۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر, حصہ 11
پھر اس کے بعد جو باقی لوگ تھے ان کو غرق کر دیا۔
اس میں ایک بہت بڑا نشان تھا مگر ان (کافروں) میں سے اکثر ایمان لانے پر آمادہ نہیں تھے۔
اور تیرا رب ہی غالب (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔
(اسی طرح) عاد نے بھی رسولوں[1] کا انکار کیا۔
[1] قرآن کریم نے باربار ایک رسول کے انکار کو سب رسولوں کا انکار قرار دیا ہے جس سے اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ سب رسول ایک منہاج نبوت کے مطابق آتے ہیں پس جب منہاج نبوت کی موجودگی میں ایک رسول کا انکار کیا جائے تو اس سے نتیجہ نکلتا ہے کہ اگر منکر پہلے کسی رسول کے وقت میں ہوتا تو وہ اس کا بھی انکار کرتا۔ کیونکہ جو دلائل اس کی صداقت کے تھے وہی دلائل اس موجودہ رسول کی صداقت کے ہیں۔
جبکہ ان سے ان کے بھائی ہود نے کہا، کیا تم تقویٰ نہیں کرتے۔
میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر ہو کر آیا ہوں۔
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور میری اطاعت کرو۔
اور میں تم سے اس (خدمت) پر کوئی اجر نہیں مانگتا۔ میرا اجر صرف رب العالمین خدا کے ذمہ ہے (جس نے مجھے بھیجا ہے)۔
کیا تم ہر ٹیلہ پر فضول کام کرتے ہوئے (یادگار) عمارت بناتے ہو۔
اور تم بڑے بڑے محل بناتے ہو، تا کہ تم ہمیشہ قائم رہو۔
اور جب تم (کسی کو) پکڑتے ہو تو تم ظالموں[2] کی طرح پکڑتے ہو۔
[2] جَبَّار کا لفظ جب اللہ تعالیٰ کے لئے استعمال ہو تو اس کے معنے مصلح کے ہوتے ہیں لیکن جب انسانوں کے لئے استعمال ہو تو اس کے معنے دوسرے کو نیچے گرا کر آپ ترقی کرنے کے ہوتے ہیں (مفردات) پس ہم نے ترجمہ ’’ظالم‘‘ کا کیا ہے۔
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور میری اطاعت کرو۔