۲۲۔ سورۃ الحج
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور ان کی پاک باتوں کی طرف راہنمائی کی جائے گی اور خدا کے طریق کی طرف ہدایت کی جائے گی۔
(لیکن) وہ لوگ جو کافر ہیں اور اللہ کے راستہ سے اور بیت اللہ کی طرف جانے سے جس کو ہم نے تمام انسانوں کے فائدہ کے لئے بنایا ہے روکتے ہیں (حالانکہ وہ بیت اللہ ایسا ہے جس کو ہم نے تمام انسانوں کے لئے بنایا ہے) ان کے لئے بھی جو اس میں بیٹھ کر خدا کی عبادت کرتے ہیں اور ان کے لئے بھی جو جنگلوں میں رہتے ہیں اور جو کوئی شخص اس میں ظلم کی راہ سے کوئی کجی پیدا کرنا چاہے گا۔ اس کو ہم دردناک عذاب دیں گے۔
اور (یاد کر) جب ہم نے ابراہیم کو بیت اللہ کی جگہ پر رہائش کا موقع دیا (اور کہا) کہ کسی چیز کو ہمارا شریک نہ بناؤ اور میرے گھر کو طواف کرنے والوں کے لئے اور کھڑے ہو کر عبادت کرنے والوں کے لئے اور رکوع کرنے والوں کے لئے اور سجدہ [1]کرنے والوں کے لئے پاک کر۔
[1] اس میں اسلامی عبادت کا نقشہ کھینچا گیا ہے جس میں قیام رکوع اور سجود ہوتا ہے۔ یہودی اور عیسائی نمازیں ان کا مجموعہ نہیں ہوتیں۔
اور تمام لوگوں میں اعلان کردے کہ وہ حج کی نیت سے تیرے پاس آیا کریں پیدل بھی اور ہر ایسی سواری پر بھی جو لمبے سفر کی وجہ سے دبلی ہو گئی ہو (ایسی سواریاں) دور دور سے گہرے راستوں پر سے ہوتی ہوئی آئیں گی۔
تا کہ وہ (یعنی آنے والے) ان منافع کو دیکھیں جو ان کے لئے (مقرر کئے گئے) ہیں اور کچھ مقرر دنوں میں اللہ کو ان نعمتوں کی وجہ سے یاد کریں جو ہم نے ان کو دی ہیں (یعنی) بڑے جانوروں کی قسم سے (جیسے گائے اونٹ وغیرہ) پس چاہیئے کہ وہ[2] ان کے گوشت کھائیں اور تکلیف میں پڑے ہوئے اور نادار کو کھلائیں۔
[2] اس حصہ آیت میں مخاطب جمع کا صیغہ ہے لیکن چونکہ آیت کے ابتدا میں اور اس کے بعد غائب کے صیغے استعمال ہوئے ہیں اس لئے آیت کے سیاق و سباق کو مدنظر رکھتے ہوئے اردو میں اس کا صحیح مفہوم ادا کرنے کے لئے آیت کے اس حصہ کا ترجمہ غائب کے صیغوں میں کیا گیا ہے۔
پھر اپنی میل دور کریں اور اپنی نذریں پوری کریں اور پرانے گھر (یعنی خانہ کعبہ) کا طواف کریں۔
بات یہ ہے، کہ جو شخص اللہ کی مقرر کردہ عزت والی جگہوں کی تعظیم کرتا ہے تو یہ اس کے رب کے نزدیک اس کے لئے اچھا ہوتا ہے اور اے مومنو! تمہارے لئے (سب) چوپائے حلال کئے گئے ہیں۔ سوائے ان کے جن کی حرمت قرآن میں بیان ہو چکی ہے پس چاہیئے کہ تم بت پرستی کے شرک سے بچو۔
اور (اسی طرح) اپنی عبادت اور فرمانبرداری صرف اللہ کی لئے مخصوص کرتے ہوئے جھوٹ بولنے سے بچو۔ (اور) تم خدا کا شریک کسی کو نہ بناؤ اور جو اللہ کا شریک کسی کو[2] بناتا ہے وہ آسمان سے گر جاتا ہے اور پرندے اس کو اچک کر لے جاتے ہیں۔ اور[3] ہوا اس کو کسی دور کی جگہ پر پھینک دیتی ہے۔
[2] قرآن مجید میں کَاَ نَّھَا ہے مگر لغت میں لکھا ہے کہ ’’ک‘‘ زائد حرف کے طور پر یعنی صرف تاکید کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے اس لئے ہم نے اس کے ترجمہ کو چھوڑ دیا ہے۔
[3] آیت میں ’’اَوْ‘‘ کا لفظ ہے ہم نے اس کے معنے ’’اور‘‘ کے کئے ہیں اور یہ عربی زبان کے لحاظ سے درست ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ جو شخص اللہ کی مقرر کردہ نشانیوں کی عزت کرے گا اس (کے اس فعل) کو دلوں کا تقویٰ قرار دیا جائے گا۔
(یاد رکھو کہ) ان قربانیوں سے ایک مدت تک تم کو نفع حاصل کرنا جائز ہے پھر خدا کے پرانے گھر تک ان کو پہنچانا ضروری ہے۔
اور ہر ایک قوم کے لئے ہم نے قربانی کا ایک طریق مقرر کیا ہے تا کہ وہ ان چارپایوں پر جو اللہ نے ان کو بخشے ہیں۔ اللہ کا نام لیں (پس یاد رکھو کہ) تمہارا خدا ایک خدا ہے۔ پس تم اسی کی فرمانبرداری کرو۔ اور جو (خدا کے سامنے) عاجزی کرنے والے ہیں ان کو خوش خبری دیدے۔
ایسے لوگوں کو کہ جب اللہ کا نام ان کے سامنے لیا جائے تو ان کے دل کانپ جاتے ہیں اور ان لوگوں کو بھی (خوش خبری دیدے) جو اپنے پر نازل ہونے والی مصیبتوں پر صبر کرتے ہیں اور نماز کو قائم کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے (ہماری خوشنودی کے لئے) اس میں سے خرچ کرتے رہتے ہیں۔