۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 3
اس پر اس کی قوم کے کافروں کے سرداروں نے کہا یہ شخص تو فقط تمہارے جیسا ایک انسان ہے (اور) چاہتا ہے کہ تم پر فضیلت اختیار کرے اگر اللہ (پیغمبر بھیجنا) چاہتا تو فرشتوں کو اتارتا۔ ہم نے اپنے پہلے باپ دادوں میں تو کوئی اس قسم کا واقعہ ہوتا سنا نہیں۔
یہ تو فقط ایک انسان ہے جس کو جنون ہو گیا ہے۔ پس اس کے انجام کا کچھ دیر انتظار کرو۔
(اس پر نوح نے) کہا، اے میرے رب! میری مدد کر کیونکہ یہ لوگ مجھے جھٹلاتے ہیں۔
پس ہم نے اس کی طرف وحی کی کہ (جس) کشتی (کا ہم نے حکم دیا ہے اس) کو ہماری آنکھوں کے سامنے اور ہماری وحی کے مطابق بنا۔ پس جب ہمارا حکم آجائے اور زمین کا سوتا پھوٹ پڑے تو اس (کشتی) میں ہر ایک جانور میں سے (جس کا ہم حکم دیں[2]) ایک ایک جوڑا رکھ لے اور اپنے رشتہ داروں کو بھی ان کے سوا جن کے خلاف ہمارا حکم پہلے سے اتر چکا ہے سوار کر دے اور جنہوں نے ظلم کیا ہے ان کے متعلق مجھ سے کوئی بات نہ کر کیونکہ وہ تو ضرور غرق کیے جائیں گے۔
[2] چونکہ ساری دنیا کے جانوروں کے جوڑے کشتی میں نہیں آسکتے۔ اس لئے اس کا یہی مفہوم ہو سکتا ہے کہ جن جانوروں کے رکھنے کا حکم دیں۔ اس لئے ہم نے بریکٹ میں ’’جس کا ہم حکم دیں‘‘ کے الفاظ بڑھا دیئے ہیں۔
پس جب تو اور تیرے ساتھی کشتی میں اچھی طرح بیٹھ جائیں تو تم میں سے ہر ایک کہے کہ سب تعریف اللہ ہی کے لئے ہے جس نے ہمیں ظالموں کی قوم سے نجات دی۔
اور (کشتی سے اترتے وقت) کہہ کہ اے میرے رب تو مجھے (اس کشتی سے) ایسی حالت میں اتار۔ کہ مجھ پر کثرت سے برکتیں نازل ہو رہی ہوں[1] اور (مجھے اس دعا کی بھی کیا ضرورت ہے جبکہ) تمام اتارنے والوں سے تیرا وجود بہتر ہے۔
[1] قرآن مجید میں مُبَارَکٌ کا لفظ ہے ہم نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے ’’مجھ پر کثرت سے برکتیں نازل ہو رہی ہوں‘‘ کیونکہ مُبَارَکٌ باب مفاعلہ سے ہے۔ جس کی ایک خصوصیت کثرت ہے۔
اس میں بہت سے نشان ہیں اور ہم یقیناً بندوں کا امتحان لینے والے ہیں۔
پھر ہم نے ان کے بعد کئی قومیں پیدا کیں۔
اور ہم نے ان میں انہی میں سے رسول بھیجا (یہ پیغام دیتے ہوئے) کہ اللہ کی عبادت کرو۔ اس کے سوا تمہارا کوئی اور معبود نہیں۔ کیا تم اس کے ذریعہ سے اپنے آپ کو ہلاکت سے بچاتے نہیں؟
اور اس (نئے رسول) کی قوم میں سے جنہوں نے کفر کیا تھا اور بعد الموت خدا سے ملنے کا انکار کیا تھا اور جن کو ہم نے اس دنیا کی زندگی میں مالدار بنایا، ان کے سرداروں نے کہا، یہ تو تمہارے جیسا ایک آدمی ہے انہی (کھانوں) میں سے کھاتا ہے جو تم کھاتے ہو اور انہی (پانیوں) میں سے پیتا ہے جو تم پیتے ہو۔
اور اگر تم اپنے جیسے ایک آدمی کی بات مانو گے تو تم گھاٹا پانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔
کیا وہ تم سے یہ وعدہ کرتا ہے کہ جب تم مر جاؤ گے اور مٹی ہو جاؤ گے اور ہڈیاں بن جاؤ گے تو تم (پھر زندہ کرکے) نکالے جاؤ گے۔