۲۳۔ سورۃ المؤمنون
تفسیر صغیر, حصہ 8
تو کہدے کہ اگر تم جانتے ہو تو (بتاؤ تو سہی) یہ سب زمین اور جو کچھ اس میں ہے کس کا ہے؟
یقیناً وہ (اس کے جواب میں) کہیں گے اللہ کا۔ اس پر تو کہہ دے، کیا تم سمجھ سے کام نہیں لیتے؟
(پھر) تو (ان سے) کہہ کہ ساتوں آسمان اور عرش عظیم کا رب کون ہے؟
وہ فوراً کہیں گے (یہ سب) اللہ کے ہیں۔ تو کہہ دے کیا پھر تم (اس خدا کے ذریعہ سے تباہی سے) بچنے کی کوشش نہیں کرتے؟
(نیز) تو کہہ دے کہ کس کے قبضہ میں ہر چیز کی بادشاہت ہے اور وہ (سب کو) پناہ دیتا ہے، ہاں اس کے عذاب کے خلاف کوئی دوسرا پناہ نہیں دے سکتا۔ اگر تم جانتے ہو (تو اس کو سمجھ سکتے ہو)
وہ (اوپر کا سوال سن کر) فوراً کہیں گے۔ اللہ کے (قبضہ میں) اس پر تو کہہ دے کہ پھر تمہیں دھوکہ دے کر کدھر لے جایا جا رہا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ہم ان کے پاس حق لائے ہیں اور وہ اس کے قطعی منکر ہیں۔
اللہ نے کسی کو بیٹا نہیں بنایا اور اس کے ساتھ کوئی معبود نہیں (اگر ایسا ہوتا) تو ہر معبود اپنی پیدا کی ہوئی اشیا کو الگ کرکے لے جاتا۔ اور ان (معبودوں) میں سے بعض بعض پر ہلہ بول دیتے۔ اللہ پاک ہے اس سے جو یہ باتیں کرتے ہیں۔
وہ غیب کا بھی علم رکھتا ہے اور حاضر کا بھی (علم رکھتا ہے) پس جن کو وہ اس کا شریک بناتے ہیں ان سے وہ بہت اونچا ہے۔
تو کہہ دے اے میرے رب! اگر تو میری زندگی میں وہ کچھ دکھا دے جس کا ان سے وعدہ کیا جا رہا ہے۔
تو اے میرے رب! تو مجھے ظالم قوم میں سے نہ بنائیو[1]۔
[1] یعنی ان کے عذاب میں شریک نہ کیجیؤ۔
اور ہم اس بات پر قادر ہیں کہ جو ان سے وعدہ کرتے ہیں تجھے دکھا دیں[2]۔
[2] یعنی تیری زندگی میں اس عذاب کا وعدہ پورا کر دیں۔