۲۵۔ سورۃ الفرقان
تفسیر صغیر, حصہ 3
جنتی لوگ اس دن ٹھکانے کے لحاظ سے بھی اچھے ہوں گے اور خواب گاہوں کے لحاظ سے بھی وہ اعلیٰ مقام پر ہوں گے۔
اور اس دن (کو یاد کرو) جب آسمان پھٹ جائے گا اور بادل سر پر منڈلا رہے ہوں گے اور فرشتے باربار اتارے جائیں گے۔
اس دن بادشاہت سچ مچ رحمن (خدا) کے قبضہ میں نظر آئے گی۔ اور (یہ) دن کافروں پر بڑا سخت ہوگا۔
اور اس دن ظالم اپنے ہاتھوں کو کاٹے گا (اور) کہے گا۔ اے کاش! میں رسول کے ساتھ چل پڑتا۔
وائے بدبختی! کاش! میں فلاں شخص کو دوست نہ بناتا۔
اس نے مجھے خدا کے ذکر سے غافل کر دیا جبکہ وہ (رسول کے ذریعہ سے) میرے پاس آیا تھا۔ اور شیطان آخر انسان کو اکیلا چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔
اور رسول نے کہا، اے میرے رب! میری قوم نے تو اس قرآن کو پیٹھ کے پیچھے پھینک دیا ہے۔
اور ہم نے اسی طرح مجرموں میں سے سب نبیوں کے دشمن بنائے ہیں، اور تیرا رب ہدایت دینے اور مدد کرنے کے لحاظ سے (بالکل) کافی ہے۔
اور کافروں نے کہا، کیوں نہ قرآن اس (نبی) پر ایک ہی دفعہ نازل کر دیا گیا۔ ان کا کہنا بھی ایک طرح ٹھیک ہے (لیکن ہم نے اس کو مختلف سورتوں اور وقتوں میں) اس لئے (اتارا) کہ ہم اس (قرآن) کے ذریعہ سے تیرے دل کو مضبوط[1] کرتے رہیں اور ہم نے اس کو نہایت عمدہ بنایا ہے۔
[1] مطلب یہ ہے کہ ٹکڑے ٹکڑے اترنے سے ایک تو سب مسلمانوں کو قرآن آسانی سے یاد ہو سکتا تھا۔ دوسرے ایک سورۃ میں بیان کردہ پیشگوئی جب پوری ہو جاتی تو دوسری سورۃ میں اس کی طرف اشارہ کیا جا سکتا تھا جس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہؓ کے دل مضبوط ہو جاتے۔ اکٹھا نازل ہونے کی صورت میں یہ دونوں اغراض پوری نہیں ہو سکتی تھیں۔
اور (تیری تردید کے لئے) وہ کوئی بات نہیں کہتے کہ ہم اس کے جواب میں ایک پختہ بات بیان نہیں کر دیتے۔ اور اس کی اچھی سے اچھی توجیہ نہیں کر دیتے۔
جو لوگ اپنے سرداروں سمیت جہنم کی طرف لے جائے جائیں گے ان کا مقام بہت برا ہوگا اور ان کا رستہ بڑی گمراہی کا ہوگا۔
اور ہم نے موسیٰ کو ایک (معلوم[1]) کتاب دی تھی اور ہم نے اس کے ساتھ اس کے بھائی ہارون کو بھی نائب بنا کر بھیج دیا تھا۔
[1] الؔ اس چیز کے لئے بھی آتا ہے جس کا ذکر پہلے ہو چکا ہو یا جس کا خیال دماغ میں ہو۔ اس لئے ہم نے اَلْکِتٰب کا ترجمہ ’’معلوم کتاب‘‘ کیا ہے۔