۲۰۔ سورۃ طه

تفسیر صغیر, حصہ 8

(موسیٰ نے جواب میں) کہا کہ وہ (لوگ) میرے پیچھے پیچھے آرہے ہیں اور اے میرے رب! میں اس لئے تیرے پاس جلدی سے آیا ہوں تا کہ تو (میرے اس فعل پر) خوش ہو جائے۔

(اس پر خدا نے) کہا، ہم نے تیری قوم کو تیرے بعد ایک آزمائش میں ڈال دیا ہے اور سامری نے ان کو گمراہ کر دیا ہے۔

اس پر موسیٰ اپنی قوم کی طرف غصے سے بھرے ہوئے افسردہ لوٹ گئے (اور اپنی قوم سے) کہا، اے میری قوم! کیا تمہارے رب نے تم سے ایک اچھا وعدہ نہیں کیا تھا۔ کیا اس وعدہ کے پورا ہونے میں کوئی دیر ہو گئی تھی یا تم چاہتے تھے کہ تم پر تمہارے رب کی طرف سے کوئی غضب نازل ہو، سو تم نے میرے وعدہ کو رد کر دیا۔

انہوں نے کہا ہم نے تیرے وعدہ کو اپنی مرضی سے رد نہیں کیا، بلکہ قوم کے زیورات کا جو بوجھ ہم پر لاد دیا گیا تھا۔ اس کو ہم نے پھینک دیا اور اسی طرح سامری نے بھی اس کو پھینک دیا۔

پھر اس نے ان[1] کے لئے (یعنی ہمارے لئے) ایک بچھڑا تیار کیا جو محض جسم ہی تھا، اس سے ایک بے معنی آواز[2] نکلتی تھی (یعنی حقیقی بچھڑا نہیں تھا) پھر (اس نے اور اس کے ساتھیوں نے) کہا کہ یہ تمہارا بھی اور موسیٰ کا بھی خدا ہے اور وہ اسے بھول (کر پیچھے چھوڑ) گیا ہے۔

[1] یہ تضاد ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ میتھڈ (Direct and indirect Method) کی وجہ سے ہے کہ عربی میں انگریزی کی طرح اِن ڈائریکٹ میتھڈ زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ لیکن اردو میں نہیں، اس لئے قرآن مجید میں جو ’’لَھُمْ‘‘ کا لفظ تھا ہم نے اس کا ترجمہ ’’ہمارے لئے‘‘ کیا ہے۔

[2] خُوَار کے متعلق دیکھئے سورہ اعراف آیت۱۴۹ نوٹ نمبر۲۔

(بے شک سامری اور اس کے ساتھیوں نے ایسا کیا) مگر کیا وہ خود نہیں دیکھتے تھے کہ وہ بچھڑا ان کی کسی بات کا جواب نہیں دیتا اور نہ ان کو کوئی ضرر پہنچا سکتا ہے اور نہ نفع پہنچا سکتا ہے۔

اور ہارون نے (موسیٰ کے واپس آنے سے بھی) پہلے ان سے کہہ دیا تھا کہ اے میری قوم! تم کو اس (بچھڑے) کے ذریعہ آزمائش میں ڈالا گیا ہے اور تمہارا رب تو رحمن (خدا) ہے پس میری اتباع کرو اور میرے حکم کو مانو (اور شرک نہ کرو)

(مگر اس ضدی قوم نے) کہا، جب تک موسیٰ ہماری طرف واپس نہ آئے ہم برابر اس کی عبادت میں مشغول رہیں گے۔

(جب موسیٰ واپس آئے تو انہوں نے ہارون سے) کہا اے ہارون! جب تو نے اپنی قوم کو گمراہ ہوتے دیکھا تھا تو تجھے کس نے منع کیا تھا؟

کہ تو میرے نقش قدم پر نہ چلے؟ کیا تو نے میرے حکم کی نافرمانی کی؟

(ہارون نے) کہا، اے میری ماں کے بیٹے! نہ میری داڑھی (کے بال) پکڑ اور نہ میرے سر کے بال (پکڑ) میں تو اس بات سے ڈر گیا تھا کہ تو یہ نہ کہے کہ تو نے بنی اسرائیل میں تفرقہ پیدا کر دیا ہے اور میری بات کا خیال نہیں رکھا (کہ قوم کی تنظیم قائم رہے)

(اس پر موسیٰ سامری سے مخاطب ہوئے اور) کہا اے سامری! تیرا کیا معاملہ ہے؟

·

آج 10 میں سے 10 باقی