۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 4
جس بات کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے وہ عقل سے بہت ہی دور ہے اور ماننے کی بات نہیں۔
زندگی تو صرف ہماری اس دنیا کی زندگی ہے۔ ہم کبھی مردہ حالت میں ہوتے ہیں اور کبھی زندہ حالت میں۔ اور ہم کبھی مرنے کے بعد دوبارہ نہیں اٹھائے جائیں گے۔
یہ تو (صرف) ایک اکیلا شخص ہے جو اللہ پر جھوٹا افترا کرتا ہے اور ہم اس (کی باتوں) کو کبھی نہیں مانیں گے۔
(اس پر) اس نے کہا، اے میرے رب! ان لوگوں نے مجھے جھٹلا دیا ہے، پس تو میری مدد کر۔
(تب خدا نے) فرمایا۔ یہ لوگ تھوڑے ہی عرصہ میں شرمندہ ہو جائیں گے۔
اور ان کو ایک عذاب نے پکڑ لیا جس کی پختہ خبر دی گئی تھی اور ہم نے ان کو کوڑا کرکٹ بنا دیا اور (فرشتوں کو حکم دیا کہ) ظالموں کے لئے خدا کی لعنت (مقدر کر دو[1])۔
[1] ’’مقدّر کردو‘‘ اس لئے نکالا گیا ہے کہ بُعْدًا کے آخر میں نصب آئی ہے اور اس سے پہلے کوئی عامل ہونا ضروری ہے۔
پھر ان کے بعد ہم نے کئی اور قومیں پیدا کیں۔
کوئی قوم اپنی مدت سے آگے نہیں گذرتی اور نہ ہی اس سے پیچھے رہ (کر بچ) سکتی ہے۔
پھر ہم نے اپنے رسول متواتر بھیجے۔ جب کبھی کسی قوم کے پاس اس کا رسول آتا تھا وہ اس کو جھٹلاتے تھے۔ پس ہم ان میں سے بعض کو بعض کے پیچھے بھیجتے چلے جاتے تھے (یعنی ہلاک کرتے جاتے تھے) اور ہم نے ان سب کو گزشتہ افسانے کرکے رکھ[1] دیا۔ اور (ان کے متعلق فرشتوں کو حکم دیا کہ) جو لوگ ایمان نہیں لائے ان کے لئے خدا کی لعنت (مقدر کر دو)۔
[1] یعنی دنیا میں ان کا نام و نشان باقی نہ رہا۔
اس کے بعد ہم نے موسیٰ اور اس کے بھائی ہارون کو اپنے نشان اور کھلا کھلا غلبہ دے کر بھیجا۔
فرعون اور اس کے سرداروں کی طرف بھیجا۔ پس انہوں نے تکبر کیا۔ اور وہ سرکش لوگوں میں سے بن گئے۔
پھر انہوں نے کہا، کیا ہم اپنے جیسے دو انسانوں پر ایمان لے آئیں؟ حالانکہ ان دونوں کی قوم ہماری غلامی کر رہی ہے۔