۲۱۔ سورۃ الأنبياء
تفسیر صغیر, حصہ 6
(تب کچھ دوسرے لوگوں نے) کہا۔ ہم نے ایک نوجوان کو جس کا نام ابراہیم ہے ان کی کمزوریاں[1] بیان کرتے سنا ہے۔
[1] قرآن مجید میں یہ الفاظ ہیں کہ یَذْکُرُھُمْ ان کا ذکر کرتے ہوئے سنا ہے۔ مگر چونکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام بتوں کا ذکر تحقیر سے کرتے تھے۔ ہم نے کمزوریوں کا لفظ بڑھا دیا ہے۔
(تب قوم کے سرداروں نے) کہا (اگر بات یوں ہے تو) اس شخص کو سب لوگوں کے سامنے لاؤ شاید وہ (اس کے متعلق) کوئی فیصلہ کریں۔
(پھر) انہوں نے کہا اے ابراہیم! کیا یہ کام تو نے ہمارے معبودوں سے کیا ہے؟
(ابراہیم نے) کہا کہ (آخر[2]) کسی کرنے والے نے تو یہ کام ضرور کیا ہے۔ یہ سب سے بڑا بت سامنے کھڑا ہے اگر وہ بول سکتے ہوں تو ان سے (یعنی اس بت سے بھی اور دوسرے بتوں سے بھی) پوچھ کر دیکھو۔
[2] اس محذوف کے لئے دیکھیئے عَـلّامہ ابوالبقاء کی کتاب اِمْلَآءُ مَامَنَّ بِہِ الرَّحْمٰنُ جلد۲ صفحہ ۷۱۔
اس پر وہ اپنے سرداروں[3] کی طرف متوجہ ہوئے اور انہوں نے کہا۔ سچی بات تو یہی ہے کہ ظالم تم ہی ہو۔
[3] اَنْفُسَ نَفْسٌ کی جمع ہے اور نفس کے معنی روح کے ہیں چونکہ قوم کی روحیں اس کے سردار ہوتے ہیں اس لئے ہم نے اَنْفُس کا ترجمہ سردارانِ قوم کیا ہے۔
اور وہ لوگ اپنے سروں کے بل گرائے گئے (یعنی لاجواب[4] کیے گئے) اور انہوں نے کہا کہ تو جانتا ہے کہ یہ تو بولا نہیں کرتے۔
[4] تفسیر بحر محیط نے اس کا یہ ترجمہ کیا ہے کہ وہ لوگ اس پر ایسے گھبرا گئے کہ ادنیٰ لوگ اپنے سرداروں کی طرف متوجہ ہوئے کہ وہ اس مشکل کا کوئی حل نکالیں۔ ہمارا ترجمہ تفسیر روح المعانی کے مطابق ہے۔ لیکن غور کریں تو تفسیر بحر محیط اور روح المعانی کا مفہوم ایک ہی ہے۔
(ابراہیم نے) کہا تو کیا تم اللہ کے سوا ایسی شے کی پرستش کرتے ہو جو نہ تمہیں نفع دیتی ہے، نہ نقصان پہنچاتی ہے۔
(ہم) تم پر افسوس (کرتے ہیں) اور اس پر بھی جس کی تم اللہ کے سوا عبادت کرتے ہو، کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟
(اس پر وہ غصے میں آکر) کہنے لگے۔ اس شخص کو جلا دو اور اپنے معبودوں کی مدد کرو، اگر تم نے کچھ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
تب ہم نے کہا، اے آگ! تو ابراہیم کے لئے ٹھنڈی بھی ہو جا اور اس کے لئے سلامتی کا باعث بھی بن جا۔
اور انہوں نے اس سے کچھ برا سلوک کرنا چاہا مگر ہم نے ان کو ناکام بنا دیا۔
اور ہم نے اسے بھی اور لوط کو بھی اس زمین کی طرف نجات دی جس میں ہم نے تمام جہانوں کے لیے برکتیں رکھی تھیں۔