۲۴۔ سورۃ النور

تفسیر صغیر, حصہ 4

یہ (دِیے[2]) ایسے گھروں میں ہیں جن کے اونچا کیے جانے کا خدا نے حکم دے دیا ہے اور ان میں خدا کا نام لیا جاتا ہے (اور) ان میں صبح و شام تسبیح کرتے رہتے ہیں۔

[2] یعنی خدائی نور کا ثبوت یہ ہوگا کہ جن گھروں میں یہ نور یعنی تعلیم قرآن ہوگی وہ دنیا میں عزت پا جائیں گے اور عبادت سے ہر وقت معمور رہیں گے۔

کچھ مرد۔ جن کو اللہ کے ذکر سے اور نماز کے قائم کرنے سے اور زکٰوۃ کے دینے سے نہ تجارت اور نہ سودا بیچنا غافل کرتا ہے وہ اس دن سے ڈرتے ہیں جس میں دل الٹ جائیں گے اور آنکھیں پلٹ جائیں گی۔

نتیجہ یہ ہوگا کہ اللہ ان کو ان کے اعمال کی بہتر سے بہتر جزا دے گا اور ان کو اپنے فضل سے (مال و اولاد میں) بڑھا دے گا اور اللہ جس کو چاہتا ہے بغیر حساب کے رزق دیتا ہے۔

اور وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا ان کے اعمال سراب کی طرح ہیں جو ایک وسیع میدان میں نظر آتی ہے جس کو پیاسا پانی سمجھتا ہے یہاں تک کہ جب وہ اس کے پاس آجاتا ہے تو وہ اسے کچھ بھی نہیں پاتا اور اللہ کو اس کے پاس دیکھ لیتا ہے تب اللہ اسے اس کا پورا پورا حساب چکا دیتا ہے اور اللہ بہت جلد حساب چکانے والوں میں سے ہے۔

یا (ان کافروں کے اعمال کی کیفیت) ان تاریکیوں جیسی ہے جو ایک گہرے سمندر پر چھائی ہوئی ہوتی ہے جس پر لہریں اٹھ رہی ہوتی ہیں اور ان لہروں پر اور لہریں اٹھ رہی ہوتی ہیں اور ان سب کے اوپر ایک بادل ہوتا ہے یہ ایسی تاریکیاں ہوتی ہیں کہ ان میں سے بعض بعض کے اوپر چھائی ہوتی ہیں۔ جب انسان اپنا ہاتھ نکالتا ہے تو باوجود کوشش کے اس کو دیکھ نہیں سکتا اور جس کے لئے اللہ نور نہ بنائے اس کو کہیں سے نور نہیں ملتا۔

کیا تو دیکھتا نہیں کہ اللہ وہ ہے کہ جو آسمانوں اور زمین میں رہتے ہیں سب اسی کی تسبیح کرتے ہیں اور پرندے صف باندھے ہوئے اس کے سامنے حاضر ہیں۔ اور ان میں سے ہر ایک (اپنی اپنی پیدائش کے مطابق) اپنی نماز اور اپنی تسبیح کو جانتا ہے اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اسے خوب جانتا ہے۔

اور آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اللہ ہی کی ہے اور اللہ ہی کی طرف سب کو لوٹ کر جانا ہے۔

کیا تو نے نہیں دیکھا کہ اللہ بادلوں کو آہستہ آہستہ ہانک کر لاتا ہے پھر ان کے درمیان اتصال پیدا کر دیتا ہے پھر ان کو تہ بہ تہ بنا دیتا ہے پھر تو دیکھتا ہے کہ ان کے اندر سے بارش ٹپکنے لگتی ہے اور وہ بادل میں سے بہت بڑے حجم کی چیزیں گراتا ہے جن میں سے بعض اولوں کی قسم کی ہوتی ہیں اور اس کو جس (قوم) تک چاہتا ہے پہنچا دیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے اسے روک لیتا ہے قریب ہوتا ہے کہ اس کی بجلی کی روشنی بعض آنکھوں کو اندھا کر دے۔

اللہ رات اور دن کو چکر دیتا رہتا ہے۔ اس میں عقل والے لوگوں کے لئے بڑی عبرت ہے۔

اور اللہ نے ہر چلنے والے جانور کو پانی سے پیدا کیا ہے پس کچھ تو ایسے ہیں جو اپنے پیٹ پر چلتے ہیں اور کچھ ایسے ہیں جو (اپنے) دو پاؤں پر چلتے ہیں اور کچھ ایسے ہیں جو چار پاؤں پر چلتے ہیں۔ اللہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور اللہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔

ہم نے کھلے کھلے نشانات اتارے ہیں اور اللہ جسے چاہتا ہے سیدھے راستہ کی طرف ہدایت دیتا ہے۔

اور وہ کہتے ہیں ہم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے، اور ہم نے اطاعت کا وعدہ کرلیا۔ پھر ان میں سے ایک گروہ اس کے بعد (اپنے اقرار سے) پھر جاتا ہے۔ اور ایسے لوگ ہرگز مومن نہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی