۲۱۔ سورۃ الأنبياء

تفسیر صغیر, حصہ 9

یہاں[1] تک کہ جب یاجوج اور ماجوج کے لئے دروازہ کھول دیا جائے گا اور وہ ہر پہاڑی اور ہر سمندر کی لہر سے پھلانگتے ہوئے دنیا میں پھیل جائیں گے۔

[1] یہ مرادنہیں کہ یاجوج ماجوج سے پہلی سب قومیں زندہ ہو جائیں گی۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ یاجوج ماجوج جب دنیا پر چھا جائیں گے تو مردہ قوموں میں پھر جوش اور غیرت پیدا ہوگی اور وہ پھر بیدار ہونے لگیں گی۔ جیسا کہ آج کل ہو رہا ہے۔ اسی کا نام اس جگہ دوبارہ زندہ کرنا رکھا گیا ہے۔

اور (خدا کا) سچا وعدہ قریب آجائے گا تو اس وقت کافروں کی آنکھیں پھٹی کی[2] پھٹی رہ جائیں گی اور وہ کہیں گے۔ ہم پر افسوس! ہم تو اس دن کے متعلق سخت غفلت میں پڑے رہے بلکہ ہم لوگ تو ظالم تھے۔

[2] یعنی کفار میں سے جو لوگ سمجھتے ہیں کہ مردہ قوموں کو ہم نے ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا ہے ان کو زندہ ہوتے اور اٹھتے دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔

(اس وقت کہا جائے گا کہ) تم بھی اور جن چیزوں کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے تھے سب کی سب جہنم[3] کا ایندھن بنیں گی تم سب اس میں داخل ہوگے۔

[3] اگلے جہان کی جہنم تو نظر نہیں آتی، لیکن اس آیت میں کفار پر حجت تمام کی گئی ہے اس لئے دوزخ سے مراد اس جگہ وہ ذلت ہے جو قرآن مجید کے نازل ہونے کے بعد ان کو پہنچنے والی تھی اور ایک لمبے عرصہ تک ان کے ساتھ لگی رہنی تھی۔ چنانچہ دنیا کی تاریخ اس پر شاہد ہے۔

اگر یہ (مصنوعی خدا جن کو تم خدا قرار دیتے ہو) واقعہ میں خدا ہوتے تو یہ لوگ کیوں جہنم میں پڑتے اور یہ سب تو مدتوں اس میں پڑے رہیں گے۔

وہ اس میں چیخیں گے اور وہ اس میں (سمجھانے والوں میں [1]سے کسی کی) بات نہیں سنیں گے۔

[1] یعنی اس وقت ایمان لانا کوئی نفع نہ دے گا۔

یقیناً وہ لوگ جن کے متعلق ہماری طرف سے نیک سلوک کا وعدہ ہو چکا ہے وہ اس دوزخ سے دور رکھے جائیں گے۔

وہ اس کی آواز تک نہیں سنیں گے اور وہ اس (حالت) میں جسے ان کے دل چاہتے ہیں ہمیشہ رہیں گے۔

بڑی پریشانی کا وقت بھی ان کو غمگین نہیں کرے گا اور فرشتے ان سے ملیں گے اور کہیں گے یہ وہ تمہارا دن ہے جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا۔

جس دن ہم آسمان کو اس طرح لپیٹ دیں گے جس طرح بہیاں تحریر کو لپیٹ لیتی ہیں۔ جس طرح ہم نے تمہاری پیدائش کو پہلی دفعہ شروع کیا تھا اسی طرح پھر اس کو دوہرائیں[2] گے یہ ہم نے اپنے اوپر لازم کر رکھا ہے۔ ہم ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

[2] یعنی اس زمانہ کی دنیا تباہ کرکے اور نئی قومیں جنم لیں گی اور زندہ ہوں گی۔ جیسا کہ اس زمانہ میں ظاہر ہے کہ افریقہ جو مجہول براعظم کہلاتا ہے زندہ ہو رہا ہے۔

اور ہم نے زبور میں کچھ نصیحتیں کرنے کے بعد یہ لکھ چھوڑا ہے کہ ارض (مقدس) کے وارث میرے نیک بندے ہوں گے۔

اس (مضمون) میں ایک پیغام [3]ہے اس قوم کے لئے جو عبادت گذار ہے۔

[3] یعنی مسلمانوں کو اس سے سبق لینا چاہیئے اگر فلسطین چاہتے ہیں تو نیک بنیں۔

اور ہم نے تجھے دنیا کے لئے صرف رحمت[4] بنا کر بھیجا ہے۔

[4] یعنی بے شک آخری ایام میں ایک دفعہ یہودی فلسطین پر قابض ہو جائیں گے۔ مگر مسلمانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ کیونکہ ان کا نبی رحمت ہو کر آیا ہے۔ اس کے ساتھ تعلق ان کو گھاٹے میں نہیں ڈالے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی