۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر, حصہ 15
(لوط نے) کہا (بہرحال) میں تمہارے عمل کو نفرت سے دیکھتا ہوں۔
اے میرے رب! مجھے اور میرے اہل کو ان کے اعمال سے نجات دے۔
پس ہم نے اس کو اور اس کے اہل کو سب ہی کو نجات دی۔
سوائے ایک بڑھیا کے جو پیچھے رہنے والوں میں شامل ہو گئی۔
پھر (لوط کو نجات دینے کے بعد) سب دوسروں کو ہم نے ہلاک کر دیا۔
اور ہم نے ان پر (پتھروں کی) بارش برسائی۔ اور جن کو (خدا کی طرف سے) ہوشیار کر دیا جاتا ہے (لیکن پھر بھی باز نہیں آتے) ان پر برسائی جانے والی بارش بہت بری ہوتی ہے۔
اس واقعہ میں یقیناً ایک بڑا نشان تھا۔ لیکن ان (کفار) میں سے اکثر پھر بھی مومن نہ بنے۔
تیرا رب یقیناً وہ ہے جو غالب (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔
بَن[1] کے رہنے والوں نے بھی رسولوں کا انکار کیا تھا۔
[1] دیکھئے سورۂ حجر آیت ۷۹۔
جب کہ ان سے شعیب نے کہا کہ کیا تم تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔
میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر کی حیثیت سے آیا ہوں۔
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور میری اطاعت کرو۔[2]
[2] اس آیت سے پہلی کئی آیات میں اللہ تعالیٰ کے تقویٰ کا ذکر کیا جا چکا ہے اب اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا تقویٰ تبھی کامل ہوتا ہے جب وقت کے رسول کی اطاعت کی جائے۔ کیونکہ اس کے ذریعہ سے خداتعالیٰ کی مرضی کا پتہ لگتا ہے۔