۲۰۔ سورۃ طه

تفسیر صغیر, حصہ 10

اس دن لوگ پکارنے والے کے پیچھے چل پڑیں گے جس کی تعلیم[1] میں کوئی کجی نہ ہوگی اور رحمن (خدا کی آواز) کے مقابلہ میں (انسانوں کی) آوازیں دب جائیں گی پس تو سوائے کھسر[2] پسر کے کچھ نہ سنے گا۔

[1] یعنی جب دوسری قوموں پر تباہی آنی شروع ہوگی اور پہاڑ جیسی مضبوط قومیں تباہ ہو کر زمین سے لگ جائیں گی۔ تب لوگ اس نبی کو ماننے لگ جائیں گے جس کی تعلیم میں کوئی کجی نہ ہوگی۔ یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، جیسا کہ قرآن کریم میں قرآنی تعلیم کی باربار یہی تعریف آتی ہے۔

[2] یعنی ڈر کے مارے آوازیں دب جائیں گی۔

اس دن شفاعت[3] سوائے اس کے جس کے حق میں شفاعت کرنے کی اجازت رحمن (خدا) دے گا اور جس کے حق میں بات کہنے کو وہ پسند کرے گا۔ کسی کو نفع نہ دے گی۔

[3] اس آیت میں عیسائیوں کا ردّ کیا گیا ہے۔ جو مسیحؑ کو شفیع کہتے ہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے شفیع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کیونکہ صرف وہی ہیں جو رحمان پر ایمان لانے پر زور دیتے ہیں اور جن کی شفاعت کو قرآنی کلام نے جائز رکھا ہے لیکن مسیحیت اس کے برخلاف رحمانیت کی منکر ہے اس لئے اس آیت میں شفاعت کی اجازت صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حق میں ہے۔

وہ جو کچھ ان کے آگے آنے والا ہے اس کو بھی جانتا ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے گذر چکا ہے اس کو بھی جانتا ہے اور وہ اپنے علم کے ذریعہ سے اس (خدا) کا احاطہ نہیں کر سکتے۔

اور (اس دن) زندہ اور قائم رہنے اور قائم رکھنے والے (خدا) کے سامنے سب بڑے لوگ (ادب سے) جھک جائیں گے اور جو ظلم کرے گا وہ ناکام رہے گا۔

اور جس نے وقت کی ضرورت کے مطابق عمل کیے ہوں گے اور وہ مومن بھی ہوگا، وہ نہ تو کسی قسم کے ظلم سے ڈرے گا اور نہ کسی قسم کی حق تلفی سے۔

اور اسی طرح ہم نے اس (کتاب) کو عربی زبان کے قرآن کی صورت میں اتارا ہے اور اس میں ہر قسم کے انذار کو کھول کھول کر بیان کیا ہے تا کہ وہ تقویٰ اختیار کریں یا یہ (قرآن) ان کے لئے (خدا کی) یاد کا سامان (نئے سرے سے) پیدا کرے۔

پس اللہ جو بادشاہ ہے، بڑی شان والا ہے اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے اور تو قرآن (کی وحی) اترنے سے پہلے اس کے بارے میں جلدی سے کام نہ لے اور (مجملاً یہ) کہتا رہ کہ اے میرے رب! میرے علم کو بڑھا۔

اور ہم نے اس سے پہلے آدم کو (ایک امر کی) تاکید کی تھی مگر وہ بھول گیا اور ہم نے خوب جانچ لیا کہ اس کے دل میں ہمارا حکم توڑنے کے متعلق کوئی پختہ ارادہ نہیں تھا۔

اور (یہ بھی یاد کرو کہ) جب ہم نے ملائکہ سے کہا کہ آدم (کی پیدائش کے شکریہ میں خدا) کو سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سب نے سجدہ کر دیا۔ اس نے انکار کیا۔

اس پر ہم نے (آدم سے) کہا، اے آدم، یہ (ابلیس) یقیناً تیرا اور تیرے ساتھیوں کا دشمن ہے۔ پس تم دونوں (گروہوں) کو یہ جنت سے نہ نکال دے کہ اس کے نتیجہ میں تو (اور تیرا ہر ساتھی) مصیبت میں پڑ جائے۔

یقیناً اس [1](جنت) میں تیرے لئے یہ (مقدر) ہے کہ تو بھوکا نہ رہے (اور نہ تیرے ساتھی) اور تو ننگا نہ رہے۔

[1] معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب سے پہلی تعلیم ہے جو آدم ؑ کو ملی تھی۔ یعنی تیری حکومت کا قانون ایسا ہو کہ اُس کا اِس اِس طرح نتیجہ نکلے۔

اور نہ تو پیاسا رہے اور نہ دھوپ میں جلے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی