۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 10

پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔

اور میں اس (خدمت کے سلسلہ) میں کوئی اجر نہیں مانگتا، میرا اجر تو رب العالمین (خدا) کے ذمہ ہے۔

پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اور میری اطاعت کرو۔

(ان کافروں نے) کہا کہ کیا ہم تجھ پر ایمان لائیں، حالانکہ نہایت حقیر لوگ تیرے متبع ہوئے ہیں۔

اس نے کہا، مجھے کہاں سے علم آیا ہے کہ ان کے اندرونی اعمال کیسے ہیں؟

ان کا حساب کرنا تو میرے رب کے ذمہ ہے، اگر تم سمجھو۔

اور جو شخص مومن ہو کر میرے پاس آتا ہے میرا کام نہیں کہ میں اسے دھتکاروں۔

میں تو صرف ایک کھلا کھلا ہوشیار کرنے والا (انسان) ہوں۔

(ان کافروں نے) کہا اے نوح! اگر تو باز نہ آیا تو تو سنگسار کیے جانے والوں میں شامل ہو جائے گا (یعنی ہم تجھے سنگسار کر دیں گے)۔

اس پر (نوح نے) کہا، اے میرے رب! میری قوم نے مجھے جھٹلا دیا ہے۔

پس تو میرے اور ان کے درمیان ایک قطعی[1] فیصلہ کر۔ اور مجھے اور میرے ساتھی مومنوں کو (دشمن کے) شر سے بچا لے۔

[1] یہاں اِفْتَحْ کا لفظ ہے جس کے معنے ’’فیصلہ کر‘‘ کے ہیں۔ لیکن چونکہ اس کا مفعول فَتْحًا آیا ہے ہم نے ’’قطعی فیصلہ کر‘‘ کے الفاظ سے ترجمہ کیا ہے۔

پس ہم نے اس کو اور جو اس کے ساتھ ایمان لائے تھے، ایک بھری [2]ہوئی کشتی کے ذریعہ (شرسے) بچالیا۔

[2] اَلْمَشْحُوْن کا لفظ بھری ہوئی کشتی پر دلالت کرتا ہے۔ مگر بھری ہوئی کشتی میں تو اور سوار نہیں ہو سکتے درحقیقت عربی زبان کا محاورہ ہے کہ کبھی کسی چیز کو اس حالت کے مطابق نام دے دیتے ہیں جو اس پر وارد ہونے والی ہو۔ پس چونکہ وہ کشتی حضرت نوح علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں سے بھر جانے والی تھی۔ اس لئے کہہ دیا کہ بھری ہوئی کشتی کے ذریعہ نجات دی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی