۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور جب تجھے کفار دیکھتے ہیں تو تجھ کو صرف ایک حقیر چیز سمجھتے ہیں (اور کہتے ہیں) کیا یہی شخص ہے جو تمہارے معبودوں کی کمزوریاں گناتا ہے۔ حالانکہ وہ خود رحمن (خدا) کے ذکر کا انکار کرتے ہیں۔

انسان کے اندر جلد بازی کا مادہ رکھا گیا [1]ہے، سو (یاد رکھو) میں[2] تم کو اپنے نشان دکھاؤں گا، پس تم جلد بازی سے کام نہ لو۔

[1] دیکھئے سورۃ حجر آیت۲۸ نوٹ نمبر۱۔

[2] یعنی خداتعالیٰ۔

اور یہ (سن کر) وہ کہتے ہیں کہ اگر تم لوگ (یعنی مسلمان) سچے ہو تو یہ وعدہ کب پورا ہوگا؟

اگر کفار اس گھڑی کو جان لیتے جب کہ وہ نہ اپنے مونہوں سے اور نہ اپنی پیٹھوں سے آگ کو ہٹا سکیں گے اور نہ کسی کی طرف سے ان کی مدد کی جائے گی (تو وہ اتنی تعلّی نہ کرتے)۔

لیکن (وہ عذاب) ان کے پاس اچانک آئے گا اور ان کو حیران کر دے گا پس وہ اس کو رد ّکرنے کی طاقت نہیں رکھیں گے اور نہ ان کو (کوئی) مہلت دی جائے گی۔

اور تجھ سے پہلے جو رسول گذرے ہیں ان سے بھی ہنسی کی گئی تھی، لیکن نتیجہ یہ ہوا کہ جنہوں نے ان رسولوں سے ہنسی کی تھی ان کو انہی باتوں نے آکر گھیر لیا جن کے ذریعہ سے وہ نبیوں کی ہنسی اڑاتے تھے۔

تو کہہ دے کہ رات یا دن کے وقت رحمن (خدا) کی گرفت سے تم کو کون بچا سکتا ہے لیکن (حقیقت یہ ہے کہ) وہ اپنے رب کے ذکر سے اعراض کر رہے ہیں۔

کیا ان کی تائید میں کوئی (سچے) معبود ہیں جو ان کو ہمارے عذاب سے بچالیں گے؟ وہ (معبود) تو اپنی جانوں کی بھی حفاظت نہیں کر سکتے اور نہ ہمارے مقابلہ میں کوئی ان کا ساتھ دے سکتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ان کو بھی اور ان کے باپ دادوں کو بھی بہت سا مال و متاع دے رکھا تھا۔ یہاں تک کہ ان پر ایک لمبا زمانہ گذر گیا۔ پس کیا یہ نہیں دیکھتے کہ ہم ان کے ملک کی طرف بڑھ رہے ہیں اور کناروں [1]کی طرف سے اس کو چھوٹا کرتے جا رہے ہیں۔ تو کیا (اس سے یہی نتیجہ نکلتا ہے کہ) وہ غالب آئیں گے؟

[1] یعنی ملک کے کنارے اور نئی اولادیں مسلمانوں کے قبضہ میں آتی جاتی ہیں۔

تو ان سے کہدے کہ میں تو تم کو وحی کے ذریعہ سے ہوشیار کر رہا ہوں اور (خوب سمجھتا ہوں کہ) جب (روحانی) بہروں کو ہوشیار کیا جائے تو وہ آواز نہیں سن سکتے۔

اور اگر انکو تیرے رب کے عذاب کی گرمی کا کوئی جھونکا لگ جائے تو وہ ضرور کہیں گے، ہم پر افسوس! ہم تو ظلم ہی کرتے رہے۔

اور ہم قیامت کے دن ایسے تول [2]کے سامان (یعنی پورا تولنے والے سامان) پیدا کریں گے کہ جن کی وجہ سے کسی جان پر ذرا سا بھی ظلم نہیں کیا جائے گا اور اگر ایک رائی کے دانہ کے برابر بھی (کوئی عمل) ہوگا تو ہم (اس کو) موجود کردیں گے اور ہم حساب لینے میں کافی ہیں۔

[2] قرآن مجید میں دو لفظ ہیں اَلْمَوَازِیْن اور اَلْقِسْط چونکہ قِسْط بھی اَلْمَوَازِیْن کا ہم معنی ہے اور ترکیب میں اس کا بدل ہے اس لئے ہم نے دونوں لفظوں کے ایک معنے کر دئے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی