۲۵۔ سورۃ الفرقان
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور ہم نے ان سے کہا تھا کہ تم دونوں اس قوم کی طرف جاؤ جنہوں نے ہماری آیتوں کا انکار کر دیا ہے پھر (جب وہ تبلیغ کر چکے) ہم نے ان جھٹلانے والوں کو بالکل تباہ کردیا۔
اور قوم نوح کو بھی جب انہوں نے رسولوں کا انکار کیا ہم نے غرق کر دیا اور ہم نے انہیں لوگوں کے لئے ایک نشان بنا دیا اور ہم نے ظالموں کے لئے دردناک عذاب تیار کر چھوڑا ہے۔
اور عاد کو بھی اور ثمود کو بھی اور کنوئیں [2]والے لوگوں کو بھی اور ان کے درمیان اور بہت سے قوموں کو بھی (ہم نے تباہ کردیا)
[2] کنوئیں والے لوگوں کے متعلق مفسرین نے بہت اختلاف کیا ہے مگر اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ قوم ثمود کے بعد گذری تھی اور بحر محیط نے بھی اسی کی تائید کی ہے کیونکہ اس میں حضرت ابن عباسؓ کا قول لکھا ہے کہ یہ قوم ثمود کا حصہ تھی۔ چونکہ ثمود و عاد کا آخری حصہ تھے اس لئے معلوم ہوتا ہے کہ نسل اسماعیلؑ کے عرب میں پھیلنے سے پہلے یہ لوگ گذرے ہیں جب نسل اسماعیلؑ عرب میں پھیل گئی تو پھر یہ لوگ شمال کی طرف فلسطین کی جانب چلے گئے جیسا کہ قدیم آثار سے پتہ لگتا ہے (دیکھئے ’’العرب قبل الاسلام‘‘ مصنفہ جرجی زیدان)
اور ان میں سے ہر قوم کے لئے ہم نے حقیقت بیان کر دی۔ اور (جب نہ سمجھے تو) سب کو ہلاک کر دیا۔
اور یہ (مکہ کے کفار) اس بستی کے پاس سے گذر چکے ہیں[1] جس پر ایک تکلیف دہ بارش نازل کی گئی تھی۔ کیا یہ اس (بستی کے نشانوں) کو نہیں دیکھتے۔ حقیقت[2] یہ ہے کہ یہ دوبارہ اٹھنے کی امید ہی نہیں رکھتے تھے۔
[1] یعنی لوط علیہ السلام کی قوم۔
[2] قرآن کریم میں اس جگہ بَلْ کا لفظ ہے۔ جس کے معنے ’’بلکہ‘‘ کے بھی ہیں۔ اور ’’اظہار حقیقت‘‘ کے بھی۔ اس لئے ہم نے اس جگہ ’’بلکہ‘‘ ترجمہ نہیں کیا صرف ’’حقیقت یہ ہے‘‘ کے الفاظ لکھے ہیں۔
اور جب وہ تجھے دیکھتے ہیں تو تجھے صرف ایک ہنسی ٹھٹھے کی چیز سمجھتے ہیں، (اور کہتے ہیں) کیا اللہ نے اس شخص کو رسول بنا کر بھیجا ہے۔
اگر ہم اپنے معبودوں پر قائم نہ رہتے تو یہ (شخص) تو ہم کو ان سے گمراہ کرنے ہی لگا تھا۔ اور جب یہ عذاب کو دیکھیں گے تو ان کو ضرور حقیقت معلوم ہو جائے گی کہ کون اپنے طور و طریق میں زیادہ گمراہ تھا۔
(اے رسول)! کیا تو نے اس شخص کا حال بھی معلوم کرلیا جس نے اپنی خواہشات نفسانی کو اپنا معبود بنا لیا۔ کیا تو اس شخص پر نگران ہے (کہ تو اسے جبراً گمراہی سے روکے)۔
کیا تو سمجھتا ہے کہ ان میں سے اکثر سنتے یا سمجھتے ہیں؟ وہ تو فقط جانوروں کی طرح ہیں، بلکہ رویہ کے لحاظ سے ان سے بھی بدتر۔
(اے قرآن کے مخاطب) کیا تجھے معلوم نہیں کہ تیرے رب نے کس طرح سایہ کو لمبا کیا ہے۔ اور اگر وہ چاہتا تو اسے ایک جگہ ٹھہرا ہوا بنا دیتا۔ پھر ہم نے سورج[3] کو اس پر ایک گواہ بنا دیا۔
[3] یعنی جب معلوم کرنا ہو کہ سایہ کس طرف گیا ہے اور کتنا لمبا ہے تو سورج کو دیکھ کر معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اگر سورج نیچے ہو تو سایہ بالمقابل اور لمبا ہوگا اور اگر سر پر ہوتو بہت چھوٹا اور عین درمیان میں۔
پھر[1] ہم اس کو آہستہ آہستہ اپنی طرف کھینچنا شروع کرتے ہیں۔
[1] یعنی شام کے دھندلکے سے سایوں کا نشان مٹنا شروع ہو جاتا ہے۔ یہی قاعدہ روحانی بادشاہت میں بھی ہے۔ یعنی جب کافر قوم تنزّل کی طرف جاتی ہے تو اس کا اثر ہمسایہ قوموں سے اٹھنا شروع ہو جاتا ہے۔ یہاں تک کہ پورے تنزّل کے وقت یعنی رات کو سایہ بالکل ختم ہو جاتا ہے۔
اور وہی (خدا) ہے جس نے رات کو تمہارے لئے لباس بنایا اورنیند کو آرام کا موجب، اور دن کوپھیلنے اور ترقی کا ذریعہ[2]۔
[2] نَشَرَ الشَّجَرُ کے معنے ہوتے ہیں درخت نے پتے دئے۔ یعنی پھر سے زندہ ہو گیا۔ اور نَشَرَ الثَّـوْبَ کے معنے ہوتے ہیں کپڑے کو پھیلا دیا اور نَشَرَ الْمَوْتٰی کے معنے ہوتے ہیں مردے کو زندہ کر دیا۔ پس نُشُوْر کے معنے ہوئے قوم کو اس کی موت کے بعد زندہ کرکے پھر پھیلانا شروع کر دیا۔