۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور ہم نے اسے اسحاق بھی بخشا اور یعقوب بھی بطور پوتے کے (دیا) اور ہم نے سب کو نیک بنایا۔

اور ہم نے ان کو (لوگوں کا) امام بنایا۔ وہ ہمارے حکم سے ان کو ہدایت دیتے تھے اور ہم نے ان کی طرف نیک کام کرنے اور نماز قائم کرنے اور زکوۃ دینے کی وحی کی اور وہ سب ہمارے عبادت گذار بندے تھے۔

اور (ہم نے اسے) لوط (بھی بخشا) جسے ہم نے حکم [1]بھی عطا کیا اور علم بھی۔ اور اس کو اس بستی سے نجات دی جو کہ نہایت گندے کام کرتی تھی وہ (یعنی لوط کے شہر کے رہنے والے) ایک بہت بری قوم یعنی نافرمان تھے۔

[1] حکم سے مراد یہ ہے کہ ایسا علم بخشا جس سے وہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کر سکتے تھے۔ گو اس کے عام معنی حکومت کے ہیں مگر وہ یہاں چسپاں نہیں ہوتے اس لئے کہ لوط کو ان کی قوم نے نکال دیا تھا اگر وہ حاکم ہوتے تو ان کو نہ نکال سکتے۔

اور ہم نے اس (یعنی لوط) کو اپنی رحمت میں داخل کیا وہ ہمارے نیک بندوں میں سے تھا۔

اور (یاد کر) نوح کو جب اس نے (یعنی ابراہیم کے واقعہ) سے پہلے (ہم کو) پکارا۔ اور ہم نے اس کی دعا سنی۔ پس ہم نے اس کو بھی اور اس کے اہل کو بھی ایک بڑی گھبراہٹ سے نجات دی۔

اور ہم نے اس کی اس قوم کے مقابلہ میں مدد کی جس نے ہماری نشانیوں کو جھٹلایا تھا۔ وہ بہت بری قوم تھی پس ہم نے ان سب کو غرق کر دیا۔

اور (یاد کر) داؤد کو بھی اور سلیمان کو بھی جبکہ وہ دونوں ایک کھیتی کے جھگڑے میں فیصلہ کر رہے تھے۔ اس وقت جبکہ ایک قوم کے عامی[2] لوگ اس کو کھا گئے تھے (یعنی تباہ کر گئے تھے) اور ہم ان کے فیصلہ کے گواہ تھے۔

[2] یعنی ہمسایہ قوم کے ڈاکوؤں وغیرہ نے ان کے ملک کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہاں غَنَمٌ کا لفظ ہے جس کے معنے مفسر بکریاں کرتے ہیں۔ لیکن درحقیقت غَنَمُ الْقَوْمِ سے مراد ہمسایہ قوم کے عوام ہیں۔ جو سلیمانؑ اور داؤدؑ کے ملک کے لوگوں کو نقصان پہنچاتے تھے۔ اردو میں بھی قوم کے عوام کو بھیڑ بکری کہتے ہیں۔

ہم نے اصل معاملہ سلیمان کو سمجھا دیا۔ اور سب کو ہی ہم نے حکم اور علم عطا فرمایا تھا اور ہم نے داؤد کے ساتھ اہل جبال کو بھی اور پرندوں کو بھی کام پر لگا دیا تھا وہ سب خدا کی تسبیح کرتے تھے اور ہم یہ سب کچھ کرنے پر قادر تھے۔

اور ہم نے اس کو ایک لباس کا بنانا سکھایا تھا تا کہ وہ تمہاری جان لڑائی میں بچائے۔ پس کیا تم شکر گذار بنو گے؟

اور ہم نے سلیمان کے لئے تیز ہوا کو بھی مسخر کر چھوڑا تھا۔ جو اس کے حکم کے[2] مطابق چلتی تھی۔ اس زمین کی طرف جس میں ہم نے برکت رکھی تھی اور ہم سب کچھ جانتے ہیں۔

[2] حضرت سلیمان علیہ السلام کے جہاز شام کے اوپر کے علاقہ سے سامان لیکر نیچے آتے تھے یعنی فلسطین کی طرف، اس آیت میں اسی طرف اشارہ ہے۔

اور کچھ سرکش[1] لوگ ایسے تھے جو اس کے لئے سمندروں میں غوطے لگاتے تھے اور اس کے سوا بھی اور کام کرتے تھے اور ہم ان کے لئے نگرانی کا کام کرتے تھے۔

[1] قرآن مجید میں شیطان کا لفظ باغیوں اور سرکشوں کے لئے استعمال ہوا ہے۔ یہاں بھی یہی مراد ہے۔ خلیج فارس کے ساحلوں پر رہنے والے متمرّد لوگ اس کی خدمت پر مامور تھے اور اس کے لئے موتی نکالتے جو بحرین اور مسقط کے علاقہ سے کثرت سے نکلتے ہیں۔

اور (تو) ایوب کو (بھی یاد کر) جب اس نے اپنے رب کو پکار کر کہا کہ میری حالت یہ ہے کہ مجھے تکلیف نے آپکڑا ہے اور اے خدا! تو تو سب رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی