۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 5
پس انہوں نے ان دونوں (یعنی موسیٰ اور ہارون) کو جھٹلا دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ وہ بھی ہلاک ہونے والے لوگوں میں سے بن گئے۔
اور ہم نے موسیٰ کو (وہ) کتاب دی (جس کو سب جانتے ہیں) تا کہ وہ (اور اس کی قوم) ہدایت پائیں۔
اور ہم نے ابن مریم اور اس کی ماں کو ایک نشان بنایا اور ہم نے ان دونوں کو ایک اونچی[2] جگہ پر پناہ دی جو ٹھہرنے کے قابل اور بہتے ہوئے پانیوں والی تھی۔
[2] تاریخ سے ثابت ہے کہ یہ اونچی جگہ کشمیر تھی۔ بائبل اور یہودیوں اور ہندوؤں کی تاریخ سے بھی بہت سے حوالے اس کی تائید میں ملتے ہیں۔
(اور ہم نے کہا) اے رسولو! پاک چیزوں میں سے کھاؤ اور مناسب حال عمل کرو (اور) میں اس کو جو تم کرتے ہو جانتا ہوں۔
اور یہ تمہاری جماعت [3](یعنی نبیوں کی) ایک ہی جماعت[4] ہے اور میں تمہارا رب ہوں، پس مجھے ہلاکت سے بچنے کے لئے اپنی ڈھال بناؤ۔
[3] یہاں اُمت سے مرادنبی کی قوم نہیں بلکہ جماعت مراد ہے۔
[4] یعنی سب رسول ایک جماعت کا حصہ ہیں۔ ان میں کوئی امتیاز کرنا درست نہیں۔ جیسا کہ فرماتا ہے لَانُفَرِّقُ بَیْنَ اَحَدٍ مِّنْ رُّسُلِہٖ ہم رسولوں میں کوئی فرق نہیں کرتے۔
جس پر انہوں (یعنی کفار) نے شریعت کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا، اور ہر فرقہ نے جو ٹکڑا اپنے لئے اختیار کیا، اس پر فخر کرنے لگے۔
پس تو ان کو ایک مدت تک اپنی غفلت میں پڑا رہنے دے۔
کیا وہ خیال کرتے ہیں کہ ہمارا ان کو مال اور بیٹوں سے مدد دینا ان کو نیکیوں میں جلد جلد بڑھانا ہے؟
(ایسا نہیں) بلکہ وہ (حقیقت حال کو) سمجھتے نہیں۔
وہ لوگ جو اپنے رب کے ڈر سے کانپتے ہیں۔
اور وہ لوگ جو اپنے رب کی آیتوں پر ایمان لاتے ہیں۔
اور جو اپنے رب کا شریک کسی کو نہیں بناتے۔