۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 14

اور تم اس (اونٹنی) کو کوئی نقصان نہ پہنچانا ورنہ ایک بڑے دن کا عذاب تم کو آپکڑے گا۔

(یہ سن کر بھی) انہوں نے اس (اونٹنی) کی کونچیں کاٹ ڈالیں اور (پھر) شرمندہ ہو گئے۔

تب ان کو (موعود[2]) عذاب نے آپکڑا۔ اس میں یقیناً ایک بہت بڑا نشان تھا لیکن ان میں سے اکثر مومنوں میں شریک نہ ہوئے۔

[2] اَلْ کے معنے موعود کے کیے گئے ہیں۔

اور تیرا رب یقیناً غالب (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔

لوط کی قوم نے بھی رسولوں کا انکار کیا۔

جبکہ ان کے بھائی لوط نے کہا۔ کہ کیا تم تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔

میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر بنا کر بھیجا گیا ہوں۔

پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔

اور میں اس (کام) کے بدلہ میں تم سے کوئی اجرت نہیں مانگتا۔ میرا اجر تو صرف رب العالمین کے ذمہ ہے۔

کیا تمام مخلوقات میں سے تم نے نروں کو اپنے لئے چنا ہے۔

اور تم ان کو چھوڑتے ہو جن کو تمہارے رب نے تمہاری بیویوں کی حیثیت سے پیدا کیا ہے (صرف یہی نہیں کہ تم ایسا فعل کرتے ہو) بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) تم (انسانی فطرت کے) تقاضوں کو ہر طرح توڑنے والی قوم ہو۔

انہوں نے کہا، اے لوط! اگر تو باز نہ آیا تو تو ملک بدر کیے جانے والوں میں شامل ہو جائے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی