۲۳۔ سورۃ المؤمنون

تفسیر صغیر, حصہ 7

کیا تو ان سے کوئی تاوان مانگتا ہے (ایسا نہیں ہو سکتا) کیونکہ تیرے رب کا دیا ہوا [1]مال بہت اچھا ہے اور وہ (رب) بہترین رزق دینے والا ہے۔

[1] خَرَاجٌ کے معنے ہم نے تاوان کے کیے ہیں۔ لیکن جب یہ لفظ اللہ تعالیٰ کے لئے بولا جائے تو اس کے معنے عطیہ کے ہوتے ہیں۔ کیونکہ خدا کا دیا ہوا تاوان نہیں کہلاتا اس لئے کہ وہ بندوں کے ماتحت نہیں۔

اور تو ان کو سیدھے راستے کی طرف بلاتا ہے۔

اور جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے وہ (سچے) راستہ سے ہٹنے والے ہیں۔

اور اگر ہم ان پر رحم کریں اور جو ضرر ان کو پہنچ رہا ہے۔ اس کو دور کر دیں تو وہ اپنی سرکشی میں اور بھی بڑھ جائیں۔

اور ہم نے ان کو سخت عذاب میں جکڑ رکھا ہے پھر بھی وہ اپنے رب کے سامنے عاجزانہ طور پر نہیں جھکے اور نہ اس کے سامنے گریہ و زاری کی۔

یہاں تک کہ جب ہم ان پر ایک سخت عذاب کا دروازہ کھول دیں گے تو وہ مایوس ہو کر بیٹھ جائیں گے۔

اور وہ خدا ہی ہے جس نے تمہارے لئے کان اور آنکھیں اور دل پیدا کیا ہے۔ لیکن تم بالکل[1] شکر نہیں کرتے۔

[1] دیکھیئے سورۃ اعراف آیت۴ نوٹ نمبر۲۔

اور وہی ہے جس نے زمین میں تم کو پھیلا دیا ہے اور تم اسی کی طرف اکٹھے کیے جاؤ گے۔

اور وہی ہے جو تمہیں زندہ کرتا ہے اور جو تمہیں مارے گا اور رات اور دن کا آگے پیچھے آنا اسی کے اختیار میں ہے کیا تم عقل نہیں کرتے۔

حقیقت یہ ہے کہ وہ وہی بات کہتے ہیں جو ان سے پہلوں نے کہی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ کیا جب ہم مرجائیں گے اور مٹی ہو جائیں گے اور ہڈیاں بن جائیں گے توہم پھر[2]اٹھائے جائیں گے؟

[2] قرآن مجید میں اس جگہ پھر حرف سوال کو دہرایا گیا ہے۔ مگر چونکہ اردوں میں ایک دفعہ سوال کا حرف آجائے تو اگلے تمام فقروں کے ساتھ لگتا جاتا ہے۔ ہم نے ترجمہ میں دوسری جگہ کے سوالیہ حرف کو حذف کر دیا ہے۔

اس سے پہلے اسی بات کا وعدہ ہم سے اور ہمارے باپ دادوں سے کیا گیا تھا (مگر ایسا نہیں ہوا) یہ تو صرف پہلوں کی کہانیاں ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی