۲۰۔ سورۃ طه

تفسیر صغیر, حصہ 9

اس نے کہا، میں نے وہ کچھ دیکھا جو ان لوگوں نے نہیں دیکھا تھا اور میں نے اس رسول (یعنی موسیٰ) کی باتوں میں سے کچھ اختیار کر لیں[1] (اور کچھ اختیار نہ کیں) پھر (جب موقعہ آیا تو) میں نے ان (اختیار کی ہوئی باتوں) کو بھی پھینک دیا اور میرے دل نے یہی چیز مجھے اچھی کرکے دکھائی تھی۔

[1] مفسرین کہتے ہیں کہ سامری نے یہ کہا تھا کہ میں نے جبرائیل کو دیکھ لیا تھا اور اس کے گھوڑے کے پاؤں کی مٹی اٹھالی تھی اس سے یہ بچھڑا تیار کیا تھا۔ مگر قرآن مجید میں رسول کا لفظ ہے جس سے موسیٰ علیہ السلام مراد ہیں اور اَثر سے مراد بات یا سنت ہے جیسا کہ لغت سے ثابت ہے (اقرب) سامری نے فقط یہ کہا تھا کہ پہلے میں نے اس رسول یعنی موسٰیؑ کی تعلیم کو اختیار کر لیا تھا۔ پھر جب موقع مناسب دیکھا کہ موسٰیؑ تردید کرنے کے لئے موجودنہیں تو اس تعلیم کو پھینک دیا۔

(موسیٰ نے) کہا، اچھا تو جا، تیری اس دنیا میں یہی سزا ہے کہ تو اس (دنیا) میں ہر ایک سے یہ کہتا رہے کہ (مجھے) چھوؤ نہیں (یعنی مجھ کو موسیٰ نے گندہ قرار دے دیا ہے) اور (موسیٰ نے سامری سے یہ بھی کہا کہ) تیرے لئے ایک وقت مقرر ہے (یعنی سزا کا) جس کو تو ٹلا نہیں سکے گا اورتو اپنے معبود کی طرف دیکھ جس کے سامنے بیٹھ کر تو اس کی پرستش کیا کرتا تھا، ہم اس کو جلائیں [2]گے اور پھر اس کو سمندر میں پھینک دیں گے۔

[2] عیسائی مصنّف اکثر اعتراض کرتے ہیں کہ بچھڑا سونے کا تھا اور سونا جل کر راکھ نہیں ہو سکتا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ سامری کی غرض فریب تھی اور اس کے لئے بچھڑے کے منہ اور دُم میں لکڑی کے خول لگانے ضروری تھے تا ہوا آنے پر آواز نکلے۔ پس جب بچھڑا جلایا گیا تو ساتھ وہ خول بھی جلے اور ان کی راکھ بن گئی۔ جس کو موسٰیؑ نے سونے کی ریت کے ساتھ دریا میں پھینکوا دیا۔ (نَسَفَ کے معنے لغت میں پھینک دینے کے لکھے ہیں دیکھئے مفردات)

تمہارا معبود تو صرف اللہ ہے جس کے سوا اور کوئی معبود نہیں، وہ ہر ایک چیز کو جانتا ہے۔

اسی طرح ہم تیرے سامنے پہلے لوگوں کی خبریں بیان کرتے ہیں اور ہم نے تجھے اپنے پاس سے ذکر (یعنی قرآن) عطا فرمایا ہے۔

جو اس سے منہ پھیر لے گا وہ قیامت کے دن ایک بہت بڑا بوجھ اٹھائے گا۔

(ایسے لوگ) اس حالت میں بڑی دیر تک رہیں گے اور قیامت کے دن یہ بوجھ اور بھی تکلیف دہ ہوگا۔

جس دن کہ بگل میں پھونکا جائے گا اور اس دن مجرموں کو ہم اس حالت میں اٹھائیں گے کہ ان کی آنکھیں نیلی[1] ہوں گی۔

[1] اس جگہ یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ یہ یورپین قوموں کا ذکر ہے جن کی آنکھیں نیلی ہوتی ہیں۔ اور اگلی آیت میں بتایا ہے کہ وہ اپنی ترقی کے بعد تنزل کے زمانہ میں کہیں گے کہ ہم تو صرف د س رہے ہیں یعنی دس صدیاں اور یورپین قوموں کی ترقی کا زمانہ اتنا ہی بنتا ہے۔

وہ آپس میں آہستہ آہستہ باتیں کریں گے کہ تم تو صرف دس (صدیاں اس دنیا میں حاکم) رہے ہو۔

ہم خوب جانتے ہیں اس کو جو وہ کہیں گے جب ان میں سے سب سے زیادہ ان کے مذہب[2] پر چلنے والا کہے گا کہ تم صرف ایک تھوڑی سی مدت [3]ٹھہرے ہو۔

[2] یعنی پوپ یا ایسا ہی کوئی بڑا مسیحی چنانچہ لغت میں طَرِیْـقَۃ ٌ کے معنے شَرِیْفُ الْقَوْمِ کے بھی لکھے ہیں یعنی سردارِ قوم (اقرب)

[3] جب عذاب آتا ہے تو آرام اور ترقی کا وقت بہت تھوڑا معلوم ہوتا ہے۔ اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ ہے۔

اور وہ تجھ سے پہاڑوں[4] کے متعلق پوچھتے ہیں تو کہہ دے کہ ان کو میرا رب اکھاڑ کر پھینک دے گا۔

[4] پہاڑ کے معنے ہم پہلے لکھ چکے ہیں۔ لغت میں بڑے آدمی کے بھی ہوتے ہیں۔ (اقرب)

اور ان کو ایک ایسے چٹیل میدان کی صورت میں چھوڑ دے گا۔

کہ نہ تو تو اس میں کوئی موڑ دیکھے گا اور نہ کوئی اونچائی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی