۲۰۔ سورۃ طه
تفسیر صغیر, حصہ 7
(اس پر) انہوں نے (یعنی فرعون کے پہلے ساتھیوں یا ساحروں نے) کہا، ہم تجھ کو ان نشانات پر فوقیت نہیں دے سکتے جو (خدا کی طرف سے) ہمارے پاس آئے ہیں اور نہ اس (خدا) پر جس نے ہم کو پیدا کیا ہے۔ پس جو تیرا زور لگتا ہے لگا لے تو صرف اس دنیا کی زندگی کو ختم کر سکتا ہے۔
ہم (اب) اپنے رب پر ایمان لا چکے ہیں تا کہ وہ ہمارے گناہوں کو معاف کر دے اور اس دھوکہ بازی (کے مقابلہ) کو بھی معاف کر دے جس کے لئے تو نے ہم کو مجبور کیا تھا اور اللہ سب سے بہتر ہے اور سب سے زیادہ قائم رہنے والا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ جو کوئی شخص اپنے رب کے پاس مجرم کی حیثیت سے حاضر ہوتا ہے، اسے یقیناً جہنم ملتی ہے نہ وہ اس میں مرتا ہے نہ زندہ رہتا ہے۔
اور جو شخص مومن ہونے کی حالت میں جب کہ وہ ساتھ ساتھ مناسب حال عمل بھی کرتا ہوگا اس (خدا) کے پاس آئے گا تو ایسا ہر شخص اعلیٰ درجے پائے گا۔
(وہ درجے) ہمیشہ رہنے والے باغات (ہوں گے) جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی (اور) وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے اور یہ اس (شخص) کا مناسب بدلہ ہے جو پاکیزگی اختیار کرتا ہے۔
اور ہم نے موسیٰ کو وحی کی تھی کہ میرے بندوں (یعنی اپنی قوم) کو رات کے اندھیرے میں نکال کر لے جا، پھر ان کو سمندر میں ایک راستہ بتا جو خشک ہو نہ تم کو یہ ڈر ہوگا کہ کوئی (شخص) آکر پیچھے سے پکڑ لے اور نہ تم (سمندر کی تباہی سے) ڈرو گے (اس پر موسیٰ اپنی قوم کو لے کر سمندر کی طرف گئے)۔
اور فرعون اپنے لشکر لیکر ان کے پیچھے پیچھے چلا اور سمندر نے اس کو اور اس کے ساتھیوں کو بالکل ڈھانپ لیا۔
اور فرعون نے اپنی قوم کو گمراہ کیا اور ہدایت کا طریق نہ بتایا۔
اے بنی اسرائیل! ہم تم کو تمہارے دشمن سے نجات دے چکے ہیں اور اس کے بعد ہم تم سے طور کے دائیں طرف ایک بالمقابل وعدہ [1]کر چکے ہیں اور ہم نے تم پر ترنجبین اور بٹیر بھی اتارے تھے (تا کہ تمہارے لئے خوراک مہیا کریں)۔
[1] بالمقابل وعدہ یہ تھا کہ بنی اسرائیل اگر تورات کے احکام پر قائم رہیں گے تو خداتعالیٰ ان کو برکت دے گا۔ مگر بنی اسرائیل کے دوسرے حصہ یعنی مسیحیوں نے ان احکام میں سے سبت کو چھوڑ دیا۔ جیسا کہ خود مسیحی علماء کا اقرار ہے یعنی ایک رومی بادشاہ کے کہنے کے مطابق ہفتہ کو جو سبت کا دن تھا۔ بدل کر اتوار کو سبت قرار دے دیا۔ اور یہودنے ان کے بالمقال وعدوں کو اس طرح توڑا کہ اوّل عزرا نبی کو خدا قرار دیا۔ دوم عام آدمی تو الگ رہے۔ باربار محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جو موعودنبی تھے قتل کرنے کی کوشش کی اور آپ سے پہلے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو قتل کرنے کی کوشش کی۔
(اور کہا تھا کہ) جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے پاک چیزیں کھاؤ۔ اور اس (رزق) کے بارے میں ظلم سے کام نہ لینا، تا ایسا نہ ہو کہ تم پر میرا غضب نازل ہو جائے اور جس پر میرا غضب نازل ہو۔ وہ (بلندی سے) گر جاتا ہے۔
اور جو شخص توبہ کرے اور ایمان لائے پھر مناسب حال عمل (بھی) کرے اور ہدایت پا جائے تو میں اس کے (بڑے سے بڑے) گناہ معاف کر دیا کرتا ہوں۔
اور (ہم نے کہا) اے موسیٰ! تم اپنی قوم کو چھوڑ کر کس لئے جلدی جلدی آگئے ہو؟