۲۱۔ سورۃ الأنبياء
تفسیر صغیر, حصہ 8
پس ہم نے اس کی دعا سنی اور جو تکلیف اس کو پہنچی ہوئی تھی اس کو دور کر دیا اور اس کو اس کے اہل (وعیال) بھی دئے اور ان کے سوا اپنی طرف سے رحم کرتے ہوئے اور بھی دئے اور ہم نے اس واقعہ کو عبادت گذاروں کے لئے ایک نصیحت کا موجب بنایا ہے۔
اور اسماعیل کو بھی [2](یاد کر) اور ادریس کو بھی اور ذوالکفل کو بھی۔ یہ سب کے سب صبر کرنے والے تھے۔
[2] اس جگہ اسماعیلؑ، ادریسؑ اور ذوالکفل ؑ کو اکٹھا کر دیا ہے حالانکہ یہ مختلف زمانوں کے نبی ہیں۔ اکٹھا ذکر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ سب نبی غیرتشریعی تھے اور مصیبتوں کا شکار ہوئے۔ چنانچہ قرآن کریم نے بھی ان کی قدر مشترک صبر کو قرار دیا ہے۔ ذوالنون ؑ کو بھی مندرجہ بالا وجہ سے اکٹھا بیان کیا گیا ہے۔
اور ہم نے ان سب کو اپنی رحمت میں داخل کیا تھا اور وہ سب نیکو کار تھے۔
اور ذوالنون (یعنی یونس کو بھی یاد کر) جب وہ غصہ کی حالت میں چلا گیا اور دل میں پر یقین تھا کہ ہم اس کو تنگ نہیں[3] کریں گے۔ پس مصائب میں اس نے ہم کو پکارا (اور کہا) کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے۔ میں یقیناً ظلم کرنے والوں میں سے تھا۔
[3] قرآن مجید میں لَنْ نَّقْدِرَ عَلَیْہِ کے الفاظ ہیں۔ مترجموں نے غلطی سے ان کے یہ معنے کئے ہیں کہ یونسؑ نے سمجھا کہ ہم اسے پکڑ نہیں سکیں گے۔ جو کافروں کا خیال ہے۔ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ ذٰلِکَ۔ مگر لغت میں لکھا ہے کہ قَدَرَ عَلَیْہِ کے معنے تنگی کرنے کے بھی ہوتے ہیں۔ (اقرب) اور یہی معنے یہاں لگتے ہیں یعنی یونسؑ کو یقین تھا کہ ہم اس واقعہ سے اسے تنگ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ اسے عزت دینا چاہتے ہیں۔ یہی معنے جو ہم نے کیے ہیں ایک نبی کے مناسب حال ہیں۔
پس ہم نے اس کی دعا کو سنا اور غم سے اسے نجات دی اور ہم اسی طرح مومنوں کو نجات دیا کرتے ہیں۔
اور زکریا [1]کو بھی (یاد کر) جب اس نے اپنے رب کو پکارا تھا اور کہا تھا کہ اے میرے رب مجھے اکیلا نہ چھوڑ۔ اور تو وارث ہونے والوں میں سب سے بہتر ہے۔
[1] زکریا علیہ السلام کا ذکر یہاں اس لئے کیا گیا ہے کہ اس کے بعد مریم اور اس کے بیٹے کا ذکر ہے جو زکریاؑ کے زمانہ کے اور اس کے رشتہ دار تھے۔
اور ہم نے اس کی دعا کو سنا اور اس کو یحییٰ عطا کیا اور اس کی بیوی کو اس کی خاطر تندرست کر دیا۔ وہ سب لوگ نیکیوں میں جلدی کرتے تھے اور ہم کو محبت اور خوف سے پکارتے تھے اور ہماری خاطر عجز کی زندگی بسر کرتے تھے۔
اور اس عورت کو بھی (یاد کر) جس نے اپنے ناموس کی حفاظت کی پس ہم نے اس پر اپنا کچھ کلام نازل کیا اور اس کو اور اس کے بیٹے کو دنیا کے لئے ایک نشان[2] بنایا۔
[2] بدقسمتی سے مسلمانوں نے یہ سمجھ لیا ہے کہ مریمؑ اور عیسیٰ ؑ کے سوا کوئی اور شخص نشان نہ تھا۔ حالانکہ قرآن کریم کے ہر ایک ٹکڑے کا نام آیت یعنی نشان رکھا گیا ہے (تاج) پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جن پر سارا قرآن نازل ہوا سب نشانوں کا مجموعہ تھے۔
یہ تمہاری امت ایک ہی امت ہے۔ اور میں تمہارا رب ہوں۔ پس تم میری ہی عبادت کرو۔
اور انہوں (یعنی انبیاء کے مخالفوں) نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے (کرکے اپنے مناسب حال ٹکڑے کو اختیار) کر لیا ہے[3] (حالانکہ) وہ سب ہماری طرف لوٹائے جانے والے ہیں۔
[3] یعنی بعض ٹکڑے کسی حصہ قوم کے فائدے کے لئے بنا دئے تھے اور بعض ٹکڑے کسی حصہ قوم کے فائدہ کے لئے بنا دئے تھے۔ چنانچہ آج کل علماء نے بھی اپنا رُعب جمانے کے لئے کئی قسم کے جمعیتیں بنا لی ہیں۔ کوئی جمعیۃ العلماء کہلاتی ہے کوئی ندوۃ العلماء۔ کوئی حنفیوں، بریلویوں اور اہل حدیثوں کی جمعیت ہے اور بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ اسلام کی شوکت بڑھانے کے لئے عمل کر رہے ہیں لیکن حقیقت میں وہ اپنی مجلسوں اور اپنے لیڈروں کے اعزاز کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پس جو کوئی مناسب حال عمل کرے گا اور ساتھ ہی مومن بھی ہوگا، تو اس کی کوشش کو رد ّنہ کیا جائے گا اور ہم اس کے نیک اعمال کو لکھ رکھیں گے۔
اور ہر ایک بستی جسے ہم نے ہلاک کیا ہے اس کے لئے یہ فیصلہ کر دیا گیا ہے کہ اس کے بسنے والے لوٹ کر اس دنیا میں نہیں آئیں گے۔