۲۲۔ سورۃ الحج

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور کتنی ہی بستیاں ہیں جن کو (پہلے تو) میں نے مہلت دی حالانکہ وہ ظلم کر رہی تھیں۔ پھر میں نے ان کو پکڑ لیا اور میری ہی طرف سب نے لوٹ کر آنا ہے۔

تو کہہ دے اے لوگو! میں تمہاری طرف صرف ایک ہوشیار کرنے والے کی حیثیت سے آیا ہوں۔

پس جو ایمان لائیں گے اور (اس کے) مناسب حال عمل کریں گے انہیں (خدا کی) بخشش اور معزز رزق حاصل ہوگا۔

اور وہ لوگ جنہوں نے ہمارے نشانوں کے متعلق (اس غرض سے) جدوجہد کی کہ (وہ ہم کو) عاجز کردیں وہ لوگ جہنم میں پڑنے والے ہیں۔

اور ہم نے تجھ [1]سے پہلے نہ کوئی رسول بھیجا نہ نبی مگر جب بھی اس نے کوئی خواہش[2] کی، شیطان نے اس کی خواہش کے رستہ میں مشکلات ڈال دیں۔ پھر اللہ اس کو جو شیطان ڈالتا ہے مٹا دیتا ہے اور جو اس کے اپنے نشان ہوتے ہیں ان کو مضبوط کر دیتا ہے اور اللہ بہت جاننے والا حکمت والا ہے۔

[1] مفسرین نے لکھا ہے کہ جب کبھی کوئی نبی تلاوت کرتا ہے۔ شیطان اس میں کچھ ملا دیتا ہے۔ سوائے مسیحؑ کے جس کو شیطان نے نہیں چھؤا۔ یہ نبیوں کی صریح ہتک ہے۔ خصوصیت سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جو سب نبیوں سے افضل تھے۔ اس آیت میں صرف یہ بیان ہے کہ نبی ارادے کرتے ہیں اور شیطان ان کو مٹانا چاہتا ہے مگر خداتعالیٰ نبیوں کے ارادوں کو پورا کرتا ہے۔ اور شیطان ناکام رہتا ہے۔ یہ بات سچی ہے اور ہر نبی سے ہوئی ہے اور سب سے زیادہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے۔

[2] اُمْنِیَّۃٌ کا لفظ جو یہاں استعمال ہوا ہے اس کے معنے خواہش یا ارادہ کے بھی لغت میں لکھے ہیں (تاج) مطلب یہ ہے کہ ہر نبی دنیا کی اصلاح کا ارادہ کرتا ہے مگر شیطان ہر نبی کے راستہ میں یا اس کی خواہشات کے پورا ہونے کے راستہ میں روکیں ڈالتا ہے۔

نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جو (مشکلات) شیطان ڈالتا ہے وہ ان لوگوں کے لئے ٹھوکر کا موجب ہو جاتی ہیں جن کے دلوں میں بیماری ہوتی ہے اور جن کے دل سخت ہوتے ہیں اور ظالم لوگ (ہر خدائی بات کی) شدید مخالفت کرنے پر تلے رہتے ہیں۔

اور (یہ سب کچھ اس لئے ہوتا ہے) تا کہ وہ لوگ جو علم والے ہوتے ہیں جان لیں کہ وہ (یعنی قرآن) تیرے رب کی طرف سے مجسم سچائی ہے اور اس پر ایمان لے آئیں اور ان کے دل اس کے آگے جھک جائیں اور اللہ مومنوں کو ضرور سیدھے راستہ کی طرف ہدایت بخشنے والا ہے۔

اور کافر اس (قرآن) کے متعلق اس وقت تک کہ (تباہی کی) گھڑی اچانک آجائے یا ان کے پاس اس دن کا عذاب آجائے جو اپنے پیچھے کچھ نہیں چھوڑتا، شبہ میں پڑے رہیں گے۔

اس دن سب بادشاہت اللہ ہی کی ہوگی، وہ ان کے درمیان فیصلہ کرے گا۔ پس مومن جو ایمان کے مناسب حال عمل بھی کرتے ہونگے۔ وہ نعمت والی جنتوں میں رہیں گے۔

اور کافر اور ہماری آیتوں کے منکر تو وہ ہیں جن کے لئے رسوائی کا عذاب (مقدر) ہے۔

اور وہ لوگ جو اللہ کے راستہ میں ہجرت کرتے ہیں پھر مارے جاتے ہیں یا طبعی موت مر جاتے ہیں۔ اللہ ان کو نہایت اعلیٰ انعام بخشے گا اور اللہ انعام بخشنے والوں میں سب سے اچھا ہے۔

وہ ضرور ان کو ایسی جگہ میں داخل کرے گا۔ جسے وہ پسند کریں گے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بہت سمجھ رکھنے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی