۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور ہم نے موسیٰ اور ہارون کو امتیازی نشان بخشا تھا اور روشنی بخشی تھی۔ اور متقیوں کے لئے ایک یاددہانی کی تعلیم بخشی تھی۔

وہ (متقی) جو اپنے رب سے غیب میں (بھی) ڈرتے ہیں اور جو جزا سزا کے وقت مقرر سے بھی ڈرتے رہتے ہیں۔

اور یہ (قرآن) ایک ایسی یاددہانی کرنے والی کتاب ہے جس میں تمام آسمانی کتابوں کی خوبیاں بہہ [1]کر آگئی ہیں اس کو ہم نے اتارا ہے پس کیا تم ایسی کتاب کے منکر ہو؟

[1] قرآن مجید میں مُبَارَکٌ کا لفظ ہے جو بِرْکَۃٌ (یعنی جوہڑ) سے نکلا ہے اس لئے ہم نے ’’بہہ کر آگئی ہیں‘‘ ترجمہ کیا ہے (مفردات)

اور ہم نے اس سے پہلے ابراہیم کو اس کی صلاحیت اور قابلیت عطا کی تھی، اور ہم اس کے اندرونہ سے خوب واقف تھے۔

جب اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے کہا، یہ کیا مجسمے ہیں جن کے آگے تم بیٹھے رہتے ہو۔

انہوں نے کہا ہم نے اپنے باپ دادوں کو دیکھا تھا کہ وہ ان کی عبادت کرتے تھے۔

اس نے کہا، تب تم بھی اور تمہارے باپ دادے بھی ایک کھلی گمراہی میں مبتلا تھے۔

انہوں نے کہا، کیا تو ہمارے پاس ایک حقیقت لیکر آیا ہے یا تو ہم سے مذاق کر رہا ہے۔

(ابراہیم نے) کہا حقیقت یہ ہے کہ تمہارا رب آسمانوں کا بھی رب ہے اور زمین کا بھی رب ہے (وہی ہے) جس نے ان کو پیدا کیا ہے اور میں اس بات پر تمہارے سامنے گواہ ہوں۔

اور اس نے کہا، خدا کی قسم! جب تم پیٹھ پھیر کر چلے جاؤ گے تو میں تمہارے بتوں کے خلاف ایک پکی تدبیر کروں گا۔

پھر اس نے ان (بتوں) کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا سوائے ان میں سے بڑے کے تا کہ وہ (ایک دفعہ پھر) اس کے پاس آئیں۔

اس پر انہوں نے کہا کہ ہمارے معبودوں سے یہ کام کس نے کیا ہے ایسا کرنے والا یقیناً ظالموں میں سے ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی