۲۵۔ سورۃ الفرقان
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور وہ (خدا) ہی ہے جس نے ہواؤں کو اپنی رحمت سے پہلے بشارت دینے کے لئے بھیجا اور ہم نے بادل[3] سے پاک (وصاف) پانی اتارا ہے۔
[3] سَمَآء کے معنے آسمان کے علاوہ بادل کے بھی ہوتے ہیں (اقرب)
تا کہ اس کے ذریعہ سے مردہ ملک کو زندہ کریں اور اسی طرح اس (پانی) سے اپنے پیدا کیے ہوئے چارپایوں اور بہت سے انسانوں کو سیراب کریں۔
اور ہم نے اس (پانی) کو اُن (انسانوں) میں خوب پھیلا دیا تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں لیکن لوگوں میں سے اکثر لوگ کفر کے سوا کسی بات پر راضی نہیں ہوتے۔
اور اگر ہم چاہتے تو ہر بستی میں ایک ہوشیار کرنے والا (نبی یا مامور) بھیج دیتے۔
پس تو کافروں کی بات[4] نہ مان اور اس (قرآن) کے ذریعہ سے ان سے بڑا جہاد کر۔
[4] بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ قُلْ یٰٓـاَ یُّـھَا الْـکٰـفِرُوْنَ میں جو فرمایا ہے لَا اَعْبُدُ مَا تَعْبُدُوْنَ یہ پہلا حکم ہے۔ حالانکہ سورۃ الفرقان بھی مکی ہے اور اس میں بھی صاف فرما دیا ہے کہ کافروں کی بات کبھی نہیں ماننی اور قرآن کریم سے ان کا رد ّ کرنا ہے۔ اس قسم کی کھلی آیات کے موجود ہوتے ہوئے یہ سمجھنا کہ قُلْ یٰٓـاَ یُّـھَا الْـکٰـفِرُوْنَ کی سورۃ اس لئے نازل ہوئی کہ کفار مکہ نے یہ پیش کیا تھا کہ کبھی ہم تمہارے خدا کی عبادت کر لیں گے۔ اور کبھی تم ہمارے معبودوں کی عبادت کر لیا کرو۔ جس پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں اس معاملہ میں سوچ کر اور خداتعالیٰ سے ہدایت طلب کرکے جواب دوں گا۔ کسی طرح درست نہیں ہو سکتا جب جواب سورۂ فرقان اور بہت سی مکی سورتوں میں موجود تھا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے سوچنے اور مہلت ماننے کا کیا سوال تھا۔ قرآن مجید صاف طور پر کہہ چکا تھا کہ کفار کے دین کے کسی حصہ کو تسلیم نہیں کرنا۔ بلکہ قرآنی تعلیم کے ذریعہ سے ان کے کفر کی تعلیم کو ملیا میٹ کر دینا ہے۔
اور وہی ہے جس نے دو سمندروں[1] کو چلایا ہے جن میں سے ایک تو بہت میٹھا[2] ہے، اور دوسرا [3]نمکین (اور) کڑوا ہے اور اس (اللہ) نے ان دونوں کے درمیان ایک روک بنا دی ہے اور ایسا سامان بنایا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو پرے [4]رکھتے ہیں، ملنے نہیں دیتے۔
[1] اس جگہ پر بَحْرٌ کا لفظ ہے اور عربی زبان میں بَحْرٌ سمندر اور دریا دونوں کو کہتے ہیں۔ اصل میں یہاں مذہبوں کا مقابلہ ہے۔ یعنی کسی کی تعلیم اچھی ہوتی ہے کسی کی ُبری لیکن تمثیلی طور پر بتایا ہے کہ دیکھتے نہیں سمندر کا پانی کتنا کڑوا ہوتا ہے اور دریا جو اس میں آکر گرتے ہیں ان کا پانی میٹھا ہوتا ہے اللہ ہی نے یہ تدبیر کی ہے کہ وہ ہمیشہ میٹھے ہی رہتے ہیں اور سمندر ہمیشہ کڑوا رہتا ہے کیونکہ دریا بارش کے پانی اور برفوں سے بنتے ہیں اور سمندر کی تہ میں ان گنت پہاڑ نمک کے ہیں۔ اسی طرح جو تعلیمات براہِ راست خدا کی طرف سے آتی ہیں وہ میٹھی ہوتی ہیں اور جو تعلیمیں دیر سے دنیا میں موجود ہیں اور براہِ راست الہام سے محروم ہیں وہ کڑوی ہوتی ہیں جیسے سمندر کا پانی۔
[2] فُرَاتٌ کے معنے بھی میٹھے کے ہیں اور عَذْبٌ کے معنے بھی میٹھے کے۔ اس لئے ہم نے ترجمہ ’’بہت میٹھا ہے‘‘ کے الفاظ سے کیا ہے۔
[3] قرآن کریم کے لفظ تو ھٰذَا کے ہیں جس کا ترجمہ ’’یہ‘‘ اور ’’وہ‘‘ ہے۔ مگر اردو میں ایک اور دوسرا کے الفاظ ٹھیک رہتے ہیں۔ پس چونکہ اس سے معنوں میں فرق نہیں پڑتا ہم نے ’’ایک دوسرے‘‘ کے لفظ کو اختیار کیا ہے۔
[4] یعنی دریاؤں اور سمندروں کو بظاہر ملایا ہے لیکن ایسا انتظام کیا ہے کہ نہ دریا نمکین ہوتے ہیں نہ سمندر میٹھے۔
اور وہ (خدا) ہی ہے جس نے پانی[5] سے انسان بنایا، پس اس کو کبھی تو نسب بنایا ہے (یعنی شجرۂ آباء) اور کبھی صِھْر بنایا ہے (یعنی شجرۂ سسرال) اور تیرا رب ہر چیز پر قادر ہے۔
[5] نطفۂِ انسان مراد ہے۔
اور وہ (کافر) اللہ کے سوا ان کی عبادت کرتے ہیں جو نہ انہیں نفع دے سکتے ہیں اور نہ تکلیف پہنچا سکتے ہیں اور کافر ہمیشہ اپنے رب کے (جاری کردہ سلسلوں کے) خلاف ہوتا ہے۔
اور ہم نے تو تجھے صرف بشارت دینے والا اور ہوشیار کرنے والا بنایا ہے۔
تو ان سے کہہ دے کہ میں تم سے اُس (یعنی خدا کا پیغام پہنچانے) کا کوئی اجر[1] نہیں مانگتا۔ ہاں اگر کوئی شخص اپنی مرضی سے چاہے تو اپنے رب کی طرف جانے والی راہ کو اختیار کرلے (وہی میرا بدلہ ہوگا)
[1] یہ آیت کتنی واضح ہے کہ اسلام کو جبر سے پھیلانا ناجائز ہے۔ اس آیت میں وضاحت سے کہا گیا ہے کہ میں تبلیغ اسلام کے بدلہ میں کوئی اجر نہیں چاہتا۔ میرا اجر یہی ہے کہ اگر کسی کا دل اسلام کی صداقت کو قبول کرلے تو اپنی مرضی سے اسلام میں داخل ہو جائے۔ میں اس پر کوئی جبر نہیں کر سکتا اور نہ کروں گا اس تعلیم کے ہوتے ہوئے یہ کہنا کہ اسلام تلوار کے ذریعہ سے پھیلا ہے اسلام پر کتنا ظلم اور تعدّی ہے۔ کیا کوئی اور مذہب بھی ہے جس نے اپنی اشاعت کے متعلق اس صفائی سے آزادیٔ ضمیر اور آزادیٔ رائے کی تائید کی ہو۔
اور تو اس پر توکل کر جو زندہ ہے (اور سب کو زندہ رکھتا ہے) کبھی نہیں مرتا اور اس کی تعریف کے ساتھ ساتھ اس کی تسبیح بھی کر اور وہ اپنے بندوں کے گناہوں سے خوب واقف ہے۔
وہ (خدا) جس نے آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے ان سب کو چھ اوقات میں پیدا کیا ہے پھر وہ مضبوطی سے عرش پر قائم ہو گیا۔ وہ رحمان ہے پس جب بھی (اے انسان) تو اس کے متعلق کوئی سوال کرے تو خبیر[2] سے سوال کر جو بہت باخبر ہے (اور ٹھیک ٹھیک جواب دے سکتا ہے)۔
[2] خَبِیْر سے مراد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں جن کو خداتعالیٰ نے اپنی صفات کا وحی سے علم دیا۔