۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر, حصہ 6
اس پر فرعون پیٹھ پھیر کر چلا گیا اور جو تدبیریں اس سے ممکن ہو سکتی تھیں ان کو مہیا کیا اور پھر (موسیٰ کی طرف) لوٹا۔
(تب) موسیٰ نے ان سے کہا، اے لوگو! تم پر ہلاکت ہو، اللہ پر جھوٹ نہ باندھو ایسا نہ ہو کہ وہ تم کو عذاب کے ذریعہ سے پیس ڈالے، اور جو کوئی (خدا پر) افترا کرتا ہے وہ ناکام ہو جاتا ہے۔
یہ سن کر (فرعون اور اس کے ساتھی) آپس میں جھگڑنے لگے اور خفیہ منصوبے کرنے لگے۔
(اور) انہوں نے کہا یہ دونوں (یعنی موسیٰ و ہارون) اور کچھ بھی نہیں صرف جادوگر ہیں (جو) یہ چاہتے ہیں کہ تم کو تمہاری زمین سے اپنے جادو کے زور سے نکال دیں اور تمہارے اعلیٰ درجہ کے مذہب کو تباہ کر دیں۔
پس چاہیئے کہ تم بھی اپنی تدبیریں سوچ لو۔ پھر سب کے سب ایک جماعت کی شکل میں آؤ اور جو (شخص) آج جیتے گا وہ ضرور بامراد ہوگا۔
(اس پر ان لوگوں نے جن کو موسیٰ کے مقابلہ کے لئے فرعون نے جمع کیا تھا) کہا کہ اے موسیٰ! یا تو (اپنی تدبیر) پھینک (یعنی ظاہر کر) یا ہم تجھ سے پہلے پھینکیں۔
(تب موسیٰ نے) کہا (بہتر یہ ہے) کہ تم (اپنی تدبیر) پھینکو (یعنی ظاہر کرو) پس (انہوں نے جو تدبیر کی) اس کے نتیجہ میں ان کی رسیاں اور ان کے سونٹے موسیٰ کو (ان کے فریب کی وجہ سے) یوں نظر آئے گویا کہ وہ دوڑ رہے ہیں۔
اور موسیٰ اپنے نفس میں پوشیدہ طور پر ڈرا۔
(تب) ہم نے وحی کی (اے موسیٰ)! مت ڈر، کیونکہ تو ہی غالب آئے گا۔
اور جو کچھ تیرے دائیں ہاتھ میں ہے اس کو زمین پر ڈال دے۔ جو کچھ انہوں نے کیا ہے اس سب کو وہ نگل جائے گا (یعنی اس کا بھانڈہ پھوڑ دے گا) انہوں نے جو کچھ کیا ہے وہ تو فریب کاروں کا ایک فریب ہے اور فریب کار جس طرف سے بھی آئے (خدا کے مقابلہ میں) کامیاب نہیں ہو سکتا۔
پس (جب موسیٰ کے سونٹا ڈالنے کے بعد فرعون کے لائے ہوئے) چالباز (اپنی کمزوری سمجھ گئے تو وہ اپنی ضمیر کی آواز سے) سجدہ میں گرائے گئے اور کہنے لگے ہم ہارون اور موسیٰ کے رب پر ایمان لاتے ہیں۔
(اس پر فرعون نے) کہا، کیا تم میرے حکم سے پہلے ہی اس پر ایمان لاتے ہو (معلوم ہو گیا کہ) وہ تمہارا سردار ہے جس نے تم کو یہ چالاکیاں سکھائی ہیں۔ پس (اس فریب کی جزا میں) میں تمہارے ہاتھ اور پاؤں (اپنی) خلاف ورزی کی وجہ سے کاٹ دوں گا اور (میں تم کو) کھجور کے تنوں سے باندھ کر صلیب دے دوں گا اور تم کو معلوم ہو جائے گا کہ ہم میں سے کون زیادہ سخت اور دیر پا عذاب دے سکتا ہے۔