۲۴۔ سورۃ النور
تفسیر صغیر, حصہ 3
اس دن جبکہ ان کی زبانیں بھی اور ان کے ہاتھ بھی اور ان کے پاؤں بھی ان کے ان اعمال کے متعلق جو وہ کرتے تھے ان کے خلاف گواہی دیں گے۔
اس دن اللہ ان کو ان کا صحیح بدلہ دے گا اور وہ جان لیں گے کہ اللہ ہی صدق کامل ہے ایسا صدق جو اپنے آپ کو آپ ظاہر کر دیتا ہے۔
خبیث[1] باتیں خبیث مردوں کے لئے ہیں اور خبیث مرد خبیث باتوں کے لئے ہیں اور پاک باتیں پاک مردوں کے لئے ہیں اور پاک مرد پاک باتوں کے لئے ہیں۔ یہ سب لوگ ان باتوں سے جو (دشمن) کہتے ہیں پاک ہیں۔ ان کے لئے بخشش اور معزز رزق (مقدر) ہے۔
[1] عام طور پر مفسّر اس آیت کے یہ معنے کرتے ہیں کہ خبیث مرد خبیث عورتوں کے لئے ہیں اور خبیث عورتیں خبیث مردوں کے لئے۔ مگر یہ درست نہیں۔ باتیں اور اعمال بھی مؤنث استعمال ہوتے ہیں اور انہیں کا یہاں ذکر ہے۔ ورنہ ایک بدکار عورت کسی شریف سے دھوکا دے کر بیاہ کر لے تو اس میں مرد کا کیا قصور؟ اسی طرح اس کا الٹ سمجھ لو۔ قرآن مجید تو صرف یہ کہتا ہے کہ جو نیکی میں مشہور ہوں۔ ان پر بدی کا الزام نہ لگاؤ کیونکہ عقلاً نیک شہرت رکھنے والا مرد یا عورت نیک کام ہی کریں گے۔
اے مومنو! اپنے گھروں کے سوا دوسرے گھروں میں نہ داخل ہوا کرو جب تک کہ اجازت نہ لے لو۔ اور (داخل ہونے سے پہلے) ان گھروں میں بسنے والوں کو سلام نہ کر لو۔ یہ تمہارے لئے اچھا ہوگا اور اس (فعل) کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تم (نیک باتوں کو ہمیشہ) یاد رکھو گے۔
اور اگر تم ان گھروں میں کسی کو نہ پاؤ، تب بھی ان میں داخل نہ ہو جب تک کہ تمہیں (گھر والوں کی طرف سے) اجازت نہ مل گئی ہو۔ اور اگر (کوئی گھر میں ہو اور) تم سے کہا جائے کہ اس وقت چلے جاؤ تو تم چلے آؤ، یہ تمہارے لئے زیادہ پاکیزہ ہوگا، اور اللہ تمہارے کاموں کو خوب جانتا ہے۔
تمہارے لئے ان گھروں میں داخل ہونا گناہ کا موجب نہیں جن میں کوئی رہتا نہیں اور تمہارا سامان اس میں پڑا ہے اور اللہ اسے بھی جانتا ہے جسے تم ظاہر کرتے ہو اور اسے بھی جسے تم چھپاتے ہو۔
تو مومنوں سے کہہ دے کہ وہ اپنی آنکھیں نیچی رکھا کریں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کیا کریں، یہ ان کے لئے بہت پاکیزگی کا موجب ہوگا۔ جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اس سے اچھی طرح خبردار ہے۔
اور مومن عورتوں سے کہہ دے کہ وہ بھی اپنی آنکھیں نیچی رکھا کریں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کیا کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کیا کریں سوائے اس کے جو آپ ہی آپ بے اختیار [1]ظاہر ہوتی ہو۔ اور اپنی اوڑھنیوں کو اپنے سینہ پر سے گذار کر اور اس کو ڈھانک کر پہنا کریں، اور وہ صرف اپنے خاوندوں، یا اپنے باپوں، یا اپنے خاوندوں کے باپوں، یا اپنے بیٹوں، یا اپنے خاوندوں کے بیٹوں، یا اپنے بھائیوں یا اپنے بھائیوں کے بیٹوں، یا اپنی بہنوں کے بیٹوں، یا اپنی (ہم کفو[2]) عورتوں، یا جن کے مالک ان کے داہنے ہاتھ ہوئے ہیں یا ایسے ماتحت مردوں پر جو ابھی جوان نہیں ہوئے، یا ایسے بچوں پر جن کو ابھی عورتوں کے خاص تعلقات کا علم حاصل نہیں ہوا، اپنی زینت ظاہر کریں (ان کے سوا کسی پر ظاہر نہ کریں) اور اپنے پاؤں (زور سے زمین پر) اس لئے نہ مارا کریں کہ وہ چیز ظاہر ہو جائے جس کو وہ اپنی زینت سے چھپا رہی ہیں، اور اے مومنو! سب کے سب اللہ کی طرف رجوع کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔
[1] جیسے قد اور موٹاپا یا دُبلا پن۔
[2] یعنی جو شرافت میں مشہور ہوں۔ یہ نہیں کہ مسلمانوں کے عام رواج کے مطابق ڈومنیاں ہر وقت گھر میں گھسی رہیں۔
اور اپنے میں سے جو بیوائیں ہیں اور جو اپنے غلاموں یا لونڈیوں میں سے نیک ہوں، ان کی شادیاں کر دیا کرو۔ اگر وہ غریب ہیں تو اللہ اپنے فضل سے ان کو غنی بنا دے گا اور اللہ بہت وسعت رکھنے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اور چاہیئے کہ وہ لوگ جن کو نکاح کی توفیق نہیں پاکیزگی اختیار کریں، یہاں تک کہ اللہ ان کو اپنے فضل سے غنی بنا دے، اور تمہارے غلاموں میں سے جو لوگ مکاتبت کا مطالبہ کریں اگر تم ان میں [1]بھلائی دیکھو تو ان سے مکاتبت کر لو اور (اگر ان کے پاس پورا مال نہ ہو تو) جو اللہ نے تم کو مال دیا ہے اس میں سے کچھ مال دے (کر ان کی آزادی ممکن بنا) دو۔ اور تم اپنی لونڈیوں کو بدکاری پر مجبور نہ کرو اگر وہ نیک[2] رہنا چاہتی ہوں، تا کہ تم اس ذریعہ سے[3] دنیوی زندگی کا سامان جمع کرو۔ اور جو کوئی ان کو مجبور کرے۔ تو اللہ ان عورتوں کی مجبوری کے بعد بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا[4] ہے (وہ ان پر گرفت نہیں کرے گا)۔
[1] یعنی وہ مال لٹانے والے نہ ہوں یا آوارہ نہ ہوں لیکن اگر مالک راضی نہ ہو تو مکاتبت چاہنے والا غلام قاضی کے ذریعہ سے آزادی حاصل کر سکتا ہے کیونکہ یہ اس کا حق ہے۔
[2] یعنی لونڈیوں کی خواہش نکاح کی ہو تو اس سے انہیں روکو نہیں کیونکہ اس کا نتیجہ فسق و فجور ہوگا۔
[3] یعنی عورتوں کو غلام رکھ کر اپنے گھر کی نوکروں کی مشکل حل نہ کرو۔
[4] یعنی قرآن کریم کا حکم ہے کہ نکاح کرو۔ لیکن اگر مالک اس میں روک بنے تو گناہ اس پر ہوگا نہ کہ عورت پر۔
اور ہم نے تم پر کھلے کھلے نشانات اتارے ہیں اور جو لوگ تم سے پہلے گذر چکے ہیں ان کے حالات بھی بیان کیے ہیں اور متقیوں کے لئے نصیحت کی باتیں بھی بیان کی ہیں۔
اللہ آسمانوں کا بھی نور [5]ہے اور زمین کا بھی۔ اس کے نور کی کیفیت[6] یہ ہے جیسے کہ ایک طاق ہو جس میں ایک دیا پڑا ہو (اور وہ) دیا ایک شیشے کے گلوب کے نیچے ہو (اور) وہ گلوب ایسا چمکدار ہو گویا وہ ایک چمکتا ہوا ستارہ ہے (اور) وہ (چراغ) ایک ایسے برکت والے درخت زیتون (کے تیل) سے جلایا جارہا ہو کہ وہ (درخت[7]) نہ شرقی ہو نہ غربی۔ قریب ہے کہ اس کا تیل خواہ اسے آگ نہ بھی چھوئی ہو بھڑک اٹھے (یہ چراغ) بہت سے نوروں کا مجموعہ (معلوم ہوتا) ہے اللہ اپنے نور کے لئے جن کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور اللہ لوگوں کے لئے (تمام ضروری) باتیں بیان کرتا ہے۔ اور اللہ ہر ایک چیز کو خوب جانتا ہے۔
[5] یعنی سب برکت دنیا میں خداتعالیٰ کے تعلق سے پیدا ہوتی ہے۔
[6] یعنی جو تعلیم اس کی طرف سے آتی ہے اس کا مقابلہ دوسری تعلیموں سے ایسا ہی ہے جیسا کہ ایک مٹی کے دِیے کا ایک ریفلیکٹر رکھنے والے لیمپ سے۔
[7] مشرق و مغرب سے تعلق نہ رکھنے والے درخت سے مراد ایسی تعلیم ہے جس میں نہ مشرقیوں کا لحاظ رکھا گیا ہے اور نہ مغربیوں کا۔ اور یہ تعلیم صرف قرآن مجید کی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ لَافَضْلَ لِلْعَرَبِیِّ عَلَی الْاَعْجَمِیِّ (مسند احمد بن حنبل۔ جلد ۵ صفحہ ۴۱۱ مطبوعہ بیروت)