۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر, حصہ 11
اس پر شیطان نے اس کے دل میں وسوسہ[1] ڈالا (اور) کہا، اے آدم! کیا میں تجھے ایک ایسے درخت کا پتہ دوں جو سدا بہار ہے اور ایسی بادشاہی (کا پتہ دوں) جو کبھی فنا نہ ہوگی۔
[1] دیکھئے سورۃ اعراف آیت۲۱ نوٹ نمبر۵
پس ان دونوں نے (یعنی آدم اور اس کے ساتھیوں نے) اس درخت میں سے کچھ کھایا (یعنی اس کا مزہ چکھا) جس پر ان دونوں کی کمزوریاں ان پر کھل گئیں اور وہ دونوں اپنے اوپر جنت کی زینت کے سامان [2](یعنی اعمال نیک) لپیٹنے لگ گئے اور آدم نے اپنے رب کی نافرمانی کی پس وہ صحیح راستہ سے بھٹک گیا۔
[2] دیکھئے سورۃ اعراف آیت۲۳ نوٹ نمبر۱
اس کے بعد اس کے رب نے اس کو چن لیا اور اس پر رحم کی نظر ڈالی اور اسے صحیح طریق کار بتا دیا۔
(اور خدا نے) کہا، تم دونوں (گروہ) اس میں سے سارے کے سارے نکل جاؤ۔ تم میں سے بعض بعض کے دشمن ہوں گے پس اگر تمہارے پاس میری طرف سے ہدایت آئے تو جو میری ہدایت کی اتباع کرے گا وہ کبھی گمراہ نہ ہوگا اور نہ کبھی ہلاکت میں پڑے گا۔
اور جو شخص میرے یاد دلانے کے باوجود اعراض سے کام لے گا۔ اسے تکلیف والی زندگی ملے گی اور قیامت کے دن ہم اسے اندھا اٹھائیں گے۔
(جس پر) وہ کہے گا، اے میرے رب! تو نے مجھے کیوں اندھا اٹھایا، حالانکہ میں تو خوب دیکھ سکتا تھا۔
(اس پر خدا) فرمائے گا، تیرے پاس بھی تو ہماری آیات آئی تھیں جن کو تو نے بھلا دیا تھا سو آج تجھ کو بھی (خدا کی رحمت کی تقسیم کے وقت) ترک کر دیا جائے گا۔
اور جو خدائی قانون سے باہر چلا جاتا ہے اور اپنے رب کی آیات پر ایمان نہیں لاتا، اس کے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے اور (یہ تو صرف دنیوی سلوک ہے) آخرت کا عذاب اس سے بھی زیادہ سخت اور بہت مدت تک جانے والا ہے۔
کیا ان لوگوں کو (اس بات سے) ہدایت حاصل نہ ہوئی کہ ان سے پہلی گزری ہوئی قوموں میں سے بہتوں کو ہم نے ہلاک کر دیا۔ یہ (لوگ) ان کے گھروں میں چلتے پھرتے ہیں اس میں عقل والے لوگوں کے لئے بڑے نشان ہیں۔
اور اگر ایک بات تیرے رب کی طرف سے پہلے نہ گذر چکی ہوتی اور مدت بھی مقرر نہ ہوتی تو عذاب (ان قوموں کے لئے) دائمی بن جاتا (اور ایک لمبے عرصہ تک جاری رہتا)۔
پس جو کچھ یہ (لوگ) کہتے ہیں تو اس پر صبر کر (کیونکہ تیرے رب کی سنت یہی ہے کہ رحم سے کام لیا جائے) اور سورج کے چڑھنے اور اس کے ڈوبنے سے پہلے اس کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح بھی کیا کر اور رات کے مختلف حصوں اور (اسی طرح) دن کے سب حصوں میں بھی اس کی تسبیح کیا کر، تا کہ (اس کے فضل کو حاصل کرکے) تو خوش ہو جائے۔
اور ہم نے جو کچھ ان میں سے بعض لوگوں کو دنیوی زندگی کی زیبائش کے سامان دے رکھے ہیں تو اس کی طرف اپنی دونوں آنکھوں کی نظر کو پھیلا پھیلا کر مت دیکھ، (کیونکہ یہ سامان ان کو اس لئے دیا گیا ہے) کہ ہم اس کے ذریعہ سے ان کی آزمائش کریں، اور تیرے رب کا دیا ہوا رزق سب سے اچھا اور باقی رہنے والا ہے۔