۲۲۔ سورۃ الحج

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور ہم نے قربانی کے اونٹوں کو بھی قابل عزت بنایا ہے ان میں تمہارے لئے بہت بھلائی ہے۔ پس انہیں صفوں میں کھڑا کرکے ان پر خدا کا نام لو اور جب ان کے پہلو زمین پر لگ جائیں تو ان (کے گوشت) میں سے خود بھی کھاؤ اور ان کو بھی کھلاؤ جو اپنی غربت پر قانع ہیں اور ان کو بھی کھلاؤ جو اپنی غربت سے پریشان ہیں اسی طرح ہم نے ان جانوروں کو تمہارے فائدہ کے لئے بنایا ہے تا کہ تم شکر گذار بنو۔

(یاد رکھو کہ) ان قربانیوں کے گوشت اور خون ہرگز اللہ تک نہیں پہنچتے لیکن تمہارے دل کا تقویٰ اللہ تک پہنچتا ہے (درحقیقت) اس طرح اللہ نے ان قربانیوں کو تمہاری خدمت میں لگا دیا ہے تا کہ تم اللہ کی ہدایت کی وجہ سے اس کی بڑائی بیان کرو۔ اور تو اسلام کے احکام کو پوری طرح ادا کرنے والوں کو بشارت دے۔

اللہ یقیناً ان لوگوں کی طرف سے جو کہ ایمان لائے ہیں دفاع کرتا رہے گا۔ اللہ یقیناً ہر خیانت کرنے والے (اور) انکار کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔

وہ لوگ جن سے (بلاوجہ) جنگ کی جارہی ہے ان کو بھی (جنگ کرنے کی) اجازت دی جاتی ہے کیونکہ ان پر ظلم کیا گیا ہے اور اللہ ان کی مدد پر قادر ہے۔

(یہ وہ لوگ ہیں) جن کو ان کے گھروں سے صرف ان کے اتنا کہنے پر کہ اللہ ہمارا رب ہے بغیر کسی جائز وجہ کے نکالا گیا اور اگر اللہ ان (یعنی کفار) میں سے بعض کو بعض کے ذریعہ سے (شرارت سے) باز نہ رکھتا تو گرجے[1] اور یہودیوں کی عبادت گاہیں اور مسجدیں جن میں اللہ کا کثرت سے نام لیا جاتا ہے برباد کر دئے جاتے اور اللہ یقیناً اس کی مدد کرے گا جو اس (کے دین) کی مدد کرے گا۔ اللہ یقیناً بہت طاقتور (اور) غالب ہے۔

[1] صَوَامِع اور بِیَع دونوں کے معنے گرجے ہیں۔ (اقرب الموارد)

یہ (یعنی مہاجر مسلمان) وہ لوگ ہیں کہ اگر ہم ان کو دنیا میں طاقت بخشیں تو وہ نمازوں کو قائم کریں گے اور زکٰوتیں دیں گے اور نیک باتوں کا حکم دیں گے اور بری باتوں سے روکیں گے۔ اور سب کاموں کا انجام خدا کے ہاتھ میں ہے۔

اور اگر (یہ دشمن) تجھے جھٹلاتے ہیں، تو ان سے پہلے نوح کی قوم نے بھی، اور عاد اور ثمود نے بھی،

اور ابراہیم کی قوم نے بھی، اور لوط کی قوم نے بھی،

اور مدین کے اصحاب نے بھی (اپنے نبیوں کو) جھٹلایا تھا اور موسیٰ کی تکذیب بھی کی گئی تھی۔ پس میں نے انکار کرنے والوں کو کچھ ڈھیل دی پھر ان کو پکڑ لیا۔ پس (سوچو کہ) میرا انکار کیسا خطرناک تھا۔

اور کتنی ہی بستیاں ہیں جن کو ہم نے اس حالت میں ہلاک کیا تھا کہ وہ ظلم کر رہی تھیں وہ آج اپنی چھتوں پر گری پڑی ہیں اور کتنے کنوئیں ہیں جو بالکل متروک ہیں اور کتنے اونچے اونچے قلعے ہیں جو تباہ ہو چکے ہیں۔

کیا وہ زمین میں چل کر نہیں دیکھتے تا کہ ان کو ایسے دل حاصل ہو جائیں جو (ان باتوں کو) سمجھنے والے ہوں یا کان حاصل ہو جائیں جو (ان باتوں کو) سننے والے ہوں۔ کیونکہ اصل بات یہ ہے کہ ظاہری آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں بلکہ دل جو سینوں میں ہیں اندھے ہوتے ہیں۔

یہ لوگ عذاب مانگنے میں جلدی کرتے ہیں۔ اور اللہ کبھی اپنا وعدہ جھوٹا نہیں کرتا اور (کوئی) کوئی دن خدا کے نزدیک تمہاری گنتی کے ہزار سالوں کے برابر ہوتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی