۲۵۔ سورۃ الفرقان

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ رحمن کے سامنے سجدہ میں گر جاؤ، تو کہتے ہیں رحمن کیا چیز ہے؟ کیا ہم اس کے آگے سجدہ کریں جس (کے آگے سجدہ کرنے) کا تو حکم دیتا ہے اور یہ بات ان کو نفرت میں اور بھی بڑھا دیتی ہے۔

برکت والی ہے وہ ہستی جس نے آسمان میں ستاروں کے ٹھہرنے کے مقام بنائے ہیں اور اس میں چمکتا ہوا چراغ [3]بنایا ہے اور نور دینے والا چاند بنائے ہیں۔

[3] سِرَاجٌ کے معنے عربی زبان میں چراغ کے ہیں۔ اس لئے کہ چراغ کے اندر تیل پڑنے کے بعد اس کی اپنی روشنی نکلتی ہے جس طرح سورج کی اپنی روشنی نکلتی ہے لیکن چاند باہر سے یعنی سورج سے روشنی حاصل کرتا ہے اس لئے دوسری جگہ قَمَر کو نو ر کہا ہے۔ یعنی روشنی تو دیتا ہے مگر وہ روشنی مستعار ہوتی ہے (یونس آیت۶) چنانچہ لغت میں بھی ہے کہ اَلضَّوْء سورج کی روشنی کے لئے بولا جاتا ہے اور اس کی صفت یہ ہے کہ وہ ذاتی روشنی ہوتی ہے (دیکھئے اقرب زیر لفظ ضَوء) اس سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ نور جو اس کے بالمقابل ہے اس کے معنے اکتسابی روشنی کے ہیں (یہ بھی اقرب میں ہی لکھا ہے)

وہی ہے جس نے رات کو اور دن کو ایک دوسرے کے پیچھے آنے والا بنایا ہے اس شخص کے (فائدہ کے) لئے جو نصیحت حاصل کرنا چاہے یا شکر گذار بندہ بننا چاہے۔

اور رحمن کے (سچے) بندے وہ ہوتے ہیں جو زمین پر آرام سے چلتے[1] ہیں اور جب جاہل لوگ ان سے مخاطب[2] ہوتے ہیں تو وہ (لڑتے نہیں بلکہ) کہتے ہیں کہ ہم تو تمہارے لئے سلامتی کی دعا کرتے ہیں۔

[1] یعنی تکبر کے ساتھ نہیں چلتے۔

[2] یعنی جہالت کی باتیں کرتے ہیں۔

اور وہ لوگ بھی جو اپنے رب کے لئے راتیں سجدوں میں اور کھڑے ہو کر گذار دیتے ہیں۔

اور وہ (رحمن کے بندے) کہتے ہیں، اے ہمارے رب! ہم سے جہنم کا عذاب ٹلادے۔ اس کا عذاب ایک بہت بڑی تباہی ہے۔

وہ (دوزخ) عارضی ٹھکانے کے طور پر بھی بری ہے اور مستقل ٹھکانے کے طور پر بھی (بری ہے)۔

اور وہ (اللہ کے بندے) ایسے ہوتے ہیں کہ جب خرچ کرتے ہیں تو فضول خرچی سے کام نہیں لیتے اور نہ بخل کرتے ہیں اور ان کا خرچ ان دونوں حالتوں کے درمیان درمیان ہوتا ہے۔

اور وہ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے اور نہ کسی جان کو جسے اللہ نے حفاظت بخشی ہو قتل کرتے ہیں سوائے (شرعی) حق کے۔ اور نہ زنا کرتے ہیں اور جو کوئی ایسا کام کرے گا وہ اپنے گناہ کی جزا کو دیکھ لے گا۔

قیامت کے دن اس کے لئے عذاب زیادہ کیا جائے گا اور وہ اس میں ذلت کے ساتھ رہتا چلا جائے گا۔

سوائے اس کے جس نے توبہ کر لی اور ایمان لایا اور ایمان کے مطابق عمل کیے پس یہ لوگ ایسے ہوں گے کہ اللہ ان کی بدیوں کو نیکیوں سے بدل دے گا اور اللہ بڑا بخشنے والا مہربان ہے۔

اور جو توبہ کرے اور اس کے مطابق عمل کرے، تو وہ شخص حقیقی طور پر اللہ کی طرف جھکتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی