۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 3

کیا انہوں نے اس کے سوا معبود بنا لئے ہیں؟ تو کہہ دے اپنی دلیل لاؤ۔ یہ (قرآن) تو ان کے لئے بھی جو میرے ساتھ ہیں شرف[1] کا موجب ہے، اور جو مجھ سے پہلے گذر چکے ہیں ان کے لئے بھی شرف کا موجب ہے لیکن ان میں سے اکثر حق کو پہچانتے نہیں اس لیے اس سے اعراض کرتے ہیں۔

[1] پہلوں کے لئے اس طرح کہ پہلے لوگوں پر جو اُن کی امتوں نے جھوٹ باندھ کر اعتراض پیدا کر دئے تھے۔ قرآن نے وہ سب دور کر دئے اور اس طرح اول اور آخر کے لئے شرف کا موجب ہو گیا۔

اور ہم نے تجھ سے پہلے جتنے بھی رسول بھیجے ہیں ہم ان میں سے ہر ایک کی طرف یہ وحی کرتے تھے کہ حقیقت یہ ہے کہ میں ایک ہی خدا ہوں۔ پس (صرف) میری عبادت[2] کرو۔

[2] یہ آیت عربی کے ترجمہ کے لحاظ سے بہت مشکل ہے کیونکہ یہ مضمون اردو میں مثبت الفاظ میں ادا کرتے ہیں۔ لیکن عربی میں منفی الفاظ سے۔ ہم نے ترجمہ کی سہولت کے لئے مفہوم کو قائم رکھتے ہوئے ترجمہ مثبت الفاظ میں کر دیا ہے۔

اور (یہ لوگ) کہتے ہیں کہ رحمن (خدا) نے بیٹا بنا لیا ہے (ان کی بات درست نہیں) وہ تو ہر کمزوری سے پاک ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ (جن کو یہ بیٹا کہتے ہیں) وہ خدا کے کچھ بندے ہیں جن کو خدا کی طرف سے عزت ملی ہے۔

وہ خدا کی بات سے ایک لفظ بھی زیادہ نہیں کہتے اور وہ اس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔

وہ (خدا) اس کو بھی جانتا ہے جو انہیں آئندہ پیش آنے والا ہے اور جو وہ پیچھے چھوڑ آئے ہیں اور وہ سوائے اس کے جس کے لئے خدا نے یہ بات پسند کی ہو کسی کے لئے شفاعت نہیں کرتے اور وہ اس کے خوف سے لرزتے رہتے ہیں۔

اور جو بھی ان میں سے یہ کہے کہ میں خدا کے سوا معبود ہوں ہم اس کو جہنم میں ڈالیں گے اور ہم ظالموں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں۔

کیا کفار نے یہ نہیں دیکھا کہ آسمان اور زمین دونوں بند تھے، پس ہم نے ان کو کھول[1] دیا اور ہم نے پانی سے ہر زندہ چیز کو زندہ کیا ہے۔ پس کیا وہ ایمان نہیں لاتے؟

[1] یعنی جب تک خداتعالیٰ نے وحی نہ بھیجی آسمان و زمین کی ہدایت کا کوئی سامان نہ ہوا مگر جب ہم نے اس کو کھولا اور وحی نازل کی تب ہدایت کا سامان پیدا ہوا اور ثابت ہوا کہ وحی الٰہی کے بغیر کوئی زندگی نہیں۔ تعجب ہے کہ یہ لوگ پھر بھی ایمان نہیں لاتے۔
موجودہ سائنس نے بھی یہ ثابت کر دیا ہے کہ جب کوئی نیا نظام شمسی پیدا ہوتا ہے تو پہلے وہ ایک گیند کی طرح ہوتا ہے۔ پھر اندرونی چکر سے اس کے کنارے دور دور پھینکے جاتے ہیں اور نئے کُرّے بن جاتے ہیں جو اندرونی محور کے گرد چکر کھانے لگ جاتے ہیں۔ اور ایک نیا نظام شمسی بن جاتا ہے۔

اور ہم نے زمین میں پہاڑ بنائے تا ایسا نہ ہو کہ وہ (یعنی زمین) ان (یعنی اہل زمین) سمیت شدید زلزلہ میں مبتلا ہو جائے۔ اور ہم نے زمین میں کھلے کھلے راستے بھی بنائے تا کہ یہ لوگ ان کے ذریعہ سے (مختلف مقامات تک) پہنچیں۔

اور ہم نے آسمان کو ایک مضبوط چھت (یعنی حفاظت کا ذریعہ) بنایا ہے اور پھر بھی وہ اس کے نشانوں (یعنی آسمان سے ظاہر ہونے والے نشانوں) سے (جو ان کے فائدہ کے لئے ہیں) اعراض کرتے ہیں۔

اور وہی ہے جس نے رات اور دن کو اور سورج اور چاند کو پیدا کیا ہے یہ سب (آسمانی سیارے) اپنے اپنے محور میں بے روک چل رہے ہیں۔

اور ہم نے کسی انسان کو تجھ سے پہلے غیرطبعی عمر نہیں بخشی۔ کیا اگر تو مر جائے تو وہ غیر طبعی [2]عمر تک زندہ رہیں گے۔

[2] دیکھئے مفردات راغب۔

ہر جان موت چکھنے والی ہے۔ اور ہم تمہاری برے اور اچھے حالات سے آزمائش کریں گے اور آخر ہماری طرف ہی تم کو لوٹا کر لایا جائے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی