں کے لوگوں کو ہلاک کیا ہے جو سامانوں کے لحاظ سے اور ظاہری شان و شوکت کے لحاظ سے ان لوگوں سے اچھے تھے۔

تو کہہ دے کہ جو شخص گمراہی میں (پڑا) ہو (خدائے) رحمن اسے ایک عرصہ تک ڈھیل دیتا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ جب ایسے لوگوں کے سامنے وہ عذاب آجائے گا جس کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا (یعنی) یا دنیوی عذاب یا (قومی) کامل تباہی اس وقت وہ جان لیں گے کہ کون شخص مکان کے لحاظ سے بدتر ہے اور دوستوں کے لحاظ سے کمزور ہے۔

اور اللہ ہدایت یافتہ لوگوں کو ہدایت میں بڑھاتا جائے گا اور باقی رہنے والے نیک اعمال خدا کی نظر میں سب سے بہتر شے ہیں۔ جزا کے لحاظ سے بھی اور انجام کے لحاظ سے بھی۔

کیا تو نے اس شخص کی حالت پر کبھی غور نہیں کیا جس نے ہمارے نشانوں کا انکار کیا اور کہا کہ مجھے یقیناً بہت[1] سا مال اور بہت سے بیٹے دیئے جائیں گے۔

[1] اس میں عیسائیوں کا ذکر ہے جن کا یہ عقیدہ ہے کہ مسیح علیہ السلام کی آمد کے بعد موت کا سلسلہ اٹھ جائے گا اور اسی دنیا میں مسیحی دائمی زندگی پائیں گے۔ گویا جو ترقی ان کو اب حاصل ہے قیامت تک رہے گی۔

کیا اس نے غیب (کا حال) معلوم کر لیا ہے؟ یا (خدائے) رحمن سے کوئی وعدہ لے لیا ہے۔

ایسا ہرگز نہیں[2] ہوگا۔ ہم اس کے اس قول کو محفوظ رکھیں گے اور اس کے عذاب کو لمبا کر دیں گے۔

[2] فرماتا ہے ان کا یہ عقیدہ غلط ہے اگر مریں گے تو بھی سزا پائیں گے اور اگر اس دنیا میں زندہ رہیں گے تب بھی ان کے عذاب پانے کی خداتعالیٰ کوئی صورت نکال دے گا۔

اور جس (چیز) پر [3]وہ فخر کر رہا ہے اس کے ہم وارث ہو جائیں گے اور وہ ہمارے پاس اکیلا ہی آئے گا۔

[3] یعنی اسے دنیا پر فخر ہے خدا اس کا وارث ہو جائے گا۔ یعنی ان سے چھین کر اپنے مخلص بندوں کو دے دے گا۔ اس میں اسلام کی ترقی کی پیشگوئی ہے۔

اور ان لوگوں نے اللہ کے سوا بہت سے معبود بنا چھوڑے ہیں، اس امید سے کہ وہ ان لوگوں کے لئے عزت کا موجب بنیں (گے)۔

ایسا ہرگز نہیں ہوگا، وہ معبود ایک دن ان کی عبادتوں کا انکار کریں گے اور ان کے خلاف کھڑے ہو جائیں گے۔

کیا تجھے معلوم نہیں کہ ہم نے شیطانوں کو چھوڑ رکھا ہے کہ وہ کافروں کو اکساتے رہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی